نیب آرڈیننس پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی تصدیق، آرمی چیف کی توسیع سے کوئی تعلق نہیں: اسد عمر
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ نیب آرڈیننس کا آرمی چیف کی توسیع سے کوئی تعلق نہیں۔ قومی احتساب بیورو (نیب) آرڈیننس پر کچھ مشاورت ہوئی، کچھ تحفظات اور تجاویز بھی آئی تھیں۔ اپوزیشن کو نیب آرڈیننس میں ترمیم کیلے کسی لین دین کی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی۔ انہوں کہ کہا کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اگرایسا کچھ کہا ہے تو زیرک سیاستدان ہیں، میری جہاں سیاسی سوچ ختم ہوتی ہے ان کی وہاں سے شروع ہوتی ہے۔
انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں موجودہ ملکی اور سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 18 ویں ترمیم اچھا اقدام تھا، لیکن کچھ کمی نظر آرہی ہے۔ 18ویں ترمیم میں کچھ سقم نظر آئے ہیں۔ جب تک وفاق اور صوبے ساتھ مل کرکام نہیں کریں گے، معاملات حل نہیں ہوں گے۔ تمام سیاسی جماعتیں اس پر بیٹھ کر بات کر سکتی ہیں۔ یہ اختیارات کی جنگ کا معاملہ نہیں ہے، ہم مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ ہم کوئی اختیار صوبوں سے نہیں لینا چاہتے۔ اسد عمر نے کہا کہ نیب آرڈیننس کا آرمی چیف کی توسیع سے کوئی تعلق نہیں۔ آرڈیننس کی ایک مدت ہوتی ہے ، جب تک پارلیمنٹ منظور نہیں کرتی، تو وہ قانون نہیں بن سکتا۔


