کرونا لاک ڈاون میں کرنے کے دس مفید کام
کرونا یقینا ایک ایسی وبا ہے، جس نے دنیا بھر میں اپنی دہشت پھیلا رکھی ہے۔ خوف کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں محصور رہنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ زندگی کے ہر شعبے میں یقینا اس وبا کے منفی اثرات پائے جاتے ہیں، لیکن آپ لاک ڈاون کے اس موقع سے کامیابی، ترقی، خوشحالی، ذہنی سکون اور آمدن کا ایسا راستہ بھی نکال سکتے ہیں، جو شاید آپ اپنی عمومی زندگی میں کرونا کے بغیر کبھی نہ نکال پاتے۔ اس مضمون میں آپ ایسے ہی دس شاندار آئیڈیاز کے بارے میں جان پائیں گے۔
کرونا وائرس اچانک اور سرعت سے ساری دنیا میں پھیلتا چلا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کرونا وائرس کو مکمل طور پر سمجھ بھی نہ پائی تھی کہ موذی وائرس نے مختلف معاشرتی اور معاشی شعبوں پر انتہائی منفی اثرات مرتب کرنا شروع کردیے۔ اس وقت دنیا کا ایک بڑا حصہ کرونا کی وجہ سے لاک ڈاون میں ہے۔ آنے والے دنوں میں معاشی سطح پر کرونا کے مزید منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔ یہ بھی خدشہ ہے کہ کرونا کے بعد کا زمانہ معاشی اور معاشرتی طور پر شاید پہلے جیسا نہ ہو، بلکہ آنے والا دور زیادہ کٹھن اور مشکل ہوگا۔ اس لیے لاک ڈاون کے ان دنوں میں سب سے پہلے آپ آنے والے دنوں کی منصوبہ بندی ضرور کریں۔ آنے والے دور میں ظاہری اور نادیدہ خدشات اور اثرات کو سامنے رکھتے ہوئے ابھی سے تیاری کرلیں کہ آپ کیا کریں گے۔ منصوبہ بندی کرلیں کہ جو کچھ آپ کرنا چاہتے ہیں وہ کیسے کرپائیں گے۔ یوں ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کیلئے ایک قابل عمل اور موثر حکمت عملی بھی تیار کرلیں۔
زندگی اس قدر مصروف ہوچکی ہے کہ پتہ ہی نہیں چلتا کہ کب دن شروع ہوتا ہے اور کب سورج افق کے پار اتر جاتا ہے۔ دنیا کی اس گہماگہمی میں انسان کو اپنے لیے وقت ہی نہیں ملتا، لیکن لاک ڈاون کے اس عرصہ میں اب آپ کو اپنے لیے بھی وقت مل رہا ہے، اس وقت آپ اپنے بارے میں سوچ سکتے ہیں، آپ اپنے ماضی پر نظر دوڑا کر اپنی کامیابی اور ترقی کے راستے میں آنے والی اب تک کی رکاوٹوں کا ناصرف جائزہ لے سکتے ہیں بلکہ ان رکاوٹوں کے خاتمے کی تدبیر بھی کرسکتے ہیں۔
کہتے ہیں کہ اچھے دوست خدا کی خاص نعمت ہوتے ہیں، تو کرونا کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈاون سے پریشان نہ ہوں اور فیس بک اور ٹوئٹر جیسی سماجی رابطے کی ویب سائیٹس کا بہترین استعمال کریں۔ سوشل میڈیا پر محض پوسٹیں دیکھ دیکھ کر وقت ضایع کرنے کی بجائے اچھے دوست تلاش کرنے کی کوشش کریں۔ اچھے دوست تلاش کرنے کا آسان طریقہ یہ بھی ہے کہ اپنے پسند کے شعبے سے متعلق لوگوں کی آئی ڈیز کے پروفائل چیک کریں۔ جس کا پروفائل اچھا محسوس ہو، اس کی پوسٹیں لائیک کرکے، کمنٹ کرکے اور شیئر کرکے اس سے رابطے بڑھانے کی کوشش کریں۔ آپ نے ان دنوں میں اگرچار پانچ اچھے دوست بھی تلاش کرلیے تو آپ کی زندگی کامیابی کی ڈگر پر چل نکلے گی۔
لاک ڈاون کے باوجود سب سے اچھی بات تو یہ ہے کہ انسان کو مجبورا جسمانی اور سماجی دوری کا سامنا تو کرنا پڑرہا ہے لیکن انٹرنیٹ اب بھی چل رہا ہے، اس لیے آپ اس سماجی دوری کو مکمل سماجی دوری قرار نہیں دے سکتے۔ انٹرنیٹ کی موجودگی میں گھر میں فارغ نہ بیٹھیں، بلکہ اس موقع کا فائدہ اٹھائیں اور انٹرنیٹ کو استعمال کرتے ہوئے کچھ ایسا کرنے کی کوشش کریں، جو آپ نے ابھی تک نہ کیا ہو۔ مثال کے طور پر آپ کوئی نئی زبان سیکھ سکتے ہیں، بالخصوص ایسی کوئی بھی زبان جو آئندہ عملی زندگی میں آپ کی مددگار ثابت ہوسکتی ہو، یہ زبان انگلش بھی ہوسکتی ہے، چینی زبان بھی ہوسکتی ہے، اسی طرح فرانسیسی، کورین، جاپانی، عربی یا کوئی بھی ایسی زبان سیکھنے کیلئے وقت ضرور نکالیں، جو آپ کے کاروبار یا جاب میں مددگار ثابت ہوسکتی ہو۔
زندگی میں کامیابی کیلئے کتابوں کا مطالعہ بہت ضروری ہوتا ہے، دنیا کے تمام کامیاب افراد دن میں کچھ اور کریں یا نہ کریں، لیکن وہ روزانہ کسی ناں کسی کتاب کا مطالعہ ضرور کرتے ہیں، چاہے ان کے مطالعے میں کسی کتاب کے چند اوراق ہی کیوں نہ ہوں، کرونا کے اس لاک ڈاون میں قدرت نے آپ کو کتابیں پڑھنے کا بھرپور موقع فراہم کیا ہے، آپ اپنے ذوق اور ضرورت کے مطابق جیسی چاہیں کتابیں پڑھ سکتے ہیں۔ آپ مذہب، عمومی معلومات، صحت، بزنس، تاریخ اور ادب سے متعلق کتابوں کی ایک فہرست بناکر آن لائن ان کا مطالعہ شروع کردیں۔ جب علم کا خزانہ آپ کے ذہن کی تجوری میں بھرنا شروع ہوگا تو آپ کو محسوس ہی نہیں ہوگا کہ کب یہ وقت گزر جائے گا، اسی دوران اگر آپ میں کتب بینی کا زوق بڑھ گیا تو آپ کو یہ وقت کم لگنا شروع ہوجائے گا، لیکن بہتر ہوگا کہ آپ ایسی کتابیں پڑھیں جو آپ کے کاروبار، جاب یا پیشے سے متعلق ہوں۔ الخصوص ایسی کتابیں پڑھیں، جن سے آپ کی معلومات، صلاحیت اور پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافہ ہوسکے۔ انٹرنیٹ پر آپ کو ہر موضوع پر اور ہر زبان میں ایسی ہزاروں کتابیں مل جائیں گی۔
آج کے دور میں صاف ستھری سبزیوں کا ملنا بھی بڑا محال ہے، آپ لاک ڈاون کے یہ ایام اپنے گھر میں سبزیاں اگاکر بھی وقت کا بہترین استعمال کرسکتے ہیں۔ اگر آپ کے صحن میں کچی زمین موجود ہو تو کچن گارڈننگ کیلئے اس زمین کو ضرور استعمال کریں، بالفرض اگر صحن میں کچی زمین نہ ہو، یا چھوٹا گھر ہونے کی وجہ سے صحن ہی نہ ہو ۔۔۔۔ تو پھر آپ یہ کام گھر کی چھت یا بالکینیوں پر بھی کرسکتے ہیں۔ کچن گارڈننگ گملوں میں بھی کی جاسکتی ہے اور اس مقصد کیلئے گھر کے کاٹھ کباڑ میں پڑی پرانی بوتلیں اور ٹین ڈبے وغیرہ بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ دھنیا، پودینہ، لہسن، پیاز، ٹماٹر اور سبز مرچ وغیرہ کچن کے عام استعمال کے ایسے اجزاء ہیں، جو پہلے مرحلے میں آپ بڑی آسانی اور سہولت کے ساتھ اگاسکتے ہیں اور پھر جب آپ کو اس "مائیکرو” کاشتکاری میں کامیابی حاصل ہوجائے تو پھر دیگر سبزیاں اگانے کی جانب ضرور جائیں۔
ایک بار جب آپ کچن گارڈننگ میں کامیاب ہوجائیں اور اگر آپ ان دنوں یہ کام شروع کردیں تو میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ انشاء اللہ اس کام میں ضرور کامیاب ہوجائیں گے تو پھر اپنے گھر میں اگائی ہوئی سبزیاں آپ دوسرے لوگوں کو بیچنے کا کاروبار بھی شروع کرسکتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ آرگیننگ ویجیٹیبلز بازار میں عام سبزیوں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ قیمت پر فروخت ہوتی ہیں تو پھر آپ کو کس بات کا انتظار ہے؟ ارادہ باندھیں اور اس آئیڈیے پر عملی طور پر شروع ہوجائیں۔
اگر آپ فوری طور پر کوئی کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں تو ایک مفید اور منافع بخش کاروبار آپ اس لاک ڈاون کے وقت بھی کرسکتے ہیں، اور اس پر کوئی پابندی بھی نہیں ہے۔ یہ کاروبار ہوم بیسڈ کوکنگ کا کاروبار ہے، ہم سب جانتے ہیں کہ کھانا پینا تو کسی بھی حالت میں نہیں رکتا۔ اس لیے اگر آپ کھانا پکانا جانتے ہیں تو پھر گھر کا پکا ہوا کھانا دوسرے گھروں میں سپلائی کرنے کا کام شروع کرنے کا یہ بہترین وقت ہے۔ آپ یوٹیوب جیسے ویڈیو پلیٹ فارمز سے مزے مزے کے کھانے بنانے کی تراکیب ناصرف سیکھ سکتے ہیں بلکہ وہ کھانے تیار کرکے دوسروں کو بھی فراہم کرسکتے ہیں ۔۔۔۔۔ اس طرح آپ لاک ڈاون کے دنوں میں بھی ڈھیروں پیسے کماسکتے ہیں۔
آپ نے آن لائن بزنس کے بارے میں تو سن ہی رکھا ہوگا۔ اگر آپ اس کے بارے میں بہت زیادہ نہیں جانتے تو اب وقت ہے کہ اس کے بارے میں جاننے کی کوشش ضرور کریں۔ یاد رکھیں کہ دنیا کسی بھی وجہ سے بند (لاک ڈاون) ہوجائے تو بھی آن لائن بزنس بند نہیں ہوتا۔ تو یہی وقت ہے کہ آن لائن کاروبار کے بارے ضرور سیکھیں تاکہ جیسے ہی لاک ڈاون ختم ہو تو آپ ایک ایسے کاروبار کی جانب جاسکیں جو دنیا کا مستقبل ہے۔
بیزاری اور اکتاہٹ سے بچنے کا ایک طریقہ تو یہ بھی ہے کہ اپنے وقت کو مفید بنائیں۔ ان دنوں کوئی ناں کوئی ہنر سیکھنے اور اس میں مہارت حاصل کرنے کی کوشش لازمی کریں۔ اس سلسلے میں انٹرنیٹ پر کوئی شارٹ یا مائیکرو کورس ضرور کرلیں۔ بالخصوص کاروبار سے متعلق شارٹ یا مائکرو کورسز ضرور کریں۔ کاروبار کو سمجھنے کی کوشش کریں ۔۔۔۔۔ کاروبار کیوں ناکام ہوتے ہیں اور کاروبار کیسے کامیاب بنائے جاسکتے ہیں۔ یہ آپ ان مائیکرو کورسز کی مدد سے بڑی آسانی سے سیکھ سکتے ہیں۔


