شہزاد ارباب کی کابینہ میں واپسی: وزیراعظم کا معاون خصوصی مقرر کر دیا گیا، وفاقی وزیر کا درجہ مل گیا


چینی اسکینڈل کے متعلق ایف آئی اے کی انکوائری رپورٹ کے بعد وزیراعظم کے مشیر کی حیثیت سے ہٹائے جانے کے بعد محمد شہزاد ارباب کو وفاقی کابینہ میں وزیراعظم کے خصوصی معاون کی حیثیت سے شامل کر لیا گیا ہے۔ اس ضمن میں نوٹی فیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

حکومت کے قریبی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ شہزاد ارباب کو جہانگیر ترین کے ساتھ قربت کی وجہ سے یا پھر چینی اسکینڈل سے کسی تعلق کی وجہ سے نہیں بلکہ اس لیے ہٹایا گیا تھا کہ وزیراعظم چاہتے تھے کہ مشیر کا عہدہ خالی کر کے بابر اعوان کو دیا جائے۔ شہزاد ارباب کو ہٹا کر بابر اعوان کو وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور کا عہدہ دیا گیا ہے۔

محمد شہزاد ارباب کو اب وزیراعظم کے خصوصی معاون کی حیثیت سے واپس لایا گیا ہے۔ انہیں وفاقی وزیر کا درجہ حاصل ہو گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شہزاد ارباب کابینہ کے واحد رکن تھے جنہیں حالیہ چینی اسکینڈل کے بعد ہٹایا گیا تھا جبکہ دیگر کے معاملات میں صرف وزارتوں کے قلمدان تبدیل کیے گئے تھے۔ اس سے اپوزیشن کو یہ کہنے کا موقع ملا کہ وزیراعظم کی جانب سے چینی اسکینڈل کی انکوائری رپورٹ کے تناظر میں کئے جانے والے اقدامات محض نظر کا دھوکا ہے۔ ایف آئی اے کی انکوائری رپورٹ میں بالواسطہ اور بلاواسطہ طور پر رزاق دائود، خسرو بختیار اور جہانگیر ترین کے نام سامنے آئے تھے۔

رزاق دائود کو چیئرمین شوگر ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹایا گیا لیکن انہیں وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت کے عہدہ پر برقرار رکھا گیا۔ خسرو بختیار وزیر خوراک تھے۔ انہیں وزارت اقتصادی امور دیدی گئی۔ جہانگیر ترین کے پاس اگرچہ کوئی سرکاری عہدہ نہیں تھا تاہم وزیراعظم کے ترجمان شہباز گل نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ ترین کو زرعی ٹاسک فورس کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments