خلیل الرحمن قمرصاحب اور کتے کی موت مرنے کی دعا


کچھ دن پہلے شیطانی ڈبے کے سامنے ضیاعِ وقت کی نیت لئے مختلف چینلز کو کھنگالتے ہوئے ایک ایسے صاحب علم کی سحرانگیز گفتگو کو کانوں میں انڈیلنے کا موقع ملا، جو نام سے خلیل الرحمن قمر اور پیشہ سے ”ماہر خواتین امور وفا داری“ کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ حالات حاضرہ کے جس پروگرام میں موصوف کی لب کشائی کا خاص اہتمام کیا گیا تھا، اس میں موضوع سخن ممدوح زمانہ کی ایک ”خطا“ تھی، جس کے خطاوار تو اس خطا کی ذمہ داری قبول کر چکے ہیں لیکن ان کے حامی نہیں۔

خیر گرما گرم گفتگو کے دوران ایک نازک موڑ پر ناظرین کے دماغوں پر اپنے دل کے گرد وغبار کو جھاڑتے ہوئے خلیل الرحمن صاحب ایک ایسی معصوم حسرت کا اظہار کر بیٹھے، جس کی خواہش ویسے تو ہر شریف النفس شخص دل میں رکھتا ہے لیکن سرعام بیان کرنے کی کوشش کوئی کوئی ہی کرتا ہے۔ حضور عالی فرماتے ہیں کہ ”ان کا دل چاہتا ہے کہ وہ دعا کریں کہ لفافے لینے والے صحافی کتے کی موت مریں“ ۔ اس سے پہلے کہ اشکبار آنکھیں رکھنے والا مشہور حلقہ ”میرے پاس تم ہو“ گرو جی کی اس دعا پر آمین ثم آمین کی ورد کرنا شروع کردیتے، موصوف نے بریک پر پیر رکھا اور عصرحاضر کے تقاضوں کا احترام کرتے ہوئے بولے اگر (لفافے والے کتے کی موت مرنا شروع ہو جائیں) ایسا ہو جائے تو بچیں گے کتنے؟ اور جو بچ جائیں گے ہم ان کا کیا کریں گے؟

بدقسمتی سے خواتین، صحافیوں کے بعد کتے کہلانے جانے والے یہ معصوم جانور خلیل صاحب کی اس فہرست میں شامل ہو گئے ہیں، جن سے حسنِ سلوک رکھنے کے وہ قطعاً روادار نہیں۔ خیر اس چوپایے سے خلیل صاحب کی عداوت اپنی جگہ لیکن ایسا تو ہو ہی نہیں سکتا کہ قمر صاحب کی ”آہیں“ بدکلامیوں کی بنیاد پر صحافیوں کو تو کتے کی موت نصیب کرتی ہوں لیکن حکمراں طبقہ اور ماضی کے برسر اقتدار سیاست دانوں کو مستثنی قرار دے سکیں؟

یہ ایلیٹ کلاسیے کتے کی موت مرنے کے مستحق کیوں نا ہوں جب ان کے حرکات و سکنات معاشرہ میں بے روزگاری، مہنگائی وغربت جیسے مسائل پروان چڑھاتی ہیں؟ اسی ڈگر پر قمر صاحب کے اصول کا بوجھ اٹھاتے ہوئے دوڑیں تو کیا ہماری ایسے ٹھیکے دار بھی کتے کی موت مرنے کا استحقاق نہیں رکھتے جومذہب کے نام پر اخلاقی اور روحانی قدروں کو پامال کرنے میں پیش پیش ہوتے ہیں؟ اس ”راہ راست “ پر ایک قدم اور بڑھاتے ہیں، کیا ایسے لوگ ”غیر کتے“ کی موت مرنے کے حقدار ہیں جن کی جھولیاں قانونی ذمہ داریوں، اختیارات، نامزدگیوں، اور معاشرتی اصول وضع کے سازومان سے بھری پڑی ہیں لیکن وہ اس کو غریب کی منڈی کی بجائے بلیک میں بیچنے پر مصر ہوتے ہیں؟

یہ بھی تو ناممکن ہے کہ قمر صاحب منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف امتیازی سلوک برتے ہوئے ان میں کتے کی موت مرنے کا لنگر نا بانٹیں؟ کیا یہ خدائی فوجدار (معذرت ایڈیڑ صاحب! براہ کرم یہ جملہ کاٹیں۔ میرا بٹن ڈھیلا ہے۔) خیر اس معاشرے میں کتے کی موت مرنے کا ہر وہ شخص مستحق ہے جو اخلاقی گراوٹ، اعلیٰ اقدار کی کمی اور عملیت کے فقدان کی وجہ سے بگاڑ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا ہے۔ ایسے لوگوں کے لئے کتے کی موت مرنے کی دعائیں مانگنے کی قطعاً ضرورت نہیں کیونکہ حقیقتاً یہ لوگ مرتے ہی کتے کی موت ہیں۔ جس کا ہم ادراک نہیں کر پاتے۔

اب اگر قمر صاحب کے سوال کا جواب دیں کہ بچیں گے کتنے اور ہم ان کا کیا کریں گے۔ تو جناب ایسی دعاؤں کی قبولیت کے بعد وفاداری اور ایثارومحبت کے پیکر یہ ”کتے“ ہی بچ بائیں گے جنہیں ہم تصیحک آمیز لقب سے نواز کر اپنی اس خفت کو مٹانے کی کوشش کرتے ہیں جو ہمیں احساس کمتری میں مبتلا کرتی ہے۔ اور بچ جانے والوں کا ہم کچھ نہیں کرسکیں گے کیونکہ وہ تو زمین پر بن جانے والی جنت میں خوب عیش کررہے ہوں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments