جہانگیر ترین کے بعد تین وفاقی وزراء بھی اب عمران خان کے قریبی ساتھی نہیں رہے: انصار عباسی


ممتاز صحافی انصار عباسی نے تحریک انصاف کے اندرونی ذرائع کے حوالے سے اہم انکشافات کئے ہیں۔ انصار عباسی نے لکھا ہے کہ عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں اب جہانگیر ترین، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری جیسے لوگ شامل نہیں۔ وزیروں، مشیروں اور پارٹی سے تعلق رکھنے والوں میں اگر کوئی عمران خان کے واقعی قریب ہے تو وہ زلفی بخاری ہیں جن کو وزیراعظم کی قربت کی وجہ سے کابینہ میں سب سے طاقتور تصور کیا جاتا ہے۔

انصار عباسی نے جہانگیر ترین اور عمران خان میں مبینہ رنجش کے حوالے سے لکھا ہے کہ وزیراعظم کو شک ہے کہ اُن کی حکومت کے خلاف مبینہ سازش کرنے والوں میں تحریک انصاف کے کچھ اندر کے لوگ بھی شامل تھے۔ تحریک انصاف ہی کے کچھ لوگ عثمان بزدار کے خلاف مہم جوئی کے پیچھے تھے بلکہ ایک وفاقی وزیر (فواد چوہدری) کو بھی مبینہ طور پر اُنہی افراد نے بزدار کے خلاف بولنے پر اُکسایا۔ خیبر پختونخوا میں عاطف خان گروپ کے پیچھے بھی مبینہ طور پر یہی لوگ شامل تھے۔

انصار عباسی نے حکمران جماعت کے ایک اور رہنما کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ جہانگیر ترین کے معاملے میں کچھ نہ کچھ دوریاں ضرور پیدا ہو گئی ہیں۔ اگرچہ ان الزامات کی حتمی تصدیق ممکن نہیں لیکن ایک بات طے ہے کہ حکمران پارٹی کے معاملات بہت گڑبڑ ہیں۔ اوپر سے اتحادیوں نے تحریک انصاف کی حکومت کے لیے مزید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔

انصار عباسی نے ایک وفاقی وزیر کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان ایک مشکل صورت حال سے دوچار ہے۔ ایک طرف عمران خان کے سوا کوئی دوسرا سیاسی آپشن موجود نہیں تو دوسری طرف معیشت اور طرزِ حکمرانی کے معاملات سنبھلنے کا نام نہیں لے رہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments