مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کو چیئرمین شوگر ایڈوئزری بورڈ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا
چینی بحران رپورٹ پر مشیرتجارت رزاق داؤد کو چیئرمین شوگر ایڈوئزری بورڈ کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے تاہم وہ مشیرتجارت کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی ہیں۔ جس میں چینی بحران کی رپورٹ کے تناظر میں مشیر وزیراعظم صنعت، تجارت و پیداوار عبدالرزاق داؤد کو بھی عہدے ہٹا دیا گیا ہے۔
رزاق داؤد کو شوگر ایڈوئزری بورڈ کےچیئرمین کےعہدے سے ہٹایا گیا ہے۔ تاہم عبدالرزاق داؤد مشیرتجارت و سرمایہ کاری برقرار رہیں گے۔ اسی طرح جہانگیر ترین سے بھی ٹاسک فورس برائے زراعت کی سربراہی کا عہدہ واپس لے لیا گیا ہے۔ جہانگیر ترین نے اس پر وضاحت دی ہے، کہ وہ کبھی بھی ٹاسک فورس کے سربراہ نہیں رہے۔
دوسری طرف پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا کہنا ہے کہ جہانگیرترین کو چیئرمین ٹاسک فورس برائے زراعت کےعہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کردیا ہے، اعظم سواتی، ارباب شہزاد، خسروبختیار اور حماد اظہر سمیت متعدد ارکان کابینہ کی وزارتیں اور محکمے تبدیل کردیے گئے۔ بابر اعوان کو مشیر بنا دیا گیا ہے اور خالد مقبول صدیقی کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بابراعوان کو پارلیمانی امورکا مشیرمقرر کر دیا ہے۔ سید فخرامام کو وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی لگا دیا گیا۔ مخدوم خسروبختیار وزیر اقتصادی امور ہوں گے۔ اعظم سواتی کو نارکوٹکس کنٹرول اور حماد اظہر کو وزیر صنعت لگا دیا گیا۔ ایم کیوایم کے امین الحق کو وزیر برائے ٹیلی کام مقرر کردیا جبکہ خالد مقبول صدیقی کا استعفیٰ منظور کر لیا گیا ہے۔ ہاشم پوپلزئی کو سیکریٹری نیشنل فوڈ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔


