حکومتی ذرائع نے فردوس عاشق اعوان کے الزامات مسترد کر دیئے


حکومتی ذرائع نے فردوس عاشق اعوان کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے ذرائع کا کہناہے کہ کیا ایسا ممکن ہے کہ وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کسی کو مستعفی ہونے کا کہیں یا اپنے تئیں انہیں ڈی نوٹیفائی کر دیں۔

ذرائع کے مطابق پرنسپل سیکریٹری کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں۔ وہ صرف وزیراعظم کے احکاما ت پہنچانے اور ان پر عملدرآمد کرنے کے پابند ہیں۔ ذرائع کے مطابق بیوروکریسی، صحافی اور سیاستدان فردوس عاشق اور متعلقہ بیوروکریٹ کی ساکھ سے اچھی طرح واقف ہیں جن کو سابق معاون خصوصی نشانہ بنا رہی ہیں۔

اگر میڈیا فردوس عاشق کو ہٹانے کی وجہ جاننا چاہتا ہے تو اس کیلئے سب سے موزوں شخص وزارت اطلاعات کا وہ اعلیٰ ترین عہدیدار ہے جسے فردوس عاشق نے ہٹایا تھا۔

ذرائع کے مطابق فردوس عاشق سے پہلے چینی انکوائری کمیشن کی تشکیل پر جہانگیر ترین نے بھی اعظم خان کو تنقیدکا نشانہ بنایا تھا۔ ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد سمیت دیگر پرنسپل سیکریٹریز پر بھی ماضی میں اسی طرح تنقید ہوتی رہی ہے ۔

Facebook Comments HS