مختارے وزرا کو گھر بٹھائیے


ایسا لگتا ہے کہ ایک ایماندار شخص عمران خان کے عہدے کی مناسبت سے قائم ”وزیر اعظم کرونا ریلیف فنڈ“ اپنا اعتماد کھو چکا ہے۔ حالات کی بے یقینی اور حکومتی اعتماد کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ نیدرلینڈ میں موجود پاکستانی اوریجن کے بزنس مین، بیرون ملک مقیم حکومتی جماعت کے مدرالمہام ہونے کے دعویدار لوگوں کو ”فیس سیونگ“ کے لئے ”پی ایم کرونا فنڈ“ کے لئے رقوم دینے کی بجائے عمران خان کے سائن والی چیزیں سیل کرنے کے لئے دے کرسرمائے کے ساتھ ساتھ اپنے تعلقات بھی بچا رہے ہیں۔

نیدر لینڈ میں ماضی میں یہ دیکھا گیا ہے کہ کسی بھی چیئرٹی کے لئے بیس سے چالیس ہزار یوروز تک کی ڈونیشن ایمبیسی آف پاکستان کے شوشل میڈیا پیچ پر ایڈورٹائزنگ اور پاکستان ہاؤس دی ہیگ میں ایک سے دو گھنٹے کے منعقدہ پروگرام میں با آسانی حاصل ہوجایا کرتی تھیں۔ صورتحال مگر اب مختلف ہو چکی ہے۔ کرونا ریلیف فنڈ میں عطیات کے لئے سفارت خانہ پاکستان کے ناظم الامور کو ویڈیو پیغام میں پاکستانی کمیونٹی سے بار بار اپیل کرنا پڑ رہی ہے کہ نیدر لینڈ سے اب تک صرف دس ہزار یورو کے قریب عطیات ”پی ایم کرونا ریلیف فنڈ“ میں اکٹھے ہو پائے ہیں، جو کہ ناکافی ہیں۔

سفارت خانہ پاکستان کی کوششوں کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا کرونا کی مشکل صورتحال سے نکلنے کے لئے جذبہ قابل ِستائش ہے مگر بیرون ممالک میں موجود بہت سے پاکستانی شاید اب اسی نتیجے پر پہنچے ہیں کہ حکومتی یا پرائیویٹ این جی او ٹائپ اداروں کی بجائے اپنے جاننے والے اور پاکستان میں موجود عزیزواقارب کے ذریعے ذاتی طور پر لوگوں کی مدد کر دی جائے۔

اوورسیز پاکستانیوں کے بدلتے رویے بے وجہ نہیں ہیں، اوورسیز پاکستانی اپنے لئے وطن ِعزیز میں ناکافی سہولیات کے ساتھ ساتھ حکومتی طرزِ عمل اور امیج سے بھی شاکی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ آخر کو چین سے کرونا کا جو حفاظتی سامان آیاہے، وہ بھی تو صرف منسٹرز، گورنرز اور انتظامیہ کے اہم عہدیدار فوٹو اسیشنز کے لئے لے اُڑے ہیں۔ یہ ناعاقبت اندیش حکومتی عہدے دار، ناکافی حفاظتی ساز و سامان کے باوجود فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کی کثیر تعداد کے زخموں پر نمک چھڑکنے اکثر پہنچے ہوتے ہیں۔ اس صورتحال میں حکومتی اداروں میں عطیات کیوں دیے جائیں؟

وزیر اعظم عمران خان صاحب، لوگ آپ کی قدر کرتے ہیں مگر یہ ذرا پہلے فوٹو اسیشنز کرانے والے اپنے وزراء و عہدیداران کی لگام تو کھینچیں، ندیم افضل چَن کی طرح اپنے ”مختاروں“ کو گھر بٹھائیے۔ لوگوں کو ”پی ایم کرونا فنڈ“ پراب تک کی حکومتی کارگردگی دیکھتے ہوئے بالکل بھی اعتماد نہیں ہے!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments