عمر اکمل نے بکی سے رابطے کا اعتراف کرلیا


پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی عمر اکمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے معطلی کے بعد بکی سے ملنے کا اعتراف کر لیا ہے۔

پی سی بی انتظامیہ نے پی ایس ایل فائیو کی افتتاحی تقریب اور میچ والے دن صبح میں اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کو رپورٹ نہ کرنے پر ٹھوس شواہد سامنے آنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم کے اہم رکن عمر اکمل کو معطل کر کے ان کے لیگ میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ عمر اکمل نے معطلی کے بعد اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ عمر اکمل کی بکی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے پاس موجود ہے، جس کے بعد ہی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت انہیں معطل کیا ہے۔

دوسری جانب پی سی بی کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک عمر اکمل کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ اس وقت معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں لہٰذا اس واقعے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں کریں گے۔

اس تمام صورتحال کے بعد عمر اکمل کو جمعرات کو پہلی دستیاب فلائٹ سے کراچی سے لاہور روانہ کر دیا گیا تھا اور ان کی جگہ کوئٹہ کی ٹیم میں آل راؤنڈر انور علی کو شامل کیا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments