تبلیغی جماعت لاوارث نہیں، ان کے خلاف پروپیگنڈا بند کیا جائے: پرویز الٰہی


اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ تبلیغی جماعت لاوارث نہیں۔ اس کے خلاف ظلم و زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں مسلم لیگ (ق) کے رہنما کا کہنا تھا کہ تبلیغی جماعت ایک پرامن جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے ساتھ جو زیادتی ہوئی ہے اس سے مجھے دکھ ہوا ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ یہ جماعت پرامن ضرور ہے لیکن لاوارث نہیں ہے۔ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ تبلیغی جماعت ایک لاوارث ہے تو وہ اس کی بھول ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ امن کے داعی ہیں، انہوں نے پرامن تبلیغ کی ہے، وہ دین کے فروغ کے لیے دنیا کے ہر ملک میں گئے ہیں، کسی نے ان کو کبھی نہیں روکا۔

چوہدری پرویز الہٰی نے سوال کیا کہ کیا کورونا تبلیغی جماعت کی وجہ سے یورپ و امریکا میں پھیلا ہے؟ یہ ان عقل کے اندھوں کو سمجھنا چاہیے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے وہ لوگ جو باہر سے آئے ہوئے تھے، انہیں مارا پیٹا گیا، انہیں ہتھکڑیاں لگائی گئیں، انہیں تھانوں میں بند کردیا گیا اور ان کے ساتھ بری طرح زیادتی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا یہ کورونا کے مریض کو ٹریٹ کرنے کا طریقہ ہے؟ کیا انہی لوگوں کے بزرگوں کو کورونا ہوجائے تو کیا وہ اپنے متاثرہ لوگوں کو بھی اسی طرح ڈیل کریں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ میں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اس حوالے سے بات کی، انہوں نے کوشش کی لیکن اس پر عمل نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ میری بات پر عمل کچھ اور ہوا ہے، یہ ایک لمحہ فکریہ ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے تجویز دی کہ تبلیغی جماعت کے لوگوں کو باعزت طریقے سے رائیونڈ بھیج دیا جائے، ان کے کھانے پینے اور علاج و معالجے کا بندوبست بھی کیا جائے۔  پرویز الہٰی نے مطالبہ کیا کہ تبلیغی جماعت کے لوگوں کے ساتھ جو زیادتی ہوئی ہے ان سے معافی مانگی جائے اور جنہوں نے یہ سب کیا ہے انہیں کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کرتا ہوں کہ تبلیغی جماعت کے لوگوں کے ساتھ جو ہوا ہے اس پر نوٹس لیں۔  چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ میں ان تبلیغی جماعت کے لوگوں سے معذرت خواہ ہوں۔ جنہوں نے تبلیغی جماعت کے ساتھ زیادتی کی ہے انہیں سزا ضرور ہوگی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ایک خاص طبقہ تبلیغی جماعت کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے، انہیں یہ بند کرنا چاہیے اور انہیں خدا کا خوف کرنا چاہیے، کیونکہ یہ ایک پرامن جماعت ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ تبلیغی جماعت کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے جھوٹ بول رہے ہیں اور غلط بات کر رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments