ڈاکٹر سعدیہ ارشد (مرحومہ) کے ساتھ گزارے چند لمحوں کا احوال
10 اپریل 2019 کی سیاہ صبح اپنے ساتھ ایک بری خبر لائی۔ ایسی حقیقت جس کو آنکھوں کے سامنے دیکھنے کے باوجود کوئی بھی یقین کرنے کو تیار نہیں تھا۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس اینڈ سافٹ وئیر انجینیرنگ کی عمارت میں ایک کہرام برپا تھا۔ ڈیپارٹمنٹ کے احاطے میں ہچکیوں اور سسکیوں کا شور تھا۔ معلوم کرنے پر پتا چلا کہ ڈاکٹر سعدیہ ارشد کا آج صبح انتقال ہو گیا ہے۔ کسی صورت اعتبار نہیں آ رہا تھا۔
اعتبار آتا بھی کیسے؟ اتنی کم عمری میں کیسے جا سکتی ہیں؟ ابھی کل ہی تو سرسری سی ملاقات ہوئی تھی، بالکل اِسی جگہ۔ مگر وہ ”کل“ تھا اور یہ ”آج“ ہے۔ ڈاکٹر سعدیہ ارشد کی موت کا ذکر زبان زد عام تھا۔ ہم اضطراب کی سی کیفیت میں ڈاکٹر سعدیہ کے آفِس تک گئے۔ دروازے کی اوٹ سے اندر کو جھانکا۔ یقین تھا کہ میڈم صاحبہ اپنی کرسی پر موجود ہوں گی بالکل اسی طرح جیسے گزشتہ روز یہیں چہرے پر اَزلی مسکراہٹ سجائے اپنے کام میں مشغول تھی۔
مگر نہیں! یہ کیا؟ وہاں کوئی نہ تھا! میز پر قلم، پانی کی بوتل، مگ، فائلز اور کتابوں سے لے کر لیپ ٹاپ اور چار جر تک ہر چیز اسی ترتیب سے موجود تھی جس ترتیب سے کل۔ نہیں تھی تو صرف سعدیہ ارشد ہی نہیں تھی۔ وہ سعدیہ ارشد جو بیماری کی حالت میں بھی رخصت نہیں لیتی تھی۔ اب وہ جا چکی تھی کبھی نہ آنے کے لیے۔ واقع زندگی بہت ہی نا پائیدار شے ہے۔ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ ڈیپارٹمنٹ کی سب سے ”برق رفتار“ ٹیچر ہونے کا اعزاز رکھنے والی ڈاکٹر سعدیہ ارشد کو دوسرے جہاں جانے کی بھی اتنی ہی جلدی ہو گی۔ ”برق رفتار“ اِس لیے کہ وہ اپنا کورس مقررہ وقت سے پہلے مکمل کر وا دیتی تھی۔ اور باقی امور میں بھی خاصا چست تھیں۔
جلدی میں تو آپ رہتی ہی تھیں لیکن ایسا بھی کیا تھا اب؟ ہماری ڈگری کی پہلی کلاس کا پہلا لیکچر آپ نے لیا تھا۔ ہم نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ڈگری کے آخری سمیسٹر کے آخری لیکچر میں آپ موجود نہیں ہوں گی ۔ زندگی کا اختتام تو ایک ازلی حقیقت ہے، آپ چلی گئیں، ہم سب بھی چلے جائیں گے۔ لیکن یہ ایک ایسی دوڑ ہے جو ہم جیتنا نہیں چاہتے۔ شاید کوئی بھی جیتنا نہیں چاہتا، بس کچھ لوگ ہوتے ہیں آپ جیسے جو خوشیاں اور محبتیں بانٹ کر چلے جاتے ہیں۔
اور ہمیشہ کے لیے دلوں پر اپنا نقش چھوڑ جاتے ہیں۔ ہمیں تو آپ سے بہت سے معصوم شکوے تو تھے ہی مگر وہیں دماغ میں بہت سی الجھنیں اور سوالات تھے۔ معصومانہ شکوہ یہ تھا کہ آپ اگلے ہی دن کوئزز اور پیپرز چیک کر کے کیوں لے آتی ہیں؟ چھٹی کیوں نہیں کرتیں؟ کسی دن تو لیکچر ملتوی کر دیں۔ اتنی بھی کیا اب وقت کی پابندی؟ آخری تاریخ کے بعد کسی کا بھی کورس رجسٹریشن فارم منظور نہیں کرتی تھیں۔ اور ہم بیچاروں کو کوآرڈینیٹر آفس کے عملے کا سامنا کرنے کے لیے تنہا چھوڑ دیتی تھیں۔
میں اور میرا گروپ ہمیشہ دیر کردیتا تھا اور پھر اس لا پروا ہی کے نتائج بھی بھگتنا پڑتے تھے۔ اتنی سی غلطی کی اتنی بڑی سزا کیوں؟ اصولوں پر رتی برابر بھی سمجھوتہ نہیں کرتی تھیں۔ مگر ساتھ ہی ساتھ اپنے شاگردوں سے تو حد درجہ اپنائیت سے مخاطب ہو تی تھیں گویا منہ سے پھول جھڑتے تھے۔ اب آتے ہیں ان الجھنوں اور سوالات کی طرف جو آپ کی شخصیت کو لے کر پہلے دن سے تھے۔ وہ یہ کہ ہر وقت کیسے مسکرا لیتی ہیں؟ یہ زندگی ہے۔
جوشی اور غمی زندگی کا حصہ ہے۔ غصہ تو دور کی بات آپ کا چہرہ کبھی سپاٹ دیکھا ہی نہیں۔ ہمہ وقت چہرے پر مسکراہٹ سجی ہوتی تھی۔ آپ تو مر کر اس سوال اور الجھن کا جواب بھی دے گئیں کہ میں اندر سے خوش نہیں تھی، میں تو مسکرا کر اپنے غموں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتی تھی۔ اور دوسرا یہ کہ مجھے تو جانے کی بھی جلدی نہیں تھی۔ میں تو شاید وقت سے پہلے ہی اگلے جہان پہنچا دی گئی ہوں، وہ بھی کسی ”بہت اپنے“ کے ہاتھوں!
بقول کیفی اعظمی:
تم اتنا جو مسکرا رہے ہو
کیا غم ہے جس کو چھپا رہے ہو
آنکھوں میں نمی ہنسی لبوں پر
کیا حال ہے کیا دکھا رہے ہو
ویسے تو پورا ڈیپارٹمنٹ ہی غمزدہ تھا مگر آپ کی سب سے اچھی دوست اور کولیگ مِس زکیہ جلیل آپ کو دن رات یاد کرتی رہتی ہیں۔ لیکچر کے دوران آپ کا ذکر کہیں نہ کہی سے نکل ہی آتا ہے۔ مس زکیہ جلیل لکھتی ہیں کہ :
”سعدیہ اور میری دوستی کوسٹر میں ہو ئی جس میں ہم سفر کرتے تھے۔ اس کے بعد ہم کبھی الگ نہیں ہوئیں۔ ہم دونوں یونیورسٹی میں ہم جماعت تھیں۔ ایک ساتھ گریجویشن مکمل کیا۔ کونووکیشن جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ سعدیہ بی۔ سی۔ ایس ( BCS) میں گولڈ میڈلسٹ تھی۔ ہال میں رش ہو نے کے باعث گولڈ میڈل حاصل کر نے والے طلباء وطالبات کو علیحدہ بٹھایا گیا تھا۔ اس طرح اس اہم دن کے موقع پر سعدیہ میرے ساتھ نہیں تھی۔
اس کے بعد ہم نے اکٹھے ماسٹرز کرنے کا ارادہ کیا اور اپنی ہی یونیورسٹی میں داخلہ لیا۔ کلاس میں تعداد کم تھی۔ لہذا ہماری دوستی اور بھی زیادہ پختہ ہو گئی۔ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے منعقد کردہ ایک تقریب میں ہماری جماعت نے ایک بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ہم نے ایک ڈرامہ پیش کیا۔ اسکرپٹ سے لے کر لباس کے انتخاب تک کے مراحل سعدیہ نے اپنے ذمے لیے۔ “ حسین فاطمہ ”کا مرکزی کردار بھی سعدیہ نے نبھایا۔ مجھے بھی زبردستی دو اساتذہ کی مضحکہ خیز نقل اتارنے پر مجبور کیا گیا۔
مجھے یاد ہے کہ سعدیہ نے باقی لڑکیوں کے ساتھ مل کر جونئیرز کی رِیگنگ ( تعلیمی اداروں میں رائج ایک انوکھا رواج جس میں نئے آنے والے طلبا ء کے ساتھ ہنسی مذاق کیا جاتا ہے اور بہانے سے پیسے بھی بٹورے جاتے ہیں) بھی کی تھی۔ جبکہ میں اس قسم کے خرافات کے سخت خلاف تھی۔ یہی وجہ تھی کہ سعدیہ اور اس کی ٹیم نے میرے فرشتوں کو بھی خبر نہ ہو نے دی اور جونئیرز کی ریگنگ کی۔ اب ان پیسوں سے دعوت اُڑانی تھی۔ لہذا مجھے بھی زبردستی اپنے ساتھ شامل کیا گیا اور ہمارا ٹولا اٹیلین اوون جا دھمکا۔
میں نے بہت احتجاج کیا۔ اس کی دو وجوہات تھیں۔ پہلی یہ تھی کہ چونکہ وہ رِیگنگ کی پیسے تھے جس کو میں حرام سمجھتی تھی۔ دوسری وجہ یہ تھی کہ مجھے ہوٹلنگ میں زیادہ دلچسپی نہ تھی۔ مگر بے سود۔ میں کیا کرتی؟ سعدیہ کے آگے بھلا میری کہاں چلتی؟ وہ جیت گئی اور میں ہار گئی۔ مگر سچ بتاؤں تو وہاں بہت مزہ آیا۔ سات لڑکیاں جس طرح ایک ٹیکسی میں سمائیں وہ ایک الگ کہانی تھی۔
وقت ہوا کے گھوڑے پر سوار سر پٹ دوڑ رہا تھا۔ آخر کار ماسٹرز کے کونووکیشن کا دن بھی آن پہنچا۔ پہلے کی طرح اس بار بھی تقریب کا انعقاد جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوا۔ اب کی بار رش کم تھا۔ چنانچہ ہم دونوں ایک ساتھ بیٹھے تھے۔ جبکہ ہمارے والدین اوپر گیلری میں موجود تھے۔ عین اُس وقت سعدیہ کو اطلاع دی گئی کہ وہ اِس بار گولڈ میڈلسٹ نہیں ہے۔ ہوا کچھ یوں تھا کہ پہلے ڈیپارٹمنٹ نے سعدیہ کو غلط آگاہ کیا تھا کہ اس بار بھی وہی گولڈ میڈلسٹ ہے۔
یوں اس نے سارا وقت بظاہر تو مسکراتے ہوئے گزارا مگر اس کی آنکھوں میں اداسی نمایاں تھی۔ مجھے اُس کی یہ اداسی بہت غمگین کر رہی تھی۔ مگر آج جب میں ماضی کی یادوں کو کھرچ کھرچ کر کاغذ کے اس پرزے پر اتار رہی ہوں تو میرا دماغ یہ سوچنے پر مجبور ہے کہ گولڈ میڈل کا ملنا یا نہ ملنا واقعتًا کتنی چھوٹی سی بات تھی۔ اس سے زیادہ قیمتی تو وہ لوگ تھے جو آج نہیں ہیں، وہ وقت تھا جس کی تب قدر نہ تھی۔ کونووکیشن سے پہلے ہمیں پتا چل چکا تھا کہ ہم دونوں کا اپنی ہی یونیورسٹی میں بطور لیکچرار انتخاب ہو چکا ہے۔
اسی خوشی میں ہم نے بلیو ایریا جا کر آئس کریم بھی کھائی۔ مگر ایک بار پھر ایڈمن کی ایک اور معصومانہ غلطی کے سبب سعدیہ کا انتخاب مسترد کر دیا گیا اور یوں اس بیچاری کو اپنا حق دو سال بعد ملا۔ اس کے لیکچرار بننے کے ٹھیک ایک ماہ بعد اکتوبر 2009 میں یونیورسٹی کے فیمیل کیفیٹیریا میں خود کش دھماکہ ہو گیا۔ میں اور سعدیہ تمام وقت امدادی کاموں میں ساتھ ساتھ رہیں۔ غمگین خاندانوں سے ساتھ اظہار ہمدردی کے لیے ان کے گھروں تک گئیں۔ شاید اس دل خراش واقعے نے مجھ سمیت سب کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ تب سے ہمیں اپنے شاگرد اور بھی زیادہ عزیز ہو گئے۔ شاید یہی حادثہ ہم دونوں کی زندگیوں میں اہم موڑ ثابت ہوا۔
خیر وقت پر لگا کر اڑتا گیا۔ ہم دونوں ساتھ خریداری کرتیں۔ ہماری پسند اور نا پسند بھی یکساں تھی۔ ہم کھانا بھی ایک ہی وقت منگواتے تھے اور ساتھ مل کر کھاتے تھے۔ زندگی بہت حسین تھی مگر اچانک سب ختم ہو گیا۔ سعدیہ میرے سامنے مردہ حالت میں لیٹی تھی۔ وہ لڑکی جو دلہن بن کر بھی مجھ سے ملنے کے لیے کھڑی ہو گئی، اور خود چل کر آگے تک آ گئی تھی، وہ سعدیہ جو ہر بار مجھ سے گرم جوشی سے ملتی تھی، آج میرے دھاڑیں مارنے پر ہِلی بھی نہیں۔
دیکھ بھی نہیں رہی تھی۔ میرا دل بیٹھا جا رہا تھا۔ سانس رک رہا تھا مگر سعدیہ کو کوئی پروا ہی نہیں تھی۔ اس کی نیند کسی صورت ٹوٹ نہیں رہی تھی۔ یا شاید میں ہی کوئی ڈراؤنا خواب دیکھ رہی تھی۔ جو ٹوٹا ہی نہیں۔ اللہ میری دوست اور میری امی کو جنت الفردوس میں خوش و خرم رکھے۔ ان کی قبریں روشن، کشادہ اور جنت کا باغ ہو ں۔ نیک اعمال ان کی قبریں میں ساتھی بن کر آئیں تاکہ وہ تنہا نہ ہوں۔ اور ہم سب جنت میں اکٹھے ہوں۔ ( آمین )
ڈاکٹر فریحہ انور رانا لکھتی ہیں کہ :
” سعدیہ ایک بہت اچھی انسان اور میری بہت پیاری دوست تھی۔ ہمیشہ مسکراتی رہتی اور ہر کسی کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار۔ اللہ اچھے لوگوں کو جلد بلا لیتا ہے۔ اللہ اسے جنت میں اعلیٰ مقام دے۔ ( آمین) ۔ “


