کیماڑی میں زہریلی گیس کسی جہاز سے نہیں، زمین سے پر اسرار طور پر نکلی: وفاقی وزیر علی زیدی نے بھارتی سازش کا عندیہ دے دیا
کراچی میں کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے چھ افراد کی ہلاکت کے بعد پولیس کا حکام کا کہنا تھا کہ زہریلی گیس کسی بحری جہاز سے آئی ہے جس سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد متاثر ہو رہی ہے۔ ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ گیس کسی بحری جہاز سے نہیں بلکہ زمین سے پر اسرار طور پر نکلی ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جس جہاز کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے وہ سویا بین کا جہاز تھا جوکہ ملائیشیاء کا جہاز ہے، جہاز کا نام ہرکولیز ہے۔ اس جہاز کا گیس کے اخراج سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ علی زیدی نے بتایا کہ ابھی تفتیش کا عمل جاری ہے، تفصیلی رپورٹ سامنے آتے ہی سب کے سامنے رکھ دی جائے گی۔ گیس نکلنے کے مرکز کے بارے میں بتاتے ہوئے علی زیدی کا کہنا تھا کہ گیس کا مرکز ریلوے کالونی میں موجود جیکسن مارکیٹ کے قریب ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر نے اس میں بھارت کی سازش ہونے کا بھی عندیہ دیا ہے۔
وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ کیماڑی میں چھ افراد کے جاں بحق ہونے کا سن کرافسوس ہوا، واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی۔ ترجمان کے پی ٹی شارق فاروقی کا کہنا ہے کہ پورٹ میں کسی قسم کی زہریلی گیس کا اخراج نہیں ہوا۔ پولیس ذرئع کے مطابق متاثرین کا کہنا ہے کہ زہریلی گیس کا اخراج کیمیکل سے بھرے کنٹینروں سے ہوا ہے۔
ہسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر فہیم کا کہنا ہے کہ زیرعلاج افراد کو سانس لینے میں دشواری ہے اور پیٹ درد کی شکایت ہے۔ ڈاکٹرز تمام افراد کو طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔


