استاد منگو اور میں


کل موجودہ صورت حال پر بات ہو رہی تھی کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مشتبہ افراد اور متاثرہ افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد کو کیسے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ لاک ڈوان کی وجہ سے فاقہ زدہ افراد کو راشن کی فراہمی کے لئے وفاقی و صوبائی حکو متیں اور حکومتی ادارے، بالخصوص مقامی سطح کی سیاسی قیادت کا کیا کردار ہے۔

ایک دوست نے کہا، دیکھو جی! سربراہ ِمملکت جو کچھ بھی کر رہا ہے، بہت اچھا کر رہا ہے کیوں کہ اس کی ”نیت صاف“ ہے۔

تو جناب! اب نا صرف کرونا وائرس سے متا ثرین کی تعداد میں کمی آ جائے گی۔ روز بروز بڑھتی ہوئی کرونا وائرس سے ہونے والی اموات پر قابو پا لیا جا ئے گا۔ قرنطینہ مراکز کی سہولیات ہر جگہ مو جود ہوں گی۔ ڈاکٹروں کو حفاظتی سامان مہیا کیا جائے گا۔ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی تعداد بڑھا دی جا ئے گی۔ بلکہ اس مردود وائرس سے بچنے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لئے عمدہ قسم کی حکمتِ عملیاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔ اور تو اور اب ”غریب کے پیٹ کی دوزخ“ بھی بجھائی جائے گا۔ کوئی فاقوں سے تنگ آ کر خود کشی نہیں کر ئے گا اور نا ہی کوئی نوالہ کھلانے والا ہاتھ، اپنے جگر کے ٹکڑوں کا گلا دبے گا۔ نا ہی اپنے پاپی پیٹ کی بھوک مٹانے کے لئے کوئی ”بچے برائے فروخت“ لکھ کر سڑک پر کھڑا ہو گا۔ نا ہی راشن کی لگی قطار میں کھڑے کسی سفید پوش کی عزتِ نفس مجروح ہو گی۔ چادر اور چار دیواری کا تقدس پا مال نہ ہو گا۔ اس کو مدِنظر رکھا جا ئے گا۔ اب نہ کوئی راشن کی فراہمی پر فوٹو سیشن کر ئے گا، بلکہ فوٹو کی تشہیر پر بھی پابندی عائد کی جا ئے گی۔

کسی دیہاڑی دار کو کسی ٹھیکیدار، سیٹھ، صاحب جی، بابو، مالکن، باجی، بیگم صاحبہ سے آٹا خریدنے کے لئے گالی نہیں سننا پڑے گی۔ معاشرے میں سے نا صرف سماجی ناانصافیا ں کا خاتمہ ہو گا، بلکہ بنیادی انسانی حقوق کے تقاضوں کو مدِ نظر رکھتے ہو ئے شہریوں کو تمام ضروریات زندگی میسر ہو گی۔ اس طرح ہر طر ف سکھ شانتی ہو گی اور معاشرے میں امن و انصا ف کی طوطی بو لے گا۔

سب ٹھیک ہے جناب اور سب ٹھیک رہے گا۔ بس آپ بھی اپنی اپنی صفیں سیدھی کر کے خاص طور پر غر یب اور دیہاڑی دار نیت باندھ لیں۔ دُنیا بہت حسین ہو نے والی ہے۔

لیکن میں میرے ساتھ استاد منگو جی جیسا کوئی سین پارٹ نہیں ہو نے والا۔ کیوں کہ مجھے اپنی سیاسی قیادت پر پورا پورا یقین ہے۔ ”گھبرانا نہیں ہے“۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments