چوہدری نثار کی لندن روانگی: کیا نواز شریف سے ملاقات ہو پائے گی؟


سینئر سیاستدان چوہدری نثار علی خان منگل کو برطانیہ روانہ ہوں گے جہاں وہ اپنا طبی معائنہ کرائیں گے۔ وہ لندن میں ایک ہفتہ قیام کریں گے۔

قریبی ذرائع کے مطابق چوہدی نثار علی خان گزشتہ دو ماہ سے لندن جانے کا پروگرام بنا رہے تھے لیکن لندن میں ان کی سیاسی ملاقاتوں کا کوئی امکان نہیں۔ بعض سیاسی حلقوں میں چوہدری نثار علی خان کے دورے کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ لندن میں چوہدری نثار علی خان کی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کا امکان ہے۔ اس سے قبل بھی جب چوہدری نثار علی خان لندن گئے تھے تو انہوں نے اسحاق ڈار سے ملاقات کی تھی ۔

قبل ازیں ایک ٹی وی چینل نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور سینئر سیاستدان چودھری نثار کے درمیان صلح کے لئے آخری کوشش کے طور پر اسحاق ڈار متحرک ہو گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں چودھری نثار کی رواں ہفتے لندن روانگی کی اطلاعات ہیں جبکہ شہباز شریف، اسحاق ڈار پہلے سے وہاں موجود ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے مریم نواز کے لندن جانے کا فیصلہ رواں ہفتے متوقع ہے۔ ریلیف ملنے کی صورت میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز فوری لندن جائیں گی۔ دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق چودھری نثار کی لندن میں نواز شریف کے ساتھ ملاقات کی کوشش کی جائے گی جس کے لئے شہباز شریف اور اسحاق ڈار راہ ہموار کر رہے ہیں۔ اسحاق ڈار، چودھری نثار کو مشورہ دیں گے کہ وہ نوازشریف کی عیادت کے لئے ان کی رہائش گاہ پر جائیں اور بیگم کلثوم کی وفات پر ان کے ساتھ تعزیت کریں۔ اگر چودھری نثار اس پر راضی ہوگئے تو برف پگھلنا شروع ہو جائے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments