کورونا وائرس 70 ہزار 590 افراد کی زندگیاں نگل گیا


تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق (پیر 6 اپریل شام ساڑھے چھ بجے) اس وقت تک دنیا بھر میں کورونا وائرس 70 ہزار 590 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 12 لاکھ 86 ہزار سے بڑھ گئی ہے. جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اٹلی میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 525 افراد ہلاک ہوئے ہیں جو کہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران ہونے والی اموات کی کم ترین سطح ہے اسی طرح سپین میں اموات میں بدستور چوتھے دن بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے.

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پیر کے روز ملک میں 637 اموات ہوئیں اس کے مقابلے میں اتوار کے روز 674 اموات دیکھنے میں آئی تھیں یہ 24 مارچ کے بعد سے ایک دن میں سب سے کم اموات ہیں. گذشتہ جمعرات کو 950 اموات اب تک ملک میں ایک دن میں سب سے زیادہ اموات تھیں۔ گذشتہ ایک دن میں اسپین میں 4273 نئے کیسز سامنے آئے اور حکام کے مطابق وائرس نے اپنا عروج عبور کر لیا ہے۔ سپین دنیا بھر میں اموات کے اعداد و شمار کے حساب سے دوسرے نمبر پر ہے یہاں اب تک 13055 اموات ہو چکی ہیں.

سویڈن سٹاک ہوم میں 600 مریضوں کے لیے ایک فیلڈ ہسپتال بنا رہا ہے۔ سویڈن میں لاک ڈاﺅن نہیں کیا گیا اور اس وقت وہاں 9830 مریض ہیں جبکہ 401 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ باربیڈوس اور ہیٹی میں کورونا وائرس کے باعث پہلی مرتبہ کسی کی موت واقع ہوئی ہے. باربیڈوس کی وزرات صحت کے مطابق ایک 81 سالہ شخص 22 مارچ کو برطانیہ سے آنے کے بعد ہلاک ہوا جبکہ ہیٹی میں 55 سالہ شخص پہلے سے طبی مسائل کا شکار تھا۔

امریکہ میں طبی حکام کی جانب سے متنبہ کیے گئے اس ہفتے کا آغاز ہو گیا ہے جس کے بارے میں کہا گیا تھا کہ اس میں سب سے زیادہ اموات ہونے کا خدشہ ہے امریکہ میں کورونا سے متاثرہ نیویارک میں اموات میں کمی ہونا شروع ہو گئی ہے جس کے بعد بعض طبی ماہرین امید ظاہر کر رہے ہیں کہ اس ہفتے میں اس قدر جانی نقصان نہیں ہوگا، جس قدر خدشات ظاہر کیے گئے ہیں.

نیو یارک میں اس ہفتے کے دوران اتوار کو پہلی بار گزشتہ روز سے اموات کم ہوئی ہیں تاہم یہ تعداد بھی 600 سے زائد ہے جبکہ اتوار کو 7300 نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔ امریکہ میں کرونا وائرس کے اب تک 3 لاکھ 37 ہزار کے قریب کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ حکام نے 18 ہزار افراد کے صحت یاب ہونے کا دعویٰ کیا ہے سرکاری طور پر امریکہ میں 9620 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے.


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments