ماضی کو بھلانا آسان نہیں ہوتا


عموماً جب ہم کسی سے بات کرتے ہیں یا کچھ دیکھتے ہیں تو کچھ چیزیں ایسی ہوجاتی ہیں جن کی وجہ سے آپ کو آپ کا ماضی اور اس میں ہونے والے واقعات یاد آتے ہیں۔ اکثر کبھی بیٹھے بیٹھے آپ کو بھی خیال آتا ہوگا کہ کاش وقت پیچھے چلا جائے۔ میں اپنے اچھے وقت کو دوبارہ گزار لوں۔ جو مجھ سے غلطیاں ہوئی ہیں ان کو درست کر لوں۔ ذہن بہت سی ترکیبیں سوچتا ہے لیکن اس وقت تک بہت دیر ہوجاتی ہے۔

وقت اتنی عجیب چیز ہے اگر برا گزر جائے تو جان نہیں چھوڑتا اور اچھا تو کبھی واپس نہیں آتا۔ برے وقت کا سایہ اتنا سیاہ ہوتا ہے کہ اچھے وقت کی روشنی کو اپنے اوپر پڑنے ہی نہیں دیتا۔ آپ کی موجودہ اور آنے والی خوشیوں اور امیدوں کو کھا جاتا ہے۔ آپ خوش رہنا بھی چاہیں تو دماغ چیزیں بھولتا نہیں ہے۔ ڈر لگتا ہے کہ آپ کہیں زیادہ خوش ہوگئے تو تو مزید برا نہ کچھ ہو جائے اور سامنے والا دیکھ کر کہتا ہے یہ بندہ پاگل ہے۔

برا وقت گہرے زخم کی طرح ہوتا ہے، مرحم لگا لیں، لیکن نشان کبھی نہیں جاتا۔ جب آپ اس نشان کو دیکھتے ہیں توزخم کی ایک پوری کہانی آپ کی آنکھوں کے آگے چلنے لگتی ہے۔ وقت پیچھے نہیں جا سکتا۔ جو گزر گیا اس کے اثرات اور نتیجے جھیلنے پڑتے ہیں۔ یہ اثرات اور نتیجے تو قبر تک ساتھ رہتے ہیں مختلف حوالوں سے آپ واپس اسی زمانے میں پہنچ جاتے ہیں۔ آپ کے چہرے پر مسکراہٹ بھی آجاتی ہے اور آنکھوں میں آنسو بھی۔ کچھ حسرتیں، کچھ ندامتیں آپ کے ارد گرد منڈلانے لگتی ہیں۔ آپ یاد کرنا نہیں چاھتے لیکن لوگ یاد کرواتے رہتے ہیں کیونکہ سکون میں کوئی کسی کو نہیں دیکھ سکتا۔ اور لوگوں سے مراد آپ کے اپنے قریبی ہوتے ہیں۔

ان اپنوں میں کچھ اپنے ایسے ہوتے ہیں جو اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہوتے ہیں۔ ان کا زخم تازہ رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ لیکن انہیں اپنوں میں کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جو آپ کو اس دنیا سے ہی رخصت کرنا چاھتے ہیں کہ آپ انہیں یاد کر کے پریشان کیوں ہو رہے ہیں، انہیں کے پاس جا کے اوپر سے ہمیں دیکھیں۔ آپ ہمیں یاد کرنا اور ہم آپ کو کریں گے۔

لیکن اگر ہم یہ کہیں کہ اس کا حل نکالا جائے تو یہ بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ ذہن بٹانے کی جتنی بھی کوشش کی جائے، جتنے مرضی حربے استعمال کر لئے جائیں، تھوڑے وقت کے لئے آپ سب بھلا تو سکتے ہیں لیکن سب مکمل نہیں بھولتا۔ اسی وجہ سے اپنے آپ کو مضبوط رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ زخم وہ تازہ کریں جن سے آپ کو تکلیف نہیں ہوتی اور یاد وہ سب کریں جوآپ کے لئے بہت ضروری ہے۔ تو کوشش کریں کہ برے وقت کو بھول جائیں اپنا اچھا وقت یاد کریں اور ایسے لوگوں کو نظر اندازکرنے کی کوشش کریں جو آپ کو بار بار سب یاد دلا کر اذیت دیتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments