قومی اسمبلی کا آن اجلاس ناممکن!


بخدا 2018 کے انتخابات کے ذریعے قائم ہوئی قومی اسمبلی جب بھی خود کو ملکی حالات کے حوالے سے حتمی فیصلہ ساز ثابت کرنے کی کوشش کرتی ہے تو میرا پنجابی محاورے والا ”ہاسا“ چھوٹ جاتا ہے۔ حالیہ دنوں میں اس ادارے نے سپریم کورٹ کے احکامات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ایک اہم ترین قانون فقط بارہ منٹ کی تاریخی عجلت کے ساتھ منظور کیا تھا۔ اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت یعنی پاکستان مسلم لیگ نے مذکورہ قانون کا مسودہ دیکھے بغیر ہی اس کی غیرمشروط حمایت کا اعلان کر دیا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری اس اعلان سے بہت پریشان ہوئے۔ مجوزہ قانون میں چند معصومانہ ترامیم متعارف کروانے کا عندیہ دیا۔ ان کے والد آصف علی زرداری صاحب سے مگر ہنگامی رابطے استوار ہوئے اور پیپلز پارٹی نے بالآخر ہاتھی کے پاؤں میں اپنا پاؤں رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ ”قومی اتفاقِ رائے“ کے حوالے سے ایسا تاریخ ساز منظر کبھی دیکھنے کو نہیں ملا تھا۔ عمران حکومت کے تجویز کردہ قانون پر نہایت عاجزی سے راضی ہوجانے والی اپوزیشن ان دنوں اصرار کررہی ہے کہ وباءکے موسم میں کرونا سے نبردآزما ہونے کی حکمت عملی تشکیل دینے اور ابھی تک لئے اقدامات کی نگہبانی کے لئے قومی اسمبلی کا اجلاس فی الفور طلب کیا جائے۔

 حکومت اس ضمن میں صاف انکار نہیں کر رہی۔ سپیکر اسد قیصر کو اپنی اہمیت جتانے کا موقع نصیب ہو گیا ہے۔ یہ مگر طے نہیں ہوپارہا کہ فی الفور قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد کرنے کی جرات دکھائی جائے یا نہیں۔ سماجی دوری پر اصرار کے دنوں میں یہ کالم لکھنے تک تجویز یہ بھی گردش میں تھی کہ ”سب پر بالادست“ ادارے کا Virtual ”اجلاس“ بلا لیا جائے۔ اسلام آباد پہنچ کر قومی اسمبلی کے ایوان میں بیٹھنے کے بجائے اس کے اراکین اپنے گھروں ہی میں بیٹھے رہیں۔

 Skype یا Zoom جیسی  Appsکے ذریعے اجلاس ”منعقد“ کرلیں۔ دُنیا بھر میں ان دنوں  Work from Home کا طریقہ اپنایا جا رہا ہے۔ میں خود کئی برس سے اسے اپنائے ہوئے ہوں۔ صبح اُٹھ کر ہاتھ سے کالم لکھتا ہوں اور   Whatsapp کے ذریعے ٹائپ کے لئے بھجواتا ہوں۔ ٹائپ شدہ مسودے کو  Whatsappسے وصول کرکے پروف پڑھتا ہوں۔ فون پر غلطیوں کی نشاندہی کر دیتا ہوں۔ ان غلطیوں کو درست کر کے Whatsapp کے ذریعے دفتر بھجوا دیا جاتا ہے۔ 1992 سے انگریزی کالم لکھنے کے لئے کمپیوٹر استعمال کرنا شروع کر دیا تھا۔ دفتر جانے کی ضرورت ہی کبھی محسوس نہیں ہوئی۔

صحافت کے علاوہ بے شمار ایسے شعبے ہیں جہاں گھر بیٹھے ہی کام کیا جا سکتا ہے۔ اہم اداروں کے فیصلہ ساز Skype اور  Zoomکے ذریعے ایک دوسرے سے صلاح مشورہ بھی کر لیتے ہیں۔ قومی اسمبلی جیسے ادارے کا مگر  Virtualہونا ناممکن ہے۔ اس کے 342 اراکین ہیں۔ ان میں سے اگر 20 افراد بھی بیک وقت اپنی ذہن میں آئی کوئی بات کہنے کے لئے سپیکر کی توجہ کے طلب گار ہوں تو  Skypeاور  Zoomکی وجہ سے اس کا اندازہ تک نہیں ہو پائے گا۔  Virtualاجلاس کا تمام تر کنٹرول سپیکر کے پاس رہے گا۔

 ان کے تکنیکی معاون ہی یہ فیصلہ کریں گے کہ کس کا مائیک کھولا جائے۔ کیمرہ کس رکن پر توجہ مرکوز رکھے۔ کسی بھی معاملے پر بھرپور گفتگو لہذا ہو نہیں پائے گی۔ محض دکھاوے کو ایک ”اجلاس“ ہوجائے گا جس کی کارروائی کو Regulateکرنا ممکن ہی نہیں۔ تکنیکی دشواریوں کو فی الوقت نظرانداز کردیتے ہیں۔ انہیں نظرانداز کرتے ہوئے اگرچہ میرے ذہن میں یہ سوال گردش کرتا رہے گا کہ امریکہ جس نے دُنیا کو انٹرنیٹ دیا ابھی تک اپنی کانگریس یا سینٹ کا اجلاس جدید ترین آلات کے ہوتے ہوئے بھی Virtualانداز میں منعقد کیوں نہیں کرپایا۔

 امریکہ میں کرونا جب نقطہ عروج کی جانب تیزی سے بڑھ رہا تھا تب بھی امریکی کانگریس کا ایک باقاعدہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس کانفرنس نے کھربوں ڈالر پر مشتمل اس رقم کی منظوری دی جو بے روزگاروں کو مالیاتی امداد دینے کے لئے خرچ ہوگی۔ اس کے علاوہ Stimulusکے نام پر بے تحاشہ کاروبار بچانے کی کوشش بھی ہوئی۔ جنوبی ایشیاءکے دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی خدا کے فضل سے ابھی تک کرونا کے حوالے سے اس نقطہ عروج کی جانب تیزی سے نہیں بڑھ رہا جس نے اٹلی، فرانس، سپین اور امریکہ جیسے ممالک میں قیامت برپا کردی ہے۔

اس حقیقت کو ذہن میں رکھتے ہوئے عمران حکومت بتدریج لاک ڈاؤن میں نرمی اختیار کرنے پر اصرار کر رہی ہے۔ صرف سندھ حکومت اس ضمن میں مزاحمت دکھا رہی ہے۔ دیہاڑی داروں کے غم میں لیکن کراچی کے کاروباری حضرات نے اسے اپنے رویے میں نرمی لانے پر مجبور کیا۔ دیہاڑی داروں کے غم میں مبتلا نظر آنے والوں کو یہ حق ہرگز حاصل نہیں کہ قومی اسمبلی کا  Virtualاجلاس بلانے پر زور دیں۔ ذرا ٹھنڈے دل سے غور کیجئے۔ ایک جانب آپ اصرار کیے چلے جارہے ہیں کہ کرونا ”نزلہ زکام“ ہی کی ایک قسم ہے۔

 اس کی زد میں آیا شخص فطری مدافعتی نظام کی بدولت 14 دنوں میں ازخود شفایاب ہوجاتا ہے۔ صرف 60 سال سے زائد عمر کے افراد اس کی وجہ سے موت کا شکار ہوتے ہیں۔ اگرچہ ان کی تعداد بھی انتہائی قلیل نظر آتی ہے۔ کرونا کی زد میں آکر ہلاک ہونے والوں کی کثیر تعداد پہلے سے ویسے بھی بلڈپریشر، شوگریا دل کی بیماری کے ساتھ زندہ تھی۔ کرونا نے ان کی بیماریوں کو مزید خطرناک بنادیا۔ ہمیں سماجی دوری پرکسی نہ کسی طرح کار بند رہتے ہوئے لاک ڈاؤن کو سمارٹ طریقے سے استعمال کرنا چاہیے۔

یہ بات ایمان داری سے کوئی کہنے کی جرات نہیں دکھا رہا کہ پاکستان جیسے ملک کو اپنے مخصوص حالات کے تحت زندگی رواں رکھنے کے لئے Herd Immunityکا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ یہ اصطلاح استعمال کیے بغیر مگر ہم اس پر کاربند ہوئے نظر آرہے ہیں۔ مختلف کاروبار کھول دیے گئے ہیں۔ اس ضمن میں تعمیراتی سرگرمیوں کو ترجیح دی گئی ہے۔ میرے گھر کے پچھواڑے میں میری بیوی کے بھائی کا گھر زیر تعمیر ہے۔ گزشتہ ایک ماہ سے وہاں کام رکا ہوا تھا۔

 اتوار کے دن تین مزدور آ گئے۔ پیر کی شام تک ان کی تعداد دس سے تجاوز کر چکی تھی۔ منگل کی صبح سے وہ چھت ڈالنے کے لئے سریے کا جال بچھانے میں مصروف ہیں۔ بہت تندی سے ”لیٹ نکال“ رہے ہیں۔ یہ کالم لکھنے سے قبل میں نے کافی دیر تک ان کا مشاہدہ کیا۔ رزق کمانے کی مجبوری نے ان مزدوروں کو اپنے آبائی قصبات سے اسلام آباد لوٹ کر کام کرنے پر مجبور کیا۔ ایسے ہی کئی مزدور اسلام آباد کے علاوہ پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی صرف تعمیرات ہی نہیں دیگر شعبوں میں بھی مشقت کرنا شروع ہو گئے ہوں گے۔

 قومی اسمبلی کے اراکین خود کو عوام کے ”حقیقی نمائندے“ کہلوانے پر اصرار کرتے ہیں۔ سوال اُٹھتا ہے کہ جب لاکھوں کی تعداد میں ہمارے عوام اپنے گھروں سے نکل کر رزق کمانے کی مشقت میں مصروف ہوجائیں۔ زندگی بحال ہونے کا تاثر دیں تو ان کے ”حقیقی نمائندے“ کس منہ سے اپنے گھروں تک محدود ہوئے قومی اسمبلی کا ”اجلاس“ منعقد کرنے کا ڈھونگ رچائیں گے۔ ”ہمارے نمائندوں“ کی بے پناہ اکثریت خوش حال طبقات سے تعلق رکھتی ہے۔  وہ اپنی صحت کا باقاعدہ خیال بھی رکھتے ہیں۔ ان کے پاس یقینا یہ سکت موجود ہے کہ جدید ترین ماسک اور حفاظتی لباس خرید سکیں۔ ”دیہاڑی دار“ بدنصیبوں کو کاروبار بحال کرنے کے نام پر Herd Immunityکی جانب دھکیلا جارہا ہے تو ان کے ”نمائندے“ زندگی کو ”معمول“ پر لانے میں کیوں گھبرارہے ہیں۔ خود کو واقعتا وطن عزیز کا حتمی فیصلہ ساز ادارہ ثابت کرنا مقصود ہے تو ربّ کریم پربھروسہ کریں۔ اسلام آباد آئیں اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں۔

 اس اجلاس میں شرکت سے قبل تمام اراکین کے ہنگامی بنیادوں پر ٹیسٹ ہو سکتے ہیں۔ ان میں سے جو افراد خدانخواستہ کرونا کی زد میں آئے نظر آئیں وہ اپنے گھروں تک ہی محدود رہیں۔ صحت مند افراد قومی اسمبلی کے وسیع وعریض ہال میں تشریف لائیں جسے روزانہ کی بنیاد پر جدید ترین آلات اور ادویات کے ذریعے  Disinfect کیا جا سکتا ہے۔ یہ اجلاس ٹی وی سکرینوں پر براہ راست دکھایا جائے۔ اس میں ہوئی گفتگو کو Muteکرنے یا سکرین سے غائب کرنے کی حماقت سے گریز ہو۔

قومی اسمبلی میں متحرک ہوئے ”اپنے نمائندوں“ کو دیکھ کر خوفزدہ عوام کی اکثریت کو یقین آجائے گا کہ گھبرانا نہیں۔ زندگی کو رواں رکھنا ہے۔ اپنے فرض کی ادائیگی کے لئے میرے یا آپ کے ”نمائندوں“ کو ہر اعتبار سے محفوظ ترین شمار ہوتی قومی اسمبلی کی عمارت میں آنے کا حوصلہ نہیں تو ہماری اشرافیہ اپنے دھندے رواں رکھنے کے لئے غریب عوام کو Herd Immunity  کے دریا میں کودنے کو کیوں مجبور کررہی ہے؟