فوج کوبلایا نہ مداخلت ہوگی عمران بنی گالہ سے نکل کر سڑکوں پر طاقت دکھائیں: خواجہ آصف


\"khawaja-asif\"

اسلام آباد (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع ، پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ فوج کو بلایا ہے نہ ہی مداخلت ہوگی، واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ریاست کی رٹ کو کوئی کمزور نہیں کرسکتا، نئے آرمی چیف کی تعیناتی میں ابھی وقت ہے ، ابھی سمری وزیراعظم کو نہیں بھیجی، پاک فوج 2008ء سے جمہوریت کی حمایت کر رہی ہے، 2014ء کے دھرنے کے انجام سے واضح ہو گیا کہ پاک فوج جمہوریت کے ساتھ ہے، نوازشریف نے بھی عدلیہ بحالی کیلئے بیریئر توڑے اور سڑکوں پر آئے لیکن عمران خان چھپ کر بیٹھ گئے ہیں، پش اَپ لگانے سے کوئی لیڈ ر نہیں بن جاتا، پچھلی دفعہ لچک دکھائی تھی اب رسک نہیں لیں گے، دھرنا احتجاج تک محدود ہوتو ضرورہوگا، فساد نہیں کرنے دیں گے، وزیراعظم کے کوہاٹ جلسے پر 400 مسلح افراد نے حملہ کیا، ہوائی فائرنگ کی گئی ،جلسے پر پتھرائو کے وقت صوبائی پولیس غائب ہوگئی، تحریک انصاف کے دھرنے کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ نہیں ، وزیراعظم کے ڈگڈی بجانے اور ناچنے سے متعلق دونوں اشارے عمران خان کیلئے تھے، پرویز رشید کا قومی سلامتی کے منافی خبر سے کوئی تعلق نہیں ، انہیں عہدے سے اسلئے ہٹایا گیا کہ یہ تاثر نہ جائے کہ تحقیقات پر اثر انداز ہوا جا رہا ہے۔ وہ پیر کو سرکاری اور نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے 2014ء کے دھرنے اور موجودہ صورتحال میں بہت فرق ہے ، جب ہم نے پیچھے ہٹنے اور تحریک انصاف کو دھرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا لیکن اس سے حکومت کو اخراجات کی مد میں کافی نقصان ہوا، دھرنے سے ملکی معیشت کو بھی نقصان پہنچا، چینی صدر کا دورہ تاخیر کا شکار ہوا لیکن اس دفعہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تحریک انصاف کو لاک ڈائون کی اجازت نہیں دیں گے، انہوں نے کہا تحریک انصاف دھرنا احتجاج تک ہے تو شوق سے کریں لیکن اگر اسلام آباد کو مفلوج کرنا چاہتے ہیں تو ایسا ہم ہرگز نہیں ہونے دیں گے ، پی ٹی آئی کا تماشا جلد اختتام پذیر ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور مسلح افواج ایک صفحے پر ہیں، فوج نے دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لئے گزشتہ ڈھائی سالوں میں بے پناہ قربانیاں دیں ، جنرل (ر) ظہیر الاسلام ماضی کا حصہ بن گئے ، میری نظر میں انکی کوئی اہمیت نہیں ، جمہوریت کیلئے جنرل راحیل شریف اور اشفاق پرویز کیانی کا اہم کردار ہے۔ پاک فوج 2008ء سے جمہوریت کی کو سپورٹ کر رہی ہے۔ وزیر دفاع نے عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہ ہمت ہے تو سڑکوں پر آئو، اپنی طاقت دکھائو، چھپ کر کیوں بیٹھے ہو، لیڈر نوازشریف جیسا ہوتا ہے جو عدلیہ تحریک کے لئے نکلا تو لوگوں کا سمندر سب کچھ بہا کر لے گیا اور جنرل کیانی کو مداخلت کرنا پڑی ، نوازشریف کے گوجرانوالہ پہنچنے تک عدلیہ بحال کرنا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز عمران خان کا ایک وزیر سڑکوں پر بھاگتا نظر آیا، دوسرا چھپ رہا ہے ،12آدمی بنی گالہ میں چھپ کر بیٹھے ہیں ، سڑکوں پر آکر اپنی اوقات دکھائیں۔ ہائیکورٹ نے انہیں اجازت دی ہے کچھ کر کے تو دکھائیں۔ انہوں نے کہا جتنا میں جنرل راحیل شریف کو جانتا ہوں انہوں نے تین سالوں میں بہت عزت کمائی جو ان کی میراث ہے ، وہ اس عزت کو برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف پاکستان کے تیسری دفعہ منتخب وزیراعظم ہیں ، وہ ایسے لوگوں کے کہنے پر کیوں گھر چلے جائیں ، عدالت نے واضح احکامات دئیے کہ یہ پر امن احتجاج ہوگا، اگر پھر بھی نہ مانے تو آئین اور قانون کے تحت انکو روکیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments