حکومتی اتحاد کی ناراضگیوں کا فیصلہ کوئی اور کرے گا: اعتزاز احسن


پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ حکومتی اتحاد کی ناراضگیوں کا فیصلہ کوئی اور کرے گا۔ حکومت سے ملک کی معیشت سنبھل نہیں رہی۔ عوام مہنگائی کے باعث حکومت سے تنگ آ چکے ہیں۔ گیس، بجلی اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ منی بجٹ ہے جو حکومت ہر ماہ پیش کرتی ہے۔ نواز شریف کے دور حکومت میں بھی ہر ماہ منی بجٹ آتے رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ یہ امر قابل تشویش ہے کہ پاکستان میں اقتصادی اور معاشی فیصلے زیادہ تر ایسے لوگ کرتے ہیں جن کی ملازمتیں ملک سے باہر ہیں۔ بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ ان کا مستقبل جڑا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کی بدقسمتی ہے کہ یہاں معین قریشی اور شوکت عزیز جیسے درآمد شدہ وزرائے اعظم نے حکومت کی۔ معین قریشی پاکستان میں درآمد کیے گئے اور واپس چلے گئے۔ شوکت عزیز درآمد کیے جانے کے بعد حکومت کر کے بھاگ گئے اور پھر کبھی واپس نہیں آئے۔ شوکت عزیز پاکستان کو برباد کرنے کے لئے آئے تھے۔

چوہدری اعتزاز احسن نے مریم نواز کو ملک سے باہر بھجوانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کسی ملزم کو بیرون ملک کسی کی تیمار داری کے لئے جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ مریم نواز کو باہر بھجوانا ہے تو اس کے لئے نیا قانون بنانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کوآپریٹو سکینڈل میں ملوث رہا۔ جس میں اس کے حق میں فیصلہ دیا گیا۔ فیصلہ دینے والے تینوں ججز کو سپریم کورٹ بھیج دیا گیا جب کہ فیصلہ دلوانے والوں سے کسی نے نہیں پوچھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments