میر ا سیاسی کردار ہے اور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کی اپنی مہارت ہے: شبلی فراز


وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ میرا سیاسی کردار ہے جب کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کی اپنی مہارت ہے، ہم ایک ٹیم بن کر کھیلیں گے اور وزارت اطلاعات کو جدید خطوط پر استوار کریں گے۔

وزارت اطلاعات میں تبدیلیوں سے متعلق سوال پر فاقی وزیر نے کہا کہ وزارت اطلاعات پرانے خطوط پر چل رہی ہے، وزارت اطلاعات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے، وزارت اطلاعات کا مقصد صرف حکومت کی تعریفیں کرنا نہیں ہوتا۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ سے متعلق سوال پر شبلی فراز نے کہا کہ میرا ایک سیاسی کردار ہے جب کہ عاصم باجوہ کی اپنی مہارت ہے، ہم مل کر اور ایک ٹیم بن کرکھیلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزرائے اطلاعات کی ماضی میں رخصت اچھی نہیں رہی، میری دعا ہے مجھے اس منصب پر باعزت طریقے سے فرائض انجام دینے اور مکمل کرنے کی توفیق ملے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمیں اندرونی و بیرونی چینلجز سے نمٹنا ہے، آج کل باقاعدہ جنگیں نہیں ہوتیں بلکہ میڈیا وارز ہوتی ہیں۔ ہمیں دیکھنا ہے کہ بھارت سمیت ہمارے دشمن ملک ہمارے خلاف کیسے پروپیگنڈا کرتے ہیں۔ شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پاکستانی میڈیا کا کردار اور اس کے ورکرز میرے دل کے قریب ہیں، میڈیا کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور بقایاجات ادا کریں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments