اس کے پیچھے یہودی لابی کام کر رہی ہے



اگر آپ پاکستان میں رہتے ہیں تو آپ کو یہ فقرہ گلی بازاروں میں عام سننے کو ملتا ہو گا۔ ”اس کے پیچھے یہودی لابی کام کر رہی ہے“ خاص طور پر اگر آپ پڑھے لکھے مسلمان ہیں اور ایسے مسلمان جو اسلام کے نام پر بنائی گئی من گھڑت کہانیوں پر یقین نہیں رکھتے۔ اس صورت میں آپ کی سوچ اور آپ کے کردار پر انگلیاں اٹھا کر کچھ سڑک چھاپ لوگ بھی آپ کو یہودی لابی کا حصہ بول کر آپ کے پاکستانی ہونے پر سوالیہ نشان چھوڑ دیں گے۔

عورتوں کا جینز پہننا ہو یا مرد کا پینٹ کوٹ پہننا، پاکستان میں آپ کو یہودی بنا سکتا ہے۔ کالج میں مسٹر چپس کا پڑھانا بھی یہودی لابی کی شازش ہے۔ کوئی من گھڑت حدیث کے بارے میں سوال کرنا اور ریفرنس مانگنا بھی یہودی لابی کا منصوبہ ہے۔ اصل میں یہودی لابی ہمارے ملک میں فسادات پیدا کر کہ ہمیں ترقی سے روکنا چاہتی ہے۔ شاید ان کو ڈر ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر پوری دنیا کو اپنے قبضے میں نہ لے لے۔ باقی دنیا کے مسلم ممالک میں تو اس قدر صلاحیت نہیں کہ وہ یہودیوں کو کسی قسم کا نقصان پہنچا سکیں۔

اس لئے سب سے بڑا خطرہ پاکستان ہے۔ عمران خان ہوں یا مجھ جیسا کوئی عام انسان سب کبھی نہ کبھی یہودی لابی کا حصہ رہ چکے۔ کچھ عرصہ پہلے تک عمران خان صاحب کو قادیانیوں کا بھائی کہنے والے یہودی لابی کا ایجنٹ کہنے والے لوگ آج خان صاحب کے قادیانیوں کو مائینارٹیز کا حصہ بنانے پر سچا مسلمان سمجھنے لگے۔ اسی طرح عام پاکستانی غلطی سے بھی کسی قادیانی سے دوستی کر لے تو اسے بھی یہودی لابی کا حصہ بنا دیا جاتا ہے۔

حسب حال میں جنید سلیم صاحب نے بھی سو فیصد یقین سے کہہ دیا کہ مولانا طارق جمیل صاحب کے خلاف بات کرنے والوں کے پیچھے بھی کچھ اور طاقتیں ہیں جو کہ ان حالات کا فائدہ اٹھا رہی۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ طاقتیں اتنی مضبوط ہیں جو 22 کروڑ عوام کی سوچ کے ساتھ کھلواڑ کرنے میں محارت رکھتی ہیں اور اس کی زد میں ہمیشہ صاحب عقل انسان ہی کیوں آتا ہے۔

جہاں تک میرا خیال ہے مولانا صاحب کے حامیوں میں ایک نمایاں تعداد ان کی ہے جو ہر اس جھوٹی سچی بات پر یقین کر لیتے ہیں جسے حدیث کہہ کر سنا دیا جائے۔ ان کو اتنی توفیق نہیں ہوتی کہ حدیث کی کتابوں سے کنفرم کر لیں یا کم سے کم ”اسلام 360“ ایپ سے ہی دیکھ لیں۔ اگر ان تمام معاملات کا یہودی لابی کو پتہ چل جائے تو وہ شاید خود جنون میں آ کر اسلام قبول کر لیں۔ مجھے بھی اب لگتا ہے کہ شاید یہودی لابی کی ترقی کی وجہ پاکستان کے مسلمان ہیں۔ کیونکہ یہودیوں نے دراصل ترقی نہیں کی انہوں نے پاکستان کے مسلمانوں کو ترقی کرنے سے روکا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments