خود پہ رحم کیجیے


اگر آپ آج کل کی فراغت میں ”نیٹ فلیکس” پہ بیٹھے بہترین وقت گزار رہے ہیں، تو اپنی اس سوچ کا از سر نو جائزہ لیں۔ در اصل اللّٰہ پاک نے آپ کو یہ وقت اپنی مہارتیں نکھارنے کے لئے دیا ہے۔ اور اگر کوئی یہ کہے کہ کچھ نیا سیکھنے کے لئے میرے پاس بجٹ نہیں ہے تو یو ٹیوب پہ چلے جائیں ہر طرح کی مہارت کے حوالے سے سیکڑوں ویڈیو آپ کی منتظر ہیں۔ بہت سے ادراے بہت ہی کم قیمت پر کورسز کروا رہے ہیں۔ لیکن بد قسمتی سے نیٹ فلیکس پہ بیٹھ کر ہم نا صرف خود کو غریب اور نیٹ فلیکس کو امیر کر رہے ہیں۔

مجھے روزانہ کی بنیاد پر ڈھیروں لوگ میسیج کرتے ہیں، زیادہ تر بچے رومن اردو لکھ بھیجتے ہیں۔ یاد رکھیے آپ نے انجینئرنگ کی ڈگری لے رکھی ہے یا MBA کر کے مارکیٹ میں آ جائیں لیکن رومن اُردو کا کوئی مستقبل نہیں۔ انگریزی یا اردو کسی ایک کا انتخاب کریں اور کچھ نہیں ہوتا تو کم از کم کسی ایک مہارت یا اسکل ہی کو اچھے سے سیکھ لیں۔

کچھ عرصے قبل ایک رپورٹ نظر سے گزری، جس میں یہ بتایا گیا تھا کہ 2016ء کے بعد پیدا ہونے والے بچوں کے لئے ابھی جاب ڈیزائن ہی نہیں ہوئیں، تو اس وقت یہ کچھ عجیب سی بات لگ رہی تھی کہ بھلا ٹیکنالوجی اور کتنی ترقی کرے گی؟ چوتھے صنعتی انقلاب کی بنیادیں رکھی جا چکی ہیں۔ انسانوں کی جگہ مشینوں نے لے لی ہے، اب اور کیا رہ جاتا ہے لیکن اس Covid 19 نے اس رپورٹ کے سارے اندازے درست ثابت کر دیے۔ یقیناً کرونا وائرس کے بعد کی دنیا ہی بہت مختلف ہو جانی ہے باقی پھر بچتا ہی کیا ہے؟

دو دن قبل ایک محترم تشریف لائے۔ وہ بی ایس کمپیوٹر سائنس کے بعد ایک اچھی یونیورسٹی سے ایم ایس کر چکے ہیں اور آج کل ایک ادارے میں ہیڈ کلرک کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ میں نے جب ان سے آرٹفیشل انٹیلجینس اور چوتھے صنعتی انقلاب کی بات کی تو ان کے پاس صفر معلومات تھیں۔ جب کہ اکثر ملاقاتوں میں وہ معاشرے اور نظام کی تلخیوں کا رونا روتے تھے۔ مجھے بتائیے بھلا جب آپ کو بنیادی معلومات بھی نہیں ہیں اور سارا دن سسٹم کا رونا روتے رہیں تو کیا آپ یہ انصاف کر رہے ہیں؟

سب سے پہلے اپنی ذات کو فوکس کر کے اپنی مہارتوں میں جان پیدا کریں۔ کم از کم کسی ایک فیلڈ یا کسی ایک کام کے حوالے سے تو آپ جانے جاتے ہوں۔ آپ کی کسی ایک حوالے تو مضبوط پہچان ہونی چاہیے۔ لیکن صد افسوس کہ ہم غیر ضروری اطراف میں اپنا بہترین وقت لگا کر معاشرے اور سسٹم کو برا بھلا کہتے رہتے ہیں۔ جو کہ سراسر زیادتی ہے۔ اپنی توانائیاں صحیح سمت میں مسلسل لگانے ہی سے اپنی پہچان بنتی ہے۔ خود پہ رحم کیجیے، اس معاشرے پہ رحم کیجیے، اس ملک پاکستان پہ رحم کیجیے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments