اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں مسئلہ کشمیر، ذرائع ابلاغ اور نوجوان کے موضوع پر مکالمہ


بہاولپور میں قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں کی مشترکہ کانفرنس کے شرکاء نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پراجاگر کرنے میں ریڈیو پاکستان کے کردارکی تعریف کی۔ مسئلہ کشمیر، مواصلاتی روابط کا ذریعہ سوشل میڈیا اور نوجوان کے موضوع پر کانفرنس کا اہتمام اسلامیہ یونیورسٹی نے بہاولپور کے پہلے ادبی و ثقافتی میلے کے تحت کیا تھا۔ معروف صحافی وجاہت مسعود، ریڈیوپاکستان کے ڈائریکٹر نیوز اینڈ کرنٹ آفیئرز عبدالہادی مایار، کالم نگار نعیم مسعود، دانشور شیریں گل اور مورخ پروفیسر ڈاکٹر آفتاب گیلانی نے کانفرنس میں شرکت کی جبکہ کانفرنس کی نظامت ریڈیوپاکستان کے بہاولپور کے ڈپٹی کنٹرولر نیوز سجاد پرویز نے کی۔

معروف صحافی وجاہت مسعود نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائی جانے والی جھوٹی اور اصل خبروں کے درمیان واضح فرق کریں اور اپنی آزاد اور غیرجانبدار رائے کے ذریعے سچائی پر مبنی خبر کا پتہ چلائیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زوردیا کہ وہ معاشرے میں امن اور روداری کے فروغ کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔

معروف کالم نویس نعیم مسعود نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ جدید تعلیم حاصل کریں تاکہ عصرحاضر کے تقاضوں سے عہدہ برآ ہوسکیں۔ معروف دانشور شیریں گل نے شہریوں کے مسائل پرمبنی صحافت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اسے مختلف سماجی، ثقافتی اور سیاسی مسائل کو سوشل میڈیا کے ذریعے موثر طورپر اجاگر کرنے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے شعبے کے ڈائریکٹر عبدالہادی مایار نے شرکاء کو خصوصاً بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے تناظرمیں کشمیر کاز کو فروغ دینے میں ریڈیو پاکستان کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کیلئے اطلاعات کا واحد ذریعہ بن گیا ہے کیونکہ بھارت نے مقبوضہ وادی، لداخ اورجموں میں تمام میڈیا چینلز اور معلومات کے دیگر ذرائع بند کردئیے ہیں۔

مورخ پروفیسر ڈاکٹر آفتاب احمد گیلانی نے مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوئوں اورآزادی کے وقت سابقہ بہاولپور ریاست کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ بعد میں اسلامیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے شرکاء کا شکریہ اداکیا۔ انہوں نے شرکاء اور میڈیا کانفرنس کے میزبان میں شیلڈز تقسیم کیں۔ میڈیا کانفرنس میں طلباء کی بڑی تعداد عملے کے ارکان اور بہاولپور کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments