کورونا وائرس اور معاشی بدحالی


تقریباً دو ماہ سے پوری دنیا کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے۔ کورونا وائرس سے جانی نقصان ہونے کے ساتھ ساتھ معاشی نقصان بھی ہو رہا ہے۔ امریکہ، چین اور یورپ جیسے ممالک کو بھی معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اور اگر غریب اور ترقی پذیر ممالک کی بات کی جائے تو یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ یہ ممالک معاشی لحاظ سے تباہی کے دہانے پہ کھڑے ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے کروڑوں لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں۔ معاشی طور پہ مضبوط ممالک نے اپنے شہریوں میں امدادی فنڈز تقسیم کیے ہیں۔

لیکن ترقی پذیر غریب ممالک میں اتنی سکت نہیں کہ وہ اپنے شہریوں کو فنڈز فراہم کر سکیں۔ ایک اندازے کے مطابق کورونا وائرس جیسی وبا کے باعث عالمی معیشت کو 3 ٹریلین ڈالرز کا نقصان ہو گا۔ اور پوری دنیا کی معاشی ترقی میں تین فیصد کمی کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے بے روزگاری کا مسئلہ شدت اختیار کر رہا ہے۔ امریکہ میں اس وقت 2 کروڑ سے زائد افراد بے روزگاری الاؤنس حاصل کرنے کی درخواست دے چکے ہیں۔

اب اگر پاکستان کی بات کی جائے تو پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے۔ پاکستان کی معیشت بھی اتنی مضبوط نہیں ہے۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستان کو معاشی طور پہ بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ پاکستاں میں میں بھی تقریباً 1 کروڑ افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔ پاکستان کا مزدور طبقہ معاشی بدحالی کا سب سے زیادہ شکار ہوا ہے۔ پاور لومز انڈسٹری کے بند ہونے سے بہت سے مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں۔ اور اس انڈسٹری کو صرف ضلع فیصل آباد میں ہی 20 کروڑ نقصان کا اندیشہ ہے۔

اس کے علاوہ آٹو سپیئر پارٹس کے کاروبار کو بھی شدید نقصان کا سامنا ہے۔ آٹو سپیئر پارٹس زیادہ تر چین اور ملائیشیا سے پاکستان میں امپورٹ ہوتا ہے۔ ان ممالک کے ساتھ تجارت ابھی بند ہے اور یہ کاروبار بھی معاشی بدحالی کا شکار ہو چکا ہے۔ پاکستان کی سرکاری اور نجی پروازیں بند ہونے کی وجہ سے ائر لائن کمپنیز کو بھی معاشی نقصان کا سامنا ہے۔ لوکل کمپنیز اور مل مالکان ورکرز کو تنخواہیں فراہم نہیں کر رہے۔

معاشی ترقی کسی بھی ملک کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے۔ اور جب یہ بنیاد ہی کھوکھلی ہونے لگ جائے۔ تو ملک کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے۔ بے روز گاری سے خاندان کے خاندان تباہ ہو جاتے ہیں۔

اگر آئی ایم ایف کے ممالک کو دیے گئے قرضہ جات کی بات کی جائے۔ تو قرض دہندہ ممالک موجودہ صورتحال کے پیش نظر قرض کی اقساط بھی ادا نہیں کر پائیں گے۔ اور اسی تناظر میں آئی ایم ایف نے غریب ممالک کو قرضوں کی اقساط کی ادائیگی میں 40 ارب ڈالرز تک کی رعایت دینے کا پلان ترتیب دیا ہے۔

ان 40 ارب ڈالرز میں سے 20 ارب ڈالرز عرب ملک سعودی عرب منجمد کرے گا۔ جو کہ ایک اچھا فیصلہ ہے۔ آئی ایم ایف کے اس پلان سے غریب اور ترقی پذیر ممالک کو قرضوں کی اقساط کی ادائیگی میں کسی حد تک رعایت مل جائے گی۔ ترقی پذیر ممالک کورونا وائرس کے خلاف بہتر اقدامات کر سکیں گے۔ اور رقوم اپنے شہریوں کو بہتر طبی سہولیات اور امدادی فنڈز فراہم کرنے میں استعمال کر سکیں گے۔

پاکستان کی حکومت نے شرح سود میں کمی کی ہے اور اب موجودہ شرح سود 9 فیصد ہے۔ شرح سود کے کم ہونے سے تاجروں کو کافی ریلیف فراہم ہو گا۔ اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں بھی بہتری آئے گی۔ جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔

موجودہ حالات میں دنیا کے تمام ممالک کو ٹیکس ریونیو اکٹھا کرنے میں مشکل کا سامنا رہے گا۔ اور ٹیکس ریونیو کا مقررہ ہدف حاصل نہیں ہو سکے گا۔ ترقی پذیر ممالک کو اپنے ترقیاتی منصوبے مؤخر کرنا پڑیں گے۔ اور اگر معاشی نمو کی شرح جی ڈی پی کی بات کی جائے۔ تو جی ڈی پی کی شرح میں کافی کمی آئے گی۔ پاکستان کی جی ڈی پی میں 2 فیصد تک کی کمی کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ مختصر یہ کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن سے معاشی نقصان تو ہو گا۔ لیکن لاک ڈاؤن بھی ضروری ہے۔ اور لاک ڈاؤن سے ہونے والے معاشی نقصان کو پورا ہونے میں کافی وقت لگے گا۔