مولانا طارق جمیل ایک اچھے انسان ہیں: حمزہ علی عباسی


سابق پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی کا معروف مبلغ مولانا طارق جمیل کے حق میں بیان سامنے آ گیا ہے۔

واضح رہے کہ حمزہ علی عباسی کی جانب سے مولانا طارق جمیل کے حق میں بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مولانا نے میڈیا سے متعلق اپنے بیان پر معافی مانگی تھی۔

ایسے میں حمزہ علی عباسی کی جانب سے ایک ٹوئٹ کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ مولانا طارق جمیل ایک اچھے انسان ہیں۔ اللّٰہ سبحانہ وتعالیٰ مولانا طارق جمیل پر ان کی زندگی اور آخرت میں رحمتیں نازل فرمائے۔

لاک ڈاؤن کے دوران غریب عوام کی فلاح کے لیے احساس ٹیلی تھون کے اختتام پر مولانا طارق جمیل نے دعا بھی کروائی جبکہ اس قبل انہوں نے پاکستان سمیت پوری دنیا کے میڈیا کو جھوٹا قرار دیا تھا۔

مولانا طارق جمیل نے یہ بھی کہا تھا کہ ’ایک ٹی وی چینل کے مالک نے مجھ سے نصیحت طلب کی میں نے کہا کہ چینل سے جھوٹ ختم کردو، اس شخص نے کہا کہ چینل تو ختم ہوسکتا ہے لیکن جھوٹ نہیں۔‘

اس ٹیلی تھون کے بعد سینئر صحافی و اینکر حامد میر نے مولانا طارق جمیل سے اپنے ان الفاظ پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد مولانا طارق جمیل نے ایک نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے معافی مانگی تھی۔

سوشل میڈیا پر کچھ شہری حامد میر جبکہ کچھ مولانا طارق جمیل کو درست قرار دے رہے ہیں۔

Facebook Comments HS