کرونا: واشنگٹن پوسٹ کی پریشان کن رپورٹ


عالمی سطح پر معتبر گردانے امریکی اخبار ”واشنگٹن پوسٹ“ میں ایک تحقیقاتی رپورٹ چھپی ہے۔ گزشتہ دودنوں سے بے تحاشا لوگوں کو اس نے پریشان کررکھا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق کرونا کی زد میں آئے مریضوں کی واشنگٹن کے جدید ترین ہسپتال ”ماؤنٹ سینائی“ میں ہنگامی بنیادوں پر دیکھ بھال کرتے ڈاکٹر اس خدشے کا اظہار کرنا شروع ہوگئے ہیں کہ یہ وبا فقط 60 سال سے زائد عمر والے افراد ہی کے لئے جان لیوا ثابت نہیں ہورہی۔ یہ مفروضہ بھی قابل غور ہے کہ کرونا وائرس انسانی جسم میں داخل ہوجانے کے بعد محض ہمارے نظام تنفس کو اپنی جکڑ میں لینے کی کوشش کرتا ہے۔

گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مذکورہ ہسپتال میں اچانک ان مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا جو فالج کے حملے کے باعث ایمبولینس میں وہاں لائے جارہے تھے۔ ان میں سے اکثر مریض 30 سے 50 سال کے درمیان والی عمر کے تھے۔

نظر بظاہر فالج کا نشانہ بنے مریضوں کا تشخیصی عمل شروع ہوا تو یہ دریافت ہوا کہ ابتدائی طورپر وہ کرونا کی زد میں آئے تھے۔ وائرس جب ان پر حملہ آور ہوا تو ان کے جسم میں فطری طورپر موجود مدافعتی نظام نے بھرپور مزاحمت دکھائی۔ اس مزاحمت کی بدولت وائرس پھیپھڑوں میں داخل نہ ہوپایا تو ان کے دماغ کی جانب بڑھنا شروع ہوگیا۔ وہاں داخل ہونے کے بعد کرونا وائرس دماغ کو خون مہیا کرنے والی رگوں میں قیام پذیر ہوگیا۔

دماغ کی رگوں میں خون کی ترسیل اس ”ناکے“ کی بدولت رکتی ہے جسے طبی زبان میں کلاٹ کہا جاتا ہے۔ فالج کی زد میں آئے مریضوں کے دماغ سے کلاٹ کو نکال کر خون کی روانی بحال کردی جاتی ہے۔ کرونا وائرس سمیت فالج کا شکار ہوئے مریضوں کے دماغ مگر سی ٹی سکین کی بدولت دیکھے گئے تو وہاں کلاٹ sایک جال کی صورت پھیلتے نظر آئے۔ تناسب کے اعتبار سے لہذا انتہائی قلیل تعداد کو بچانے کی کوششیں بارآور ہوئیں۔ ”صحت یاب“ ہوجانے کے باوجود ایسے مریضوں کے ہاتھ یا پاؤں عمر بھر کے لئے مفلوج ہوگئے۔

”واشنگٹن پوسٹ“ میں چھپی یہ رپورٹ کئی اعتبار سے انتہائی پریشان کن تھی۔ ٹھوس شہادتوں کی بنیاد پر یہ رپورٹ کرونا وائرس کے بارے میں پھیلے کم از کم دو مفروضوں کے ضمن میں اہم ترین سوالات اٹھاتی ہے۔ پہلا مفروضہ یہ کہ کرونا ”نزلہ زکام“ ہی کی ایک قسم ہے جو ہمارے نظام تنفس کو اپنی جکڑ میں لینے کی کوشش کرتا ہے۔ اس سے بھی زیادہ اہم اور مقبول ترین مگر یہ تصور ہے کہ اگر کرونا وائرس 18 سے 50 سال کے درمیان والی عمر کے لوگوں پر حملہ آور ہو تو ان کی بے پناہ اکثریت ہمارے جسم میں فطری طورپر موجود مدافعتی نظام کی بدولت زیادہ سے زیادہ دو ہفتوں میں ”ازخود“ شفایاب ہوجاتی ہے۔

18 سے 50 سال کے درمیان والے افراد کی اکثریت کو ذہن میں رکھتے ہوئے پاکستان ہی نہیں دُنیا کے بے شمار ملکوں کی حکمران اشرافیہ اصرار کررہی ہے کہ وبا کے موسم میں شہروں کو مسلسل لاک ڈاؤن کی زد میں نہ رکھا جائے۔ خوف سے گھروں میں محصور نہ رہا جائے۔ زیادہ تر کاروبار کھول دیے جائیں۔ 60 برس سے زائد عمر کے لوگ اگرچہ گھروں ہی میں بیٹھے رہیں۔ زندگی کسی نہ کسی صورت رواں ہوگئی تو آبادی کی اکثریت ہرڈ امیونٹی کی بدولت کرونا کے نام پر مسلط ہوئی وبا کو گزرجانے کی سہولت فراہم کردے گی۔ کاروبار مکمل طورپر بند ہوجانے کی وجہ سے کرونا شاید لاشوں کے انبار نہ لگاپائے۔ بے روزگاری مگر فاقہ کشی کو فروغ دے گی۔ کرونا سے محفوظ رہے افراد بالآخر بھوک کی وجہ سے موت کی لپیٹ میں آنا شروع ہوجائیں گے۔

”واشنگٹن پوسٹ“ میں چھپی رپورٹ کو دو سے زیادہ مرتبہ انتہائی تشویش کے عالم میں پڑھنے کے بعد میں نے ا پنے فون پر لگائے ٹویٹر اکاؤنٹ کا رُخ کیا۔ ہمارے ریگولر اور سوشل میڈیا میں اس رپورٹ کا ذکر نہ ہونے کے برابر تھا۔ صحت عامہ کے ایک امریکی ماہر کے اس دعویٰ پر البتہ اطمینان بھرے دل سے غورکیا جا رہا تھا کہ تیز دھوپ کرونا وائرس کے خاتمے میں مدد کارثابت ہوگی۔ ”چسکے“ کی طلب میں اس رپورٹ کا ذکر بھی ہورہا تھا جس نے ”دریافت“ کیا ہے کہ سگریٹ نوشی کے عادی افراد کی اکثریت کرونا وائرس سے محفوظ رہی۔ اس رپورٹ کو ذہن میں رکھتے ہوئے حکومتِ فرانس کو یہ حکم جاری کرنا پڑا کہ ہمارے جسم کو نیکوٹین فراہم کرنے والی گولیاں یا پیچز کے فروخت میں احتیاط برتی جائے۔ لوگوں کو بارہا یہ بھی یا ددلانا ضروری تھا کہ سگریٹ نوشی ہر حوالے سے مضرِ صحت ہے۔ اس سے اجتناب ضروری ہے۔

بحیثیت ایک ریٹائرڈ رپورٹر میری شدید خواہش تھی کہ میرے چند متحرک اور نوجوان ساتھی پاکستان کے ہسپتالوں کا رُخ کریں۔ وہاں سے یہ معلوم کرنے کی کوشش ہوکہ وشنگٹن کی طرح لاہور، کراچی یا اسلام آباد کے ہسپتالوں میں بھی فالج کی زد میں آئے مریضوں کی تعداد میں ”اچانک“ اضافہ تو نہیں ہورہا۔ اس ضمن میں کوئی سنجیدہ کاوش مگر نظر نہیں آئی۔

گزشتہ ہفتے کا آخری کالم میں نے جمعرات کی صبح لکھا تھا۔ اسے دفتر بھیجنے کے بعد گہری نیند سوگیا۔ سہ پہر اُٹھا تو ہمارے میڈیا اس ٹیلی تھان کا منتظر نظر آیا جس میں وزیر اعظم نے بذاتِ خود شریک ہوکر لوگوں سے کرونا کے مقابلے کے لئے چندے کی اپیل کرنا تھی۔ ٹی وی میں دیکھتا نہیں ہوں۔ وہ ٹیلی تھان ختم ہوگئی تو سوشل میڈیا کی بدولت دریافت ہوا کہ ہمارے ایک جید اور عوام میں انتہائی مقبول مولانا طارق جمیل صاحب کی مذکورہ Eventکے اختتام پر کروائی ”دُعا“ ایک بھرپور بحث کا آغاز کر بیٹھی ہے۔ تاثر اس ”دُعا“ کے سبب یہ پھیلا کہ ”بے حیائ“ عورتوں کی وجہ سے پاکستان پر کرونا کا عذاب نازل ہوا۔ اس کے علاوہ ”جھوٹ کو فروغ“ دیتے میڈیا کے لئے بھی ہدایت کی فریاد ہوئی۔

جھوٹ کو مبینہ طورپر فروغ دیتے میڈیا کے سیلیبرٹی اینکر حضرات کی اکثریت مذکورہ ٹیلی تھان میں وزیر اعظم کے ہمراہ موجود تھی۔ ان میں سے چند خود کو ”جھوٹا“ شمار کرنے پر بہت چراغ پا نظر آئے۔ وہ گینگ اپ ہوئے تو طارق جمیل صاحب نے میرے بھائی محمد مالک کے شو میں نمودار ہوکر غیر مشروط معذرت کا اظہار کردیا۔

معاملہ مگر ختم نہیں ہوا۔ ٹیلی تھان کے عین دوسرے روزوزیر اعظم صاحب نے یوٹیوب پر لوگوں کی ذہن سازی کے مشن پر مامور حق گو نوجوانوں کے ایک وفد سے طویل ملاقات کی۔ دورِ حاضر کے ذہن ساز نوجوانوں کو عمران خان صاحب نے مطلع کیا کہ 2012 کے بعد ہمارے اینکر خواتین وحضرات کی اکثریت نے ”چور اور لٹیرے“ سیاست دانوں سے بھاری رقوم لے کر خلقِ خدا کو گمراہ کرنا شروع کردیا۔ عوام مگر بہت ہوشیار ہوتے ہیں وہ ”بکاؤ“ میڈیا کے جھانسے میں نہیں آئے۔ اینکر خواتین وحضرات بلکہ اپنی ساکھ لٹابیٹھے۔ اب ان کے پروگراموں کو لوگوں نے دیکھنا چھوڑ دیا ہے۔

”بکاؤ“ میڈیا کی بے نقابی کے بعد ابلاغ کے شعبے میں جو خلاء پیدا ہوا ہے اسے حق گو نوجوانوں کو یوٹیوب پربنائے چینلوں کے ذریعے پُرکرنا چاہیے۔ لوگوں کو ”انفارمیشن“ یعنی ٹھوس اطلاعات پہنچانے کے علاوہ یوٹیوب پر چھائے نیک طینت انفلوئنسرز کو وطن عزیز میں پھیلی فحاشی کا مقابلہ بھی کرنا چاہیے۔ مغربی اقدار کے مقابلے میں مشرقی اقدار کو اجاگر کیا جائے۔ ہماری اقدار محفوظ نہ رہیں تو ہمارا خاندانی نظام طلاق کی شرح بڑھ جانے کی وجہ سے تباہ وبرباد ہوجائے گا۔ مشرقی اقدار کو ٹیلی وژن سکرینوں پر کیسے پیش کرنا ہے اس ہنر کو جاننے کے لئے اس ٹی وی ڈرامے سے رجوع کیا جائے جو ترکی میں مقبول ہوا تھا۔ اسے اُردو زبان میں ڈب کرکے ان دنوں پی ٹی وی پر دکھایا جا رہا ہے۔

عمران خان صاحب کی گفتگو سے فیض یاب ہونے کے بعد یوٹیوب پر چھائے حق گو ذہن سازوں نے جرأت ایمانی سے ان ”خونی لبرلز“ اور ”بکاؤصحافیوں“ کی کلاس لینا شروع کردی جو مولانا طارق جیل صاحب جیسی دیندار شخصیت کے خلاف گینگ اپ ہوگئے تھے۔

مشرقی اقدار کے تحفظ کے لئے چھڑی اس جنگ کی گہماگہمی نے اس ملک میں ابھی تک ”ناقابلِ فروخت“ ٹھہرائے کسی صحافی کو یہ مہلت ہی نہ دی کہ وہ لاہور، کراچی اور اسلام آباد کے ہسپتالوں میں کرونا کے خلاف جنگ میں مصروف ڈاکٹروں سے یہ جاننے کی کوشش کرے کہ حالیہ دنوں میں کرونا کے علاوہ فالج کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا نظر تو نہیں آرہا۔ میڈیا جھوٹ سے آزاد ہوتا تو دکھائی دیتا ہے۔ ”انفارمیشن“ یعنی ٹھوس اطلاعات کی تلاش کا سفر لیکن ابھی تک شروع نہیں ہوا۔
بشکریہ نوائے وقت۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments