کرونا کے خلاف جنگ میں آپ کا تعاون اہم ہے


پاکستان میں کرونا کے خلاف کیے جانے والے اقدامات یقینا نہایت احسن ہیں اور حکومت سندھ کے بروقت کیے جانے والے اقدامات تو نہایت قابل تعریف ہیں۔ دنیا بھر میں کرونا کے خلاف لڑی جانے والی جنگ میں کامیابی فقط کامیاب لاک ڈاون ہی سے حاصل ہوسکتی ہے اور سندھ حکومت نے جس برق رفتاری سے لاک ڈاون اور وبائی مرض کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اقدامات کیے وہ قابل تحسین ہیں۔ لیکین کسی بھی جنگ میں کامیابی کے لیے چند شرائط لاز م قرار پاتی ہیں۔

کرونا کے خلاف لڑی جانے والی اس جنگ میں عوامی تعاون لازم ہے۔ دنیا بھر میں جس طرح کرونا کے خلاف اقدامات کیے گئے ان میں چائینہ میں ہونے والے اقداما ت ہمارے لیے باعث تقلید ہیں۔ ہم اپنی صوبائی اور وفاقی حکومتوں سے لاکھ شکوہ کریں کہ ہمارے پاس کل وینٹیلیٹرز کی تعداد اتنی کم کیوں ہے؟ آخر کیا وجہ ہے کہ صحت کے شعبہ میں یہ خامیاں باقی رہ گئی؟ صحت کے بجٹ پر حکومت کو لاکھ طعنہ دیں لیکین ایک مرتبہ اپنے گریبان میں بھی جھانک کر دیکھئے۔

چائینہ میں صرف ایک اعلان پر عوام اپنی تمام تر مصروفیات کو ترک کرکے گھروں میں محصور ہوگئے۔ احتیاطی تدابیر پر من و عن عمل کیا گیا اور سب نے مل کر کرونا جیسے مہلک وبائی مرض کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا آئیے ہم اپنا تجزیہ کریں ہمارے ہاں کرونا کہ پہلے کیس کے ساتھ ہی نت نئے اور جدید ٹوٹکوں سے کرونا کو شکست دینے کی کوشش کی گئی اس ضمن میں سوشل میڈیا پر کئی قیمتی نسخہ فی سبیل اللہ تقسیم ہونے لگے مگر کسی نے یہ نہیں سوچا کہ کرونا وائرس نے صرف انسانی جانوں کو ہی متاثر نہیں کیا بلکہ اس وبائی وائرس کے سبب عالمی معیشت کو بھی ایک شدید دھچکا لگا ہے۔

دنیا کے تمام طبعی ماہرین اورماہرین ادویات ساز ی اس وائرس کا توڑ ڈھونڈنے سے اب تک قاصر رہے اس لیے ہمارا اپنے پیاز، لہسن اور ادرک سے تیار کردہ معجونات سے اس وائرس کا توڑ ڈھونڈنے سے بہتر ہے کہ حکومتی ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے ہماری تھوڑی سی لاپرواہی ناصرف ہمیں بلکہ ہمارے ساتھ ساتھ ہمارے اہل خانہ اور معاشرہ کے دیگر افراد کو بھی اس مہلک وبائی مرض کا شکار کرکے بڑی مشکل میں ڈال سکتی ہے۔ اس مرض سے بچنے کے لیے احتیاط ہی واحد علاج ہے۔

مگر بار بار ماہرین طب کی جانب سے توجہ دلانے کے ہم احتیا طی تدابیر کی جانب جانے سے کتراتے ہیں اور پھر بلآخر حکومت کو سخت فیصلے لینا پڑے پہلے حکومت سند ہ اور پھر دیگر تمام صوبوں کو بھی باقاعدہ لاک ڈاون کے جانب جانا پڑا۔ لیکین افسوس نہ جانے وہ کون سے ضرور ی کام ہیں جو ہمیں گھر پر رکنے نہیں دیتے۔ لاک ڈاون کے پہلے ہی دن ایسی کئی ویڈیوز نظر سے گزری جس میں قانون نافذ کرنے والے ادارے، پیار، محبت، اور سختی تمام حربے آزماتے دکھائی دیے مگر کئی لوگ پھر بھی ماننے کو تیار دکھائی نہ دیتے تھے۔

اب تک کئی افراد کو لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا جاچکا ہے۔ کیا ہم تب خوش ہوں گے جب حکومت ہمیں قسمت کے سہارے چھوڑدے۔ ٹھیک ہے احتیاط نہ کریں آپ لاک ڈاون کو معمول کی چھٹیاں سمجھیں گلیاں آباد کریں، کرکٹ کھیلیں جس نے مرنا ہوگا مرجائے گا۔ ہمارے وہ لوگ جو لاک ڈاون کی خلاف ورزی کررہے ہیں خدارا ہوش کے ناخن لیں آپکی معمولی سی نقل و حرکت خدا نخواستہ ساری محنت ضائع کرسکتی ہے۔ اگر ہم سب سیلف ڈسیپلینڈ یعنی کے خود سے نظم و ظبط کے عادی ہوجائیں تو ہم بہت جلد اس مرض پر قابو پاسکتے ہیں کرونا کے خلاف جنگ میں مل کر آگے بڑھیں ماہرین صحت کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر مکمل عمل کریں گھر پررہیں اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں