بنوں میں کورونا وائرس پر طنزیہ نغمہ بنا کر لوگوں کو گمراہ کرنے والے دو تبلیغی مولوی گرفتار


کورونا وائرس کے شدید خدشات کے باوجود بنوں میں دو روز قبل تک تبلیغی جماعت کے اجتماعات ہوتے رہے۔ بنوں کے تبلیغی مرکز کے طلبا نے ایک نغمہ تیار کیا جس میں کورونا وائرس پر طنز کرتے ہوئے اسے مذاق قرار دیا گیا تاہم انتظامیہ نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرکے دو تبلیغی مولویوں کو حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع بنوں میں ہی ایک تقریب کے دوران بنائی گئی ویڈیوگزشتہ دو دن سے سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی تھی جس میں دو مولویوں نے پشتو میں نظم گاتے ہوئے کرونا وائرس کو پراپیگنڈہ قرار دے کر لوگوں کو حکومت کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر نہ اپنانے پر اکسایا گیا۔ اس پر مقامی پولیس نے ذمہ دار افراد کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں مولویوں نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کا کہا اور پشتو میں گائی گئی اپنی نظم میں یہ بھی کہا کہ کرونا وائرس کی افواہ فتنہ ہے ۔اس نغمے کا ڈپٹی کمشنر بنوں محمد زبیر خان نے نوٹس لیا اور تھانہ گلی میں مقدمہ درج کرکے تین لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کی جانب سے گرفتار کیے گئے افراد میں سٹوڈیو کا مالک سجاد اور نظم گانے والے مولوی عبدالجلیل اور مولوی بلال شامل ہیں جن کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں سے بتایا جا رہا ہے۔

روز نامہ دی نیوز کے مطابق تبلیغی جماعت نے شب جمعہ کے موقع پر جمعہ سے اتوار تک مردان سنٹر میں اجتماع منعقد کیا۔ اس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی اور اکٹھے ہی تقریریں سنیں، کھانے کھائے اور ایک ساتھ سوئے۔ مردان میں ایک شہری کی ہلاکت کے باوجود احتیاطی تدابیر کے بارے میں سوال پر ایک تبلیغی نے بتایا کہ ہمیں اللہ پر بھروسہ ہے اور ان میں سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچ سکتا۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ وہ ہزاروں دیگر افراد کے ساتھ تبلیغی مرکز رائیونڈ میں چالیس روز گزار چکا ہے اور بڑے پیمانے پر کوئی احتیاطی تدابیر نہیں اپنائی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق اس نے دعویٰ کیا کہ رائیونڈ مرکز میں موجود کسی شخص کو تاحال کورونا مرض لاحق نہیں ہوا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments