شہباز گل فیصل آباد سے کونسلر کا الیکشن بھی نہیں جیت سکتا: راجہ ریاض جہانگیرترین کی حمایت میں سامنے آ گئے


آٹا اور چینی بحران کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد تحریک انصاف میں کئی دھڑے بن گئے ہیں۔ ڈاکٹر شہباز گل نے بھی جپہانگیر ترین کو برطرف کئے جانے کے بارے میں ایک سخت ٹویٹ کیا اور جہانگیر ترین نے فوراً اس کی تردید میں ٹویٹ کیا۔  اب فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے رکن راجہ ریاض جہانگیر ترین کی حمایت میں میدان میں آگئے ہیں۔

تحریک انصاف کے ایم این اے راجہ ریاض جہانگیرترین کی حمایت میں سامنے آگئے اور کہا کہ جہانگیر ترین ایک ایماندار آدمی ہے۔ وہ اربوں روپے کا ہر سال ٹیکس دیتا ہے، اسے کیا ضرورت تھی 54 کروڑ کی سبسڈی لینے کی؟

راجہ ریاض نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین وہ آدمی ہے جس نے تحریک انصاف کو الیکشن جتوایا اور تحریک انصاف کی حکومت بنوائی۔

راجہ ریاض نے شہباز گل کو لتاڑتے ہوئے کہا کہ شہباز گل فیصل آباد کا رہنے والا ہے اور اسلام آباد میں بڑا لیڈر بنا ہوا ہے۔ اسے کہیں کہ فیصل آباد میں آ کر الیکشن لڑے۔ میں چیلنج کرتا ہوں کہ وہ کونسلر کا الیکشن بھی نہیں جیت سکتا۔

موجودہ حکومتی بندوبست پر کڑی تنقید کرتے ہوئے راجہ ریاض نے یہ بھی کہا کہ بہت سے لوگ انتخاب نہیں جیت سکے لیکن سازشوں کے ذریعے ایوان وزیر اعظم تک پہنچ گئے ہیں۔ اپنے انتخابی حلقوں سے محروم یہ لوگ مشورے بھی دے رہے ہیں اور بہت سے فیصلوں میں پیش پیش ہیں۔

خیال رہے کہ راجہ ریاض کا پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ گہرا رشتہ تھا۔ تاہم 2018 کے عام انتخابات سے پہلے راجہ ریاض نے اپنی وفاداریاں تبدیل کر کے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی اور تحریک انصاف کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے رکن متخب ہوئے۔

Facebook Comments HS