پاکستان میں کورونا کیسز کی حقیقی تعداد رپورٹ ہونے والے کیسز سے 10 گنا زیادہ ہے: صوبائی وزیرِ صحت تیمور جھگڑا
خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیرِ صحت تیمور سلیم جھگڑا نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں اس وقت کورونا کے مریضوں کی تعداد رپورٹ ہونے والے کیسز سے کہیں زیادہ ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ صحت نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کے کیسز بہت کم رپورٹ ہو رہے ہیں، پاکستان میں کورونا کے حقیقی کیسز کی تعداد رپورٹ ہونے والے کیسز سے 10 گنا زیادہ ہے۔
اس سے قبل انہوں نے انصاف ڈاکٹرز فورم، خیبر پختونخوا اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے وفود سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران کہا تھا کہ کورونا وبا کے خلاف صحت عملہ ہراول دستے کا کام کر رہا ہے۔ کورونا وائرس سے پیدا شدہ اس صورت حال میں نوجوان ڈاکٹرز کا کردار اہم ہے، وہ آگے آئیں اور عوام کی خدمت کے ساتھ ساتھ اس وبا سے لڑائی میں حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں۔
صوبائی وزیر نے صحت عملے کو درپیش چیلنجز کو حل کرنے کے حوالے سے ڈاکٹرز تنظیموں سے تجاویز بھی لیں۔ تیمور جھگڑا نے کورونا وبا سے مقابلے میں ڈاکٹرز کے کردار کو سراہتے ہوئے ان سے استدعا کی کہ اس وقت چھوٹے مسائل اور تحفظات کو پسِ پشت ڈال کر کورونا وبا سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت مل کر کورونا وبا کا مقابلہ کرنے کا ہے جس میں ڈاکٹرز کا کردار اہم ہے۔


