نوازشریف کی بیماری پر فردوس عاشق اور ڈاکٹریاسمین راشد آمنے سامنے آگئیں


معاون خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نوازشریف کی بیماری فکس میچ ہے، ذمہ داروں کو بےنقاب کیا جائے گا۔ دوسری طرف وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ بالکل درست تھی، آج بھی میڈیکل رپورٹ پر قائم ہوں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نوازشریف کی بیماری پر معاون خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان اور وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد آمنے سامنے آگئیں۔ تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آئندہ ہفتے نواز شریف کی واپسی کے لیے وفاقی حکومت، برطانیہ کو خط لکھے گی اور اس حوالے سے اپنا لائحہ عمل واضح کرے گی۔

میڈیا سے بات چیت کے دور ان ایک صحافی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت کو تمام قانونی تقاضے پورے کرکے نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کے لیے تجویز موصول ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت برطانیہ سے نواز شریف کو ڈی پورٹ کرنے کیلئے خط لکھنے جارہی ہے اور اس حوالے سے آئندہ ہفتے متعلقہ ادارے کو خط لکھیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے وفاقی حکومت اپنا لائحہ عمل آئندہ ہفتے واضح کرے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ یہ فکس میچ تھا جو مختلف میڈیا ہاؤسز کے ساتھ کھیلا گیا تھا، سنسنی پھیلا کر بریکنگ نیوز دے کر یہ تاثر پیش کرنے کی کوشش کی گئی تھی کہ اگر حکومت نے نواز شریف کو اجازت نہ دی تو ان کی جان جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاثر کو پیدا کرنے میں جولوگ ملوث ہیں، انہیں بے نقاب کریں گے۔ دوسری جانب وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ بالکل درست تھی، مجھے پنجاب کے ڈاکٹرز کی ٹیم پر اعتماد ہے، ڈاکٹرز نے نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی کمی دیکھ کر رپورٹ بنائی، میں آج بھی ڈاکٹرز کی میڈیکل رپورٹ پر قائم ہوں۔

Facebook Comments HS