لاک ڈاؤن: جذبہ حُب الزوجہ اور قیدِ بامشقت


حکومتی لاک ڈاؤن کا اعلان ہوتے ہی بیگم نے لاؤنج میں مشیرِاطلاعات کے انداز میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گھروہ واحد جگہ بلکہ قلعہ ہے جس کی فصیلوں میں ہم سب محفوظ ہیں۔ اس موقع پر جذبہء حُب البیت پرجذباتی تقریر بھی کی اور کہا کہ گھر کا ہر فرد ایک سولجر کی طرح اس محاذ پر خون کا آخری قطرہ بہائے بغیر اپنے فرائض انجام دینے کا پابند ہوگا۔ اس سارے عمل میں آئسولیشن اور جسمانی فاصلہ یعنی keep distance کو ملحوظِ خاطر رکھنا ہوگا بعدازاں کرونا کی ہولناکیاں اور تباہ کاریاں اس طرح بیان کیں کہ مجھ سمیت معصوم بچے بھی سہم گئے۔

مزید کہا کہ دو محاذ اہم ہیں ایک صفائی اور دوسرا کچن، کام والی کو چھٹی دے دی گئی ہے لہذا صفائی کی ذمہ داری گھر کے سربراہ پر ہو گی لیکن میں خود نگرانی کروں گی۔ باقی ہدایات روزانہ کی بنیاد پر جاری کی جائیں گی۔ پھر میری طرف دیکھ کر کہا کہ آپ گھر کے سربراہ ہیں اس موقع پر آپ بھی کچھ فرما دیں۔ پہلے تو میں نے بچوں کی طرف دیکھا جو سہمے ہوئے تھے پھر خود حوصلہ کر کے صرف اتنا کہا ”میرے عزیز گھر والو گھبرانا نہیں“ اتنا کہنا تھا کہ بیگم نے گھوری ڈالتے ہوئے کہا ”ایڈے تسیں وزیرِ اعظم۔“

حالات کی سنگینی کا اندازہ اس وقت ہوا جب بیگم نے الماری سے بیڈ شیٹ اور کمبل نکالا اور کہا کہ keep distance کا تقاضا ہے کہ میں الگ رہوں اور بچوں کے پلے روم میں جارہی ہوں۔ اس پر میں نے کہا کہ اپ بیڈ پر سو جائیں میں صوفے پر دراز ہو جاؤں گا۔ بیگم نے ترنت جواب دیا کہ میں آپ کے جذبہ حُب الزوجہ سے خوب واقف ہوں اور یہ جذبہ کسی بھی وقت بیدار ہو سکتا ہے بہتری اسی میں ہے کہ آئسولیشن میں رہا جائے۔

اس کے جاتے ہی یہ کیا ہو گئی کمرے کی صورت

نہ وہ دیوار کی صورت ہے نہ در کی صورت

اگلی صبح مابدولت بیڈ پر ہی تھے کہ بیگم کی آواز پر آنکھ کھلی نیم دراز آنکھوں اور خوابناکی فضا میں دیکھا کہ بیگم ہاتھ میں مگ لیے سرہانے کھڑی ہیں پوری ازدواجی زندگی میں پہلی بار بیڈ ٹی پانے کے تصور سے کمر کا لحاظ کیے بغیر فوراً چوکڑی مار کر بیٹھے۔ بیگم نے کہا سیدھے باتھ روم میں جائیں اور اُونچی اُونچی آواز میں غرارے کریں نہ کہ سنک میں پانی بہا دیں اور یہ غرارے صبح شام کرنے ہیں۔ ہمارے بچپن میں ٹی وی پر ایک ایڈ آتا تھا صبح بناکا شام بناکا، صحت کا پیغام بناکا، اب کیا ہے صبح غرارے شام غرارے، صحت کا پیغام غرارے۔ غراروں سے مُکتی ملی تھی کہ تولیا پکڑایا اور کہا کہ کچن میں پانی گرم ہے دس منٹ تک اُونچے اُونچے سانس لیتے ہوئے سٹیم لیں۔ ہم نے کہا کہ اُونچے اُونچے سانس صرف پاکستانی فلمی ہیروئین ہی لے سکتی ہیں ہم تو آپ کے کمرے سے جانے کے غم میں صرف آہیں ہی بھر سکتے ہیں۔

ناشتے سے فارغ ہوتے ہی بیگم نے کمانڈر سیف گارڈ بنتے ہوئے صفائی کی ہدایات جاری کیں۔ ہرفرد ایک ایک گھنٹے بعد ہاتھ کلایؤں سمیت دھوئے اس میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔ پھر ڈیٹول اور بلیچ ملے پانی کا محلول دیا کہ سارے گھر کا فرنیچر، قالین، پردے، سیڑھیوں کی ریلنگ اور جہاں جہاں ہاتھ لگنے اور نہ لگنے کا امکان ہے وہاں وہاں اسفنج کا پوچا پھیردیں۔ ہم نے کہا کہ جیلر صاحبہ حکومت نے گھر رہنے کا کہا ہے نہ کہ قیدِ بامشقت کا پروانہ جاری کیا ہے۔ اس سے پہلے کی بیگم کی گھوری کا سامنا ہوتا یہ گنگاتے ہوئے چل دیے۔

جانے کس جرم کی پائی ہے سزا یاد نہیں

بیگم نے سامان کی لسٹ دیتے ہوئے کہا کہ باہر جائیں تو ہاتھوں پر گلوز، چہرے پہ ماسک، آنکھوں پر عینک اور سر پہ ٹوپی ضرور ہو۔ ہم نے عرض کیا اب کان ہی رہ گئے کیا ان میں روئی نہ ٹھونس لیں۔ ایسے موقع پر ہمارے لیے ایک عدد گھوری تیار رہتی ہے سو ہم نے خندہ پیشانی سے سہی۔ سامان لے کر آتے ہی ہاتھ دھونے کا حکم صادر کیا پھر کہا کہ تمام سامان کو سینیٹائز کیا جائے سبزیوں اور پھلوں کو سرکے ملے پانی سے دھویا جائے۔ جب کھانا کھانے بیٹھے تو پتلی شوربے والی دال اور عجیب سی دو روٹیاں، ہم نے سوالیہ انداز میں دیکھا تو گویا ہوئیں صبح جیلر کس کو کہہ رہے تھے اب بھگتیں۔

بیگم نے صاف رہنے کی اتنی بار تلقین کی ہے نفسیاتی مریض کی طرح ہاتھ دھونے کی عادت ہو گئی متعدد بار ہاتھ دھونے سے ہاتھ کیا کلائیاں بھی چٹیاں ہو گئی ہیں اب کہہ سکتے ہیں چٹیاں کلائیاں او بے بی ساڈی چٹیاں کلائیاں۔ بیگم صفائی کے بارے میں بہت کانشیئس ہیں نہ صرف گھرکے اندر بلکہ باہر لان میں سپرے کا اہتمام کرایا مرغیوں کا ایک ڈربہ جس میں پلے ہوئے پانچ موٹے تازے چوزے تھے حکم دیا کہ ان کا دروازہ کھول دیں جہاں چاہیں چلے جائیں بہتیرا کہا کہ ذبح کر کے بھون لیتے ہیں کچھ امیون سسٹم ہی بہتر ہو گا کہنے لگیں نہیں وائرس کا کچھ پتہ نہیں دروازہ کھلتے ہی وہ بھی شاید مالکن کے ڈر سے کہیں نکل گئے۔

حسرت اُن چوچوں پہ ہے جو بِن پکے ہی بھاگ گئے

بیگم نے بطور مشقتی کام لیتے ہوئے نہ صرف گھر کی سیٹنگ چینج کرائی بلکہ کمروں کے پردے بھی تبدیل کرا کر اگلی پچھلی کسریں بھی نکال لیں۔ صفائی ستھرائی کے حوالے سے صرف ہماری نہیں بلکہ بیگم کی سہلیوں کے شوہروں اور بچوں کی بھی شامت آئی ہوئی ہے۔ تمام سہیلیوں نے لاک ڈاؤن کے نام سے ایک واٹس اپ گروپ بنایا جس میں نت نئی حفاظتی تدابیر اور ٹوٹکوں کے حوالے سے روزانہ کا پلان تیار کیا جاتا ہے۔ کچھ شوہروں سے بات ہوئی تو وہ بھی ایسی ہی باتوں کے دکھڑے رو رہے تھے ایک تو کہنے لگا اس کی بیگم نے نمازوں کے ساتھ نوافل بھی ادا کرنے کا کہہ دیا ہے اور تو اور تسبیح پکڑا کر وظیفے بھی شروع کرا دیے ہیں اب جس کا وظیفہ زوجیت موقوف ہوا ہو، وہ کیا وظیفے کرے۔

دوسرا کہنے لگا مشکل حالات سے دوچار ہوں گھریلو سٹاک ایکسچینج بند یعنی مندی کا شکار ہے اسی باعث نقطہ کِھلاؤ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ تیسرے نے دکھڑا رویا کہ اپنی بیگم کو لڈو کھیلنے کی دعوت دی اس نے کہا تمھیں قریب بیٹھنے کا بہانہ چاہیے، لڈو کم کھیلنی ہے لاڈو لاڈو کہہ کر لاڈ کرنے شروع کر دینے ہیں۔

لاک ڈاؤن کی وجہ سے دماغ بھی کمینی کمینی خواہشات کی زد میں ہے گھرکے سامنے ایک خوبصورت حیسنہ جو بزعمِ خود قطرینہ کیف ہے سارا دن بالکونی میں کھڑی رہتی ہے اور لفٹ بھی نہیں کراتی، دل کرتا ہے اس کی ڈور بیل بجاؤں جیسے ہی وہ دروازہ کھولے زور سے چھینک مارکے بھاگ جاؤں اور وہ قطرینہ کم از کم چودہ دن قرنطینہ میں تو رہے۔ پچھلی گلی میں ایک شیخ صاحب رہتے ہیں سلام کا صحیح طرح جواب تک نہیں دیتے جیسے اس میں ان کا کچھ خرچ ہوتا ہے ان کے دروازے پر بھی پانچ چھ استعمال شدہ ماسک پھینک آؤں۔

جب سے لاک ڈاؤن شروع ہوا ہے بیگم طوطا چشم سی ہو گئی ہیں۔ ساتویں روز بیگم کام سے فارغ ٹی وی لاؤنج میں آ کر بیٹھیں تو ہم نے ؐمحبت بھری نظروں سے دیکھا تو بڑی بے اعتنائی دکھائی اور کہا کہ نظریں بھی سینیٹائز ہونی چاہیں پھر منیر نیازی کی زبان میں کہا کہ

محبت اب نہیں ہو گی

یہ کچھ دن بعد میں ہو گی

گزر جائیں گے جب یہ دن

یہ اُس کے بعد میں ہوگی

ہم نے بھی منیر نیازی کی زبان میں ترکی بہ ترکی جواب دیا

اشک رواں کی نہر ہے اور ہم ہیں دوستو

اس بے اعتنا کا گھر ہے اور ہم ہیں دوستو

بیگم نے کہا بیت بازی چھوڑیں اور بچوں کو دیکھیں، ہم نے کہا خود کو دیکھیں کہ بچوں کو دیکھیں

چپکے چپکے رات دن آنسو بہانا یاد ہے

ہم کو اب تک وہ عاشقی کا زمانہ یاد ہے

پندرہویں دن لاک ڈاؤن کے خاتمے کی خبر سُننے کی امید لیے ٹی وی کے سامنے بیٹھے رہے کہ حکومت اعلان کرے۔ اتنی دیر میں بیگم واٹس اپ کال کانفرنس کے بعد گویا ہوئیں کہ لاک ڈاؤن کے متعلق حکومت فیصلہ کرے یا نہ کرے لیکن موجودہ غیر یقینی صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہم سہیلیوں نے فیصلہ کیا ہے گھریلو لاک ڈاؤن غیر معینہ مدت تک بڑھا دیا جائے۔ ہوش اُڑانے والی خبر سُننے کے بعد شوہروں نے بیگمات کی طرف ملتجیانہ میسج بھیجا تو ٹوں ٹوں کرتا میسج آیا۔

فی الحال آپ کو مطلوبہ سہولت میسر نہیں ہے


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments