اگر نوازشریف نے واپسی کا فیصلہ کر لیا تو حکومت کے ہاتھ پاؤں پھول جائیں گے: احسن اقبال
پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں عوام نوازشریف کو جھولیاں بھر کر ووٹ دیں گے، حکمرانی کے کورونا وائرس کا واحد علاج رواں سال میں صاف شفاف الیکشن ہے، پارلیمان کے اندر اور باہر احتجاج جاری رکھیں گے۔
انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ عمران خان ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ تقسیم کرنے والا لیڈر ہے۔ عمران خان فارن فنڈگ کیس میں اپنا دامن صاف کیوں نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے پاکستان پر اسٹریٹجک پروگرام کمپرومائز کرنے کا دباؤ ڈالا جائے گا۔
واحد راستہ نیشنل ڈائیلاگ کے ذریعے 10 سال کے روڈ میپ پر اتفاق کرنا ہے۔ میری ذاتی رائے ہے کہ حکومت کو آئندہ بجٹ بنانے کا موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو حکمرانی کا کورونا وائرس کھا رہا ہے، حکمرانی کے کورونا وائرس کا واحد علاج فوری صاف شفاف الیکشن ہے، اس سال صاف شفاف الیکشن کرائے جائیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ پارلیمان کے اندر اور باہر احتجاج جاری رکھیں گے۔
آئندہ انتخابات میں عوام نوازشریف کو جھولیاں بھر کے ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ احسن اقبال نے بتایا کہ نواز شریف بہت خود دار انسان ہیں، اگر حکومت نے ان کی صحت کے بارے کوئی بات کی تو وہ پاکستان واپس آنے کا کہہ دیں گے۔ اگر نوازشریف نے واپسی کا کہہ دیا تو حکومت کے ہاتھ پیر پھول جائیں گے، پھر حکومت نوازشریف کو لندن ایئرپورٹ پر روکے گی کہ علاج مکمل کرکے واپس آئیں۔


