عوام نے احتیاط نہ کی تو پاکستان میں 25 اپریل تک کورونا وائرس کیسز کی تعداد 50 ہزار ہونے کا خدشہ ہے: وزیراعظم عمران خان


وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام نے احتیاط نہ کی تو خدشہ ہے کہ پاکستان میں 25 اپریل تک کورونا وائرس کیسز کی تعداد 50 ہزار ہو جائے گی، تمام صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے، کیسز رپورٹ ہونے کی موجودہ رفتار برقرار رہی تو ایک ماہ کے دوران ملک میں کیسز کی تعداد 20 سے 25 ہزار کے درمیان ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاو میں کمی کا دار و مدار اس بات پر ہے کہ عوام کس حد تک احتیاط کرتے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اندازہ یہ ہے کہ اگلے ایک ماہ تک پاکستان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 20 سے 25 ہزار تک ہو سکتی ہے، اس لیے ہم مریضوں کی اتنی تعداد کو طبی سہولیات فراہم کرنے کی تیاریاں کر چکے ہیں، تاہم اگر عوام نے احتیاط نہ کی تو پھر پاکستان میں 25 اپریل تک کرونا وائرس کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ اگر ایسا ہوا تو پھر اس وقت ہمارے پاس اتنی بڑی تعداد میں مریضوں کو طبی امداد دینے کیلئے سہولیات ناکافی ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا ابھی مزید بڑھنی ہے، کتنی بڑھے گی ایک ہفتے میں پتہ چل جائے گا۔ واضح رہے کہ بدھ کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے تازہ اعدادو شمار جاری کر دئیے جس کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 2071 ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 676 اور پنجاب میں 740 ہو گئی ہے۔ کے پی کے میں 253، بلوچستان میں 158 اور گلگت بلستان میں 184 کیسز ہو گئے ہیں۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اسلام آباد میں 54 اور آزاد کشمیر میں چھ کورونا وائرس کیسز ہیں۔ پاکستان میں کورونا سے متاثرہ 82 مریض صحتیاب ہیں۔ پاکستان میں کورونا سے اموات کی تعداد 26 ہوگئی۔ کمانڈاینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھرمیں کورونا وائرس کے 1963 مریض زیر علاج ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments