Nick Vujicic: آدھا جسم اور پوری زندگی


جب وہ پیدا ہوا تو اس کی ماں نے اسے دیکھ کر منہ پھیر لیا، کیوں کہ نا صرف وہ دونوں ہاتھوں، پاؤں سے محروم تھا، بلکہ سرے سے اس کی ٹانگیں اور بازو موجود ہی نہیں تھے۔ البتہ اس کے کولھے کے ساتھ چکن ڈرم اسٹک کی شکل کی ایک اضافی ہڈی موجود تھی۔

اس وقت اس کی عمر 37 سال ہے۔ سوچیے اس نے پچھلے 37 برس بغیر ٹانگوں، بازوؤں، بغیر ہاتھوں، پاؤں کے کیسے گزارے ہوں گے، اور وہ آج کس حالت میں ہو گا۔

اگر آپ آسٹریلیا میں پیدا ہونے والے اس شخص کی زندگی کو پڑھیں، تو آپ کے سارے گلے شکوے، تمام بہانے، سب شکایتیں، ہوا میں تحلیل ہو جائیں گی۔ اور میری طرح آپ کا سر بھی شرم سے جھک جائے گا۔ وہ اپنے آدھے ادھورے جسم کے باوجود ایک مکمّل اور بھر پور زندگی جی رہا، بلکہ کروڑوں بجھی آنکھوں میں امید کی روشنی اور مایوس دلوں میں جوش کی آگ بھڑکا رہا ہے۔

یہ سات کتابوں کا مصنف ہے اور اس کی اکثر کتابیں نیو یارک بیسٹ سیلر فہرست کا حصہ بنی ہیں۔ اس کی کتابوں کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگائیے، کہ یہ کتابیں دنیا کی چالیس سے زائد زبانوں میں ترجمہ ہو چکی ہیں۔

وہ ایک موٹیوشنل اسپیکر بھی ہے اور TED سمیت ہر قابلِ ذکر فورم پر اپنی گفتگو کے ذریعے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بدل چکا ہے۔ اس کے منہ سے نکلنے والا ہر لفظ امید اور زندگی سے بھر پور ہوتا ہے۔ اپنی تقریری سرگرمیوں کے سلسلے میں وہ آدھی سے زیادہ دنیا گھوم چکا ہے۔

اس نے 2005ء میں ”Life without Limbs“ اور 2007ء میں ”Attitude is Altitude“ کے نام سے ٹریننگ کے ادارے بنائے، جہاں وہ کاروباری اداروں، افراد اور دنیا کی مختلف حکومتوں کے اہل کاروں کو کام یابی کے گر سکھاتا ہے۔

اس کا میڈیا سے بھی گہرا تعلق ہے، ہر قابِل ذکر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس کے لاکھوں فالوورز ہیں، جنہیں وہ اپنی گفتگو، وڈیو اور تحریروں کے ذریعے بہتر اور خوش حال زندگی جینے کی ترغیب دیتا ہے۔ بی بی سی، سی این این، سی این بی سی سمیت دنیا بھر کے معتبر ترین ٹی وی چینل، اس کے انٹرویو نشر کرتے رہتے ہیں۔ مختلف اخبارات، میگزین اور ریڈیو چینل اس کا انٹرویو ریکارڈ کرنے کے لیے لائن میں لگے رہتے ہیں۔

اپنی جسمانی معذوری کو اس نے اپنے شوق کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا، وہ فارغ اوقات میں فٹ بال کھیلتا ہے، تیراکی کرتا ہے، کشتی چلاتا ہے اور پیرا شوٹ کے ذریعے ہوا بازی بھی کرتا ہے، اسے پہاڑوں پر چڑھنے کا بھی شوق ہے اور وہ سمندری لہروں پر سرفنگ بھی کرتا ہے۔

اس نے محبت بھی کی اور شادی بھی۔ اس کی بیوی ایک خوب صورت آسٹریلوی ماڈل ہے۔ ان دونوں کے چار ہنستے کھیلتے خوب صورت بچے ہیں۔ یہ اپنی خوب صورت بیوی اور بچوں کے ساتھ کیلیفورنیا، امریکا میں اپنے عالی شان گھر میں اپنی من پسند زندگی جی رہا ہے۔

اس کا شخص کا نام Nick Vujicic ہے اور میں آپ کو دعوت دیتا ہوں کہ یو ٹیوب چینل, فیس بک، ٹویٹر، اور انسٹا گرام پر اس کو فالو کیجیے، تا کہ جب بھی آپ اپنے پورے جسم کے ساتھ اپنی ادھوری زندگی سے تنگ آنے لگیں، تو اس کی ادھورے جسم کے ساتھ پوری زندگی آپ کو آئینہ دکھا دے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments