دنیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دس لاکھ سے بڑھ گئی: پچاس ہزار اموات


دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ملین سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات بھی 50 ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔

ورلڈ او میٹرز کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک ملین سے بھی بڑھ گئی ہے، اس وقت دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مصدقہ تعداد 10 لاکھ 207 ہے۔ دنیا بھر میں اس وبا کے باعث 51 ہزار 356 افراد اپنی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ دنیا میں 2 لاکھ 10 ہزار 199 افراد اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

جمعرات کے روز دنیا بھر میں کورونا وائرس کے 65 ہزار 10 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 4 ہزار 164 مریض ہلاک ہو گئے۔ 2 اپریل کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں 37 ہزار 3 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

کورونا سے متاثرہ افراد لی تعداد کے اعتبار سے امریکہ دنیا کا سب سے بڑا ملک بن چکا ہے جہاں مریضوں کی تعداد میں ایک روز میں 20 ہزار 744 کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 35 ہزار 747 ہوگئی ہے۔ امریکہ میں جمعرات کے روز 518 افراد نے کورونا کی وبا کے باعث زندگی سے ہاتھ دھوئے جس کے بعد یہاں ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 620 ہوگئی ہے۔

اٹلی میں یہ وبا 13 ہزار 915 انسانوں کی زندگیوں کا چراغ گل کرچکی ہے۔ سپین میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

Facebook Comments HS