کورونا وائرس: اقوام متحدہ کی کمزور معیشتوں میں 10 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کی تجویز


اقوام متحدہ نے کورونا وائرس کے نقصانات سے نمٹنے کیلئے کمزور معیشتوں میں 10 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمزورمعیشتوں کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے پچیس کھرب ڈالر تک کی مدد فراہم کرنا ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق ترقی پذیرممالک میں صحت کے شعبے میں بحران نظر آنا شروع ہو گا۔ اقوام متحدہ نے کورونا وائرس کے نقصانات سے نمٹنے کیلئے 4 نکاتی پلان تجویز کیا ہے جس میں کمزور معیشتوں میں 10 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کی تجویز دی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ کمزورمعیشتوں کو آئی ایم ایف کےذریعہ فنڈنگ فراہم کی جائے اور مشکل صورتحال سے دو چار ممالک سے قرض واپس کو منجمد کیا جائے، اس سے معاشی طور پر کمزور ممالک کو خاطرخواہ ریلیف ملے گا۔

پلان میں کہا گیا ہے کہ قرض پر ویسا ہی فیصلہ لیا جائے، جو دوسری عالمی جنگ میں جرمنی کیلئے لیا گیا تھا، دوسری عالمی جنگ کے بعد جرمنی کا آدھا قرضہ کینسل کردیا گیا تھا، اسی طرز پر رواں سال 10 کھرب ڈالر کے قرضے معاف کئے جانے چاہئیں۔

اقوام متحدہ نے مزید کہا کہ اس کےعلاوہ کمزورممالک میں صحت اورسماجی ریلیف کے پروگرامزمیں 500 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہونی چاہیئے اور ترقی پذیرممالک کی حکومتیں سرمائے کے انخلا کو روکنے کیلئے حکمت عملی تیار کریں۔

تجویز کردہ پلان میں کہا گیا ہے کہ کمزور معیشتوں کو کورونا سے نمٹنے کیلئے مدد میں 25 کھرب ڈالر درکار ہوں گے۔

اس سے قبل سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے کورونا وائرس کو جنگ عظیم دوئم کے بعد سب سے بڑا امتحان قرار دیا تھا۔ اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی حالات سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔

اقوام متحدہ نے مزید کہا کہ کوروناوائرس نقصان سےنمٹنے کے لیے مجموعی طور پر 25 کھرب ڈالر تک کے معاون پیکیج کی ضرورت ہوگی، ترقی پذیر اقوام پاکستان،ارجنٹائن اور افریقہ کے صحرائی ممالک کو ’خوفناک امتزاج‘ کے بحران کا سامنا کرنا پڑے گا۔

خیال رہے کورونا وائرس سے دنیا بھرمیں ہلاک افراد کی تعداد 42 ہزار پانچ سو دس تک پہنچ گئی ہے جبکہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد آٹھ لاکھ باسٹھ ہزار چار سو پچانوے ہے۔

Facebook Comments HS