پہلا روزہ، آدھا سیب اور کٹ چائے


حسب معمول اپنے سرکاری دفتر، جو کہ ( لازمی خدمات) اسینشل سروس کی وجہ سے اس کرونا جیسی وبا میں بھی کھلا ہوا ہے، سے واپسی پر میں پچاس روپے کا دودھ لے کر ڈفینس کراچی کے علاقے میں کرائے کے فلیٹ پر آکر رات کو کھانے کے بعد عادتن دودھ کو پلاسٹک کی شاپر سے شیشے کے گلاس میں روزانہ کی طرح اتار کر پی کر آدھے دودھ کی چائے بنانے لگا۔ چائے بناتے وقت مجھے بچا ہوا دودھ روزانہ کے حساب سے مقدار میں کم لگا، خیر میں نے چائے تو بنالی لیکن ”کٹ چائے“ پیتے ہوئے مجھے سندھ یونیورسٹی جامشورو کی ہاسٹل کی کینٹین پر ملنے والے کٹ چائے یاد آنے لگی

اس ہاسٹل والے کٹ چائے کو یاد کرتے ہوئے ٹی وی پر نیوز چینل لگا کر چائے کی چسکیاں لگاتے بریکنگ نیوز دیکھتا رہا، جس میں سر فہرست نیوز چل رہی تھی کہ ”رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، کل سے ملک بھر میں پہلا روزہ ہوگا“ دوسری بریکنگ نیوز ملک میں کرونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور لاک ڈاؤن کے بارے میں تھی۔

کٹ چائے تو صرف ان دو بریکنگ نیوز کے ختم ہونے سے پہلے ہی ختم ہو گئی جبکہ عموماً ایسا نہیں ہوتا، کیونکہ بھرے ہوئے چائے کے کپ اور نیوز کی ٹائمنگ کم سے کم خاص خاص خبروں تک تو ساتھ ساتھ چلتی تھی۔ اس دفعہ کٹ چائے پینے کے بعد ایک دو ٹاک شو دیکھ کر اور ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر کچھ اپ ڈیٹس دیکھتے ہوئے مجھے جلدی نیند آگئی صبح جب ناشتے کے لئے میں دودھ والے کے پاس گیا تو آج وہاں معمول کی طرح لوگوں کا رش نہیں تھا اور دودھ والا بھی خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہا تھا۔

میں ان سے انڈے اور صبح کی چائے کے لیے دودھ لینے سے پہلے رات کو دودھ کی مقدار کم ہونے کے حوالے سے بات شروع کرنے والا تھا تو، وہ دودھ والا مجھ سے مسکراتے ہوئے سوال کرنے لگا، ”صاحب! آج بھی ناشتے کا سامان لینے آئے ہو کیا؟“ میں نے جواب دیا ”جی ہاں۔ کیوں آج کیا ہوا ہے؟“ ۔ اس نے کہا ”صاحب تم بھی نہ۔ ارے یار آج پہلا روزہ ہے، تو تم نے روزہ نہیں رکھا؟“ مین نے جواب دیا، ”جی نہیں، میں تین چار سال سے روزے نہیں رکھتا“ ۔ ”اؤ۔ توبہ! توبہ! ، کیوں صاحب؟“ ، اس نے جلدی میں بولا، میں نے جواب دیا، ”کیونکہ مجھے شوگر ہے اور مجھے ڈاکٹر نے روزے رکھنے سے منع کیا ہے“ ۔

اس نے حیران ہوتے کہا، ”یہ ڈاکٹر لوگ بھی نہ۔“ ، میں نے ان کی بات کاٹتے ہوئے کہا، ”اچھا چھوڑو ان باتوں کو مجھے یہ بتاؤ کہ رات کو تم سے کوئی بھول ہو گئی تھی کیا، جو میں نے تم سے پچاس کا دودھ لیا جیسے روزانہ لیتا ہوں جس میں سے آدھا پیتا ہوں اور بچے ہوئے دودھ سے چائے بناتا ہوں، لیکن رات کو دودھ کم ہونے کی وجہ سے مجھے مجبوراً کٹ چائے پینی پڑی۔“

میری پوری بات غور سے سننے کہ بعد وہ ہنس پڑا اور کہنے لگا، ”صاحب رات یکم رمضان تھی اور آج پہلا روزہ۔“ میں نے بولا ارے بھائی رمضان کا دودھ کے والیوم سے کیا تعلق، اتنے میں میرے پیچھے اور دودھ شاپ کے سامنے سماجی فاصلے رکھنے کے لیے بنائے گئے گول دائروں میں کچھ لوگ آکر کھڑے ہوگئے اور جب تک ان کی باری آئے تب تک وہ آپس میں سحری، افطاری اور ساتھ ساتھ پانی کے ٹینکرز کے بڑھتے ہوئے نرخوں، بجلی اور گئس کی لوڈ شیڈنگ کی شکایتیں اور کرونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے مریضوں کے اعداد و شمار کا جائزہ بھی لے رہے تھے۔

بعد میں اپنی باری آنے پر انہوں نے دودھ والے س دہی، دودھ اور انڈے وغیرہ کا آرڈر دے کر میرا وہاں سے فارغ بونے کا انتظار کرنے لگے اتنے میں دودھ والا ان تمام لوگوں کے آرڈر سننے کے فوراً بعد، وہ ہنس کر مجھے ناشتے کا سامان (انڈے اور دودھ کی شاپر) ہاتھ مین پکڑا کر بولا ”اب تم روزانہ کی طرح سامنے والے فروٹ شاپ سے جب ایک عدد سیب خریدنے جاؤ گے تو پتا چل جائے گا پہلے روزے اور پورے رمضان کا۔ اور یہ بھی کہ یہاں ہمارے پیارے ملک میں یکم رمضان کا مطلب کیا ہوتا ہے؟“

میں نے بھی اور لوگوں کی وجہ سے دودھ والے سے مزید بات کرنے سے گریز کیا، اور سیدھا فروٹ شاپ والے کو روزانہ کی طرح پچاس روپے دے کر ایک عدد درمیانہ مگر اچھا سا سیب لے آنے کے لیے کہا، تو فروٹ والے نے فوراً کہا کہ ”صاحب۔ آج ایک سیب ستر روپے کا ملے گا کیونکہ آج پہلا روزہ ہے“

میں نے اس فروٹ والے سے بھی کہا یار ایک بات تو سمجھاؤ پہلے روزے کا سیب سے یا اس دودھ سے کیا تعلق ہے؟ میں اپنے ہاتھوں میں پکڑا ہوا دودھ والا شاپر اوپر کرتے اسے دکھاتے ہوئے کہا۔ فروٹ والا جوان مجھے معاشیات اور مارکیٹ کا سادہ اصول ”ڈیمانڈ اور سپلائی“ اپنے مخصوص پشتو لہجے والی آسان اردو میں سمجھانے لگا جس کو میں اپنے دماغ کے ٹرانسلیشن والے حصے کو حرکت میں لاتے ہوئے مشکل سے سندھی میں ترجمہ کرتے ہوئے سمجھنے کی کوشش کرتا رہا، بعد میں ان کی مارکیٹنگ سے متاثر ہوتے ہوئے ستر روپے دے کر سیب لے کر فلیٹ پر آکر سوچتا رہا کہ اگر آدھا چائے کہ کپ سے کام چل جاتا ہے تو آدھے سیب سے کام کیوں نہیں چل سکتا؟ ایپل والے بھی تو کٹے ہوئے سیب سے کام نکالتے ہیں۔

مجھے تو شک ہے کہ نیوٹن نے جس سیب کو گرتے ہوئے دیکھا تھا وہ بھی آدھا ہی ہوگا کیونکہ اس وقت بھی ہو سکتا ہے رمضان کا مہینہ ہو، اور بڑھتے ہوئی نرخوں کی وجہ سے آدھا سیب نیچے زمین پر گر گیا ہو اور آدھا اوپر درخت میں اٹک گیا ہو، تبھی تو نیوٹن سوچنے پہ مجبور ہوا اور اس کی عظیم سوچ کے نتیجے میں نظریہ کشش ثقل وجود میں آیا جو بھی ایک قسم کا اس وقت کا نظریہ ضرورت تھا۔

میری اس سائنس اور معاشیات کی عظیم سوچ جو کہ تھوڑی وقت جاری رہتی، تو رمضان المبارک کے مہینے میں روز مرہ کی اشیا کی بڑھتے ہوئے داموں کے حل کے لیے کوئی نہ کوئی سستا نظریہ وجود میں آجاتا۔ لیکن اتنے مین مجھے اپنے صاحب کی آفس سے فون کال آگئی اور کہا کہ جلدی دفتر پہنچو کیونکہ رمضان کی آفس ٹائمنگ ایمرجنسی ڈیوٹی پر لاگو نہیں ہوتی، ہاں مگر تنخواہ ضرور کاٹی جاتی ہے۔


One thought on “پہلا روزہ، آدھا سیب اور کٹ چائے”

  • 02/05/2020 at 5:27 شام
    Permalink

    good page

Comments are closed.