یہودیوں کی سازش کا نیا سازشی نظریہ



نئے سے نئے سازشی نظریات پڑھنے کو ملتے ہیں۔ کچھ بزعم خود دانشوران قوم یہ باور کرا رہے ہیں کہ کورونا یہودیوں کی سازش ہے اور اس کا مطلب مسلمانوں کو مساجد میں جانے سے روکنا ہے۔

اؤ خدا کے بندو، پوری دنیا قیامت سے گزر رہی ہے۔ صرف مسجد نہیں، مندر، گرجا گھر اور یہودیوں کی اپنی عبادتگاہ سینیگاگ، سب بند ہو چکے، سب ویران ہیں۔ یہودیوں کا دنیا کے جس سب سے طاقتور ملک پر رسوخ سمجھا جاتا ہے وہ ملک اپنی معاشی بقا کے لیے ایڑیاں رگڑ رہا ہے۔ کوئی یہ تو بتائے کہ یہودی آپ کو مسجد جانے سے کیوں روکے گا؟ تاکہ جمعہ کی نماز کے بعد آپ با جماعت عالم اسلام کی سربلندی وکامرانی کے لیے دعائیں نہ مانگ سکیں؟ امریکہ اور اسرائیل کی بربادی کے لیے عامر لیاقت کے انداز اختیار کرتے مولانا حضرات کے ہم آواز ہو کر بدعا نہ کر سکیں؟ ہے نا؟

خدا کے بندو یہ کام تو تم پچھلے کئی دہائیوں سے کر رہے ہو۔ عالم اسلام سرخ رو ہوا نہ اسرائیل برباد۔ نہ ان کے ایٹمی ہتھیاروں میں کیڑے پڑے نہ عالمی سماج، عالمی اقتصاد پر ان کا کنٹرول کم۔ ہوا۔ تو یہودیوں کو آپ کی بد دعائیں کیا تکلیف دے رہی ہیں جو وہ آپ کو مسجد جانے سے روکیں گے؟ وہ بھی اس خشوع و خضوع کے ساتھ کہ اپ اسی کے بنائے ہوئے الکوحل یعنی سینیٹائزرز سے رچ بس کے اسلام کا پرچم بلند فرما رہے ہیں۔

او مورکھو اگرمسلمانوں کا کوئی دشمن ہے تو وہ یہ چاہے گا کہ تم سجدوں میں ہی پڑے رہو۔ انفرادی و اجتماعی طور پر ماتھے ٹیکے ”لم لیٹ“، آسمانوں سے اُترتی نصرت کے منتظر رہو جو کہ تم صدیوں سے ہو۔ اس دوران کوئی کام نہ کر سکو۔ کوئی سائنسدان نہ پیدا کر سکو۔ کوئی بڑا ذہن تم میں نمو نہ پا سکے۔ کوئی جستجو کوئی تخلیق تمھاری زیست کا مقصد نہ بن سکے۔ پڑے رہو سجدوں میں۔ منکے پہ منکا ٹھاہ منکا۔ کیا بگاڑ لو گے بد دعا کی تسبیح سے؟

مورکھو یہودی کی سازش یہ نہیں کہ وہ تم کو مسجد جانے سے روک رہا ہے، یہودی کی سازش وہ تھی جس دن اس نے تم کو دنیا سے الگ کر کے مسجدوں میں لا پھینکا تھا۔ تم۔ کو پتا ہی نہ چلا وہ تم کو الف اللہ ب بندوق پڑھا کر چلا گیا۔ سکولوں اور دفتروں میں بھی مساجد آباد کر گیا۔ اور تمھارے جسموں پر بم باندھ گیا۔ سازش وہ تھی جس کا تم شکار ہوئے اور آج در در پر خوار ہو۔ جہاد کی نرسریاں کھلوانے والے کے سامنے آج تم گڑگڑاتے ہو کہ وہی تم کو سرٹیفکیٹ دے دے کہ ملک میں ایسی نرسریاں نہیں ہیں اور ان کو پیسہ نہیں پہنچ رہا۔ایف اے ٹی ایف۔

مورکھو یہ سازش نہیں ہے کہ وہ تم کو مسجد جانے سے روک رہا ہے، یہودی تو شاید قرآن پاک میں درج اس پیغام کو سمجھ گیا ہے لیس لل انسان آلا ماسعی۔ اس لیے وہ خود سعی کر رہا ہے تمھاری نصیب میں لیسا لل انسان لکھ رہا ہے۔ خدا نے انسانوں سے کہا تھا صرف مسلمانوں سے نہیں کہ جتنی محنت کرو گے، اتناملے گا، یہودی محنت کر رہا یے، وہ سرخ رو ہے، تم کیا محنت کر رہے ہو؟ مورکھو یہ سازش نہیں کہ یہودی تم کو مسجد جانے سے روک رہا ہے سازش یہ ہو گی وہ پھر سکولوں، کالجوں دفتروں میں مساجد کھلوا دے تاکہ جب وقت قیام آئے تو تم سجدوں میں پڑے ہوئے ملو۔

اسد حسن

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

اسد حسن

اسد احمد وائس آف امریکا کے نشریاتی ادارے سے وابستہ ہیں۔ اور اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے علاوہ کھیلوں بالخصوص کرکٹ کے معاملات پر گہری آنکھ رکھتے ہیں۔غالب امکان ہے کہ آئندہ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران ّہم سبٗ پڑھنے والے اسد احمد کے فوری، تیکھے اور گہرے تجزیوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

asad-ahmad has 16 posts and counting.See all posts by asad-ahmad

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments