اسلامی سزاؤں کو ظلم و بربریت کہنے والے خود ظالم ہیں: وزیر مملکت علی محمد خان کا فواد چوہدری کو جواب


وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے سرعام پھانسی کی قرارداد کی مذمت کرنے پر وفاقی وزیر فواد چوہدری پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ علی محمد خان نے ٹوئٹ پر فواد چوہدری کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ اللہ الحق ہے اور اس کا حکم بھی الحق ہے، اسلامی سزاؤں کو ظلم و بربریت کہنے والے خود ظالم ہیں۔

علی محمد خان نے قبائلی معاشرہ پر فواد چوہدری کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی معاشرہ دنیا کا سب سے مہذب معاشرہ ہے جہاں عورت کی عزت، بڑوں کا ادب اور پختون ولی ہے، جہاں سر قربان کیا جاتا ہے لیکن عزت نہیں قربان کی جاتی، مجھے اپنے قبائلی معاشرہ پر فخر ہے۔

وزیر مملکت نے کہاکہ کوئی کچھ بھی کہے جو اللہ کا حکم ہے اس پر عمل ہونا چاہئے۔ جس کی زینب شہید ہوتی ہے، اسی کو اس درد کا علم ہے۔ ایسے ظالم درندوں کیلئے ایک ہی سزا ہے جس سے دیگر درندوں کو مضبوط پیغام ملے گا کہ پاکستانی قوم اپنے بچوں کی بے حرمت شدہ لاشیں مزید برداشت نہیں کر سکتی۔

علی محمد خان نے قرارداد کی منظوری پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اسے قومی اسمبلی کی تاریخ کا ایک اہم دن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پہلے اس سزا کا مطالبہ کر چکے تھے اب بلاول بھٹو بھی تائید کریں۔

Facebook Comments HS