پنجاب کی 80 فیصد مساجد میں 20 نکاتی معاہدہ پر عمل نہیں ہو رہا
ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پنجاب اور وفاقی دارالحکومت کی 80 فیصد مساجد میں 20 نکاتی معاہدے پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔
انگریزی روزنامے ڈان کے مطابق یہ سروے پتن ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی جانب سے پہلی تراویح کے موقع پر کیا گیا۔ تنظیم نے مختلف شہروں میں 40 لوگوں کو 20 نکاتی معاہدے پر عملدرآمد کا مشاہدہ کرنے کیلئے مساجد میں بھیجا تھا۔ ان لوگوں نے فی کس 4 سے 5 مساجد میں تراویح کی نماز کی ادائیگی دیکھی۔
سروے کے آبزورز نے پہلی تراویح کے موقع پر 4 نکات پر عملدرآمد کا مشاہدہ کیا۔ ان نکات میں مسجد سے باہر فٹ پاتھ پر تراویح نہ پڑھنا، نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ رکھنا، لوگوں کو فیس ماسک پہننے کی تاکید اور گھر سے وضو کرکے آنا شامل ہے۔
سروے رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ پنجاب اور اسلام آباد کی 80 فیصد مساجد میں علماء کرام اور حکومت کے درمیان طے پانے والے 20 نکاتی معاہدے پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔


