علیم خان نے رانا ثنا اللہ سے رابطوں کی دو ٹوک تردید کر دی


پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے میڈیا میں آنے والی اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے کہ اُن کا مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر راناثنا ء اللہ سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ اُن کی رانا ثنا اللہ سے کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہوئی اور اس سلسلے میں شائع ہونے والی خبر مکمل طور پر من گھڑت ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ رانا ثناء اللہ نے بھی اس طرح کا کوئی بیان نہیں دیا ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے وضاحت کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ تحریک انصاف کا حصہ تھے، ہیں اور انشاء اللہ ہمیشہ رہیں گے۔ اُنہوں نے ہر مشکل وقت میں عمران خان کا ساتھ دیا اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے۔

جہاں تک انہیں کسی قسم کی ذمہ داری دیے جانے کا تعلق ہے اس کا فیصلہ بھی وزیر اعظم عمران خان نے کرنا ہے، انہیں جب جہاں ضرورت محسوس ہوئی میں حاضر ہوں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ انہوں نے2011 میں ملک گیر تبدیلی کے لئے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ آج بھی پورے یقین کے ساتھ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ تبدیلی صرف اور صرف عمران خان ہی لا سکتے ہیں۔ اُن کی نیت پر کوئی شک نہیں کیا جا سکتا۔ عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ اس طرح کی خبروں کے پیچھے بعض لوگوں کے مخصوص عزائم ہوتے ہیں جن کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments