اس رپورٹ کے پیچھے عمران خان کے سیکرٹری اعظم خان کا ہاتھ ہے: جہانگیر ترین


تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے الزام عائد کیا ہے کہ چینی بحران پر تحقیقاتی رپورٹ کے پیچھے وزیر اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کا ہاتھ ہے۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے آٹا اور چینی بحران کے حوالے سے رپورٹ کو سیاسی قرار دیا اور اس کا الزام وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری پر لگا دیا۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ اعظم خان مسلسل وزیراعظم کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اس رپورٹ کے پیچھے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے اہلکار ہمارے اسٹاف سے20 مارچ سے تحقیقات کر رہے ہیں، ایف آئی اے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں، کمیشن نے ذمے دار ٹھہرایا تو چیلنج کریں گے۔ ہمارا گروپ تحقیقاتی کمیٹی اور کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے، کمیٹی کو چینی منہگی کرنے کی دھمکی دینے کی باتیں جھوٹ ہیں۔

اس سے قبل ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں جہانگیر ترین نے کہا تھا کہ چینی پر انکوائری کمیشن تیزی کے ساتھ کام کر رہا ہے اور ان کی 3 شوگر ملز سمیت 10 ملوں کی تحقیقات میں مصروف ہے۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ ان سے جو بھی ریکارڈ مانگا جا رہا ہے وہ مہیا کیا جا رہا ہے۔ ہم نے کمیشن کو ہر چیز تک آزادانہ رسائی دی ہے یہاں تک کہ اپنے کمپیوٹر سرورز بھی ان کے حوالے کر دیے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کمیشن نے ابھی تک صرف اس لیے کسی بھی چیز کو سِیل نہیں کیا گیا کیونکہ ہم تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہے ہیں کیونکہ ہمارے پاس چھپانے کو کچھ ہے ہی نہیں۔

Facebook Comments HS