نیب آرڈیننس اور 18ویں ترمیم پر حکومت اور اپوزیشن میں کوئی بات چیت نہیں چل رہی: شیری رحمٰن


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے اٹھارویں ترمیم اور قومی احتساب بیورو (نیب) ترمیمی آرڈیننس پر حکومت سے بات چیت کی تردید کردی۔

سینیٹر پی پی شیری رحمٰن نے اٹھارویں ترمیم اور نیب ترمیمی آرڈیننس پر ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ اس معاملے پر حکومت اور اپوزیشن میں کوئی بات چیت نہیں چل رہی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سے 3 مہینے سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، 18ویں ترمیم کو واپس لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

پی پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ 18ویں ترمیم وفاق کی زنجیر اور پوری پارلیمنٹ کا وقار ہے، اس حوالے سے اپوزیشن سے نہ کوئی بات ہوئی اور نہ ہوسکتی ہے۔ شیری رحمٰن نے یہ بھی کہا کہ 18ویں ترمیم کا اپوزیشن کے ہوتے ہوئے کوئی ایک لفظ بھی تبدیل نہیں کرسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں ملک کو تقسیم کرنے کی بات کیوں ہو رہی ہے۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید میڈیا بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کا فیصلہ 27 اپریل کو ہو جائے گا، وفاقی وزراء کی اپوزیشن جماعتوں سے بات چیت چل رہی ہے۔

Facebook Comments HS