اے آر وائے کے اسلام آباد دفتر میں 20 کارکنوں کا کورونا ٹیسٹ: آٹھ کا نتیجہ پازیٹو آ گیا
نجی ٹی وی چینل اے آر وائے کے اسلام آباد دفتر میں بھی کورونا وائرس سے متاثر 8 افراد کے ٹیسٹ مثبت آ گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی اے آر وائے نیوز کے مالک ” سلمان اقبال “ نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ”احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے اے آر وائے اسلام آباد آفس میں رینڈم کورونا ٹیسٹ کروایا گیا ہے۔ 20 افراد میں سے 8 کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ دو افراد میں علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ ہم نے اپنا اسلام آباد آفس بند کر دیا ہے۔ تمام سٹاف کا ٹیسٹ کروایا جائے گا اور دفتر کو سینٹائز کیا جائے گا۔ جب تک تمام افراد کے ٹیسٹ نہیں ہو جاتے اس وقت تک تمام افراد کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔“
سلمان اقبال کے ٹویٹ پر صحافی صابر شاکر نے سما چینل کے دفتر میں کورونا کیسز کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ سٹاف میں تین لوگ فیصل ایدھی کے گھر ریکارڈنگ کیلئے گئے تھے جبکہ تین لوگ قریبی مسجد، جو کہ سیل کر دی گئی ہے، میں جاتے تھے۔ متاثرہ لوگوں میں زیادہ ترفیلڈ کے لوگ ہیں۔


