احمدیوں کی ایک اور سازشں

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

دنیا میں تین قسم کے لوگ رہتے ہیں، مسلم، غیر مسلم اور احمدی۔ یہ احمدی بہت ہی بڑے سازشی لوگ ہیں۔ ابھی ابھی انہوں نے پاکستان اور اسلام کے خلاف ایک اور گھناؤنی سازش کی اور اپنے آپ کو پاکستان کی اقلیتوں کی لسٹ میں باقاعدہ شامل کروا لیا ہے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ پاکستان کی اقلیتیں کتنا مراعات یافتہ طبقہ ہیں۔ اب وہ ساری مراعات انہیں بھی ملنا شروع ہو جائیں گی۔ ان کے مزے ہو جائیں گے۔ حالانکہ وہ اتنے اچھے سلوک کے حقدار نہیں ہیں کیونکہ انہوں نے دنیا کے ساتھ بہت بڑے بڑے ظلم کیے ہوئے ہیں۔

یہ جو تقسیم ہند کے وقت اتنی قتل و غارت ہوئی یہ سب انہیں کا کیا دھرا تھا۔ انہوں نے سازش کی اور ہندوؤں، سکھوں اور مسلمانوں کو ایک دوسرے کے خلاف بھڑکایا۔ انہوں نے ایک دوسرے پر حملے شروع کر دیے اور اتنی قتل و غارت ہوئی۔ پاکستان بننے کے فورا بعد انہوں نے قائداعظم کو پہلے ٹی بی کرائی اور پھر ان کی ایمبولینس خراب کرا دی نتیجہ آپ کے سامنے ہے۔ پھر لیاقت علی خان کو گولی مروا دی۔ وہ اکبر خان کو انہوں نے ہی بھیجا تھا۔ پھر انہوں نے پاکستان کے پہلے وزیر قانون جوگندر ناتھ منڈل کو ورغلایا۔ اسے ایک بہت ہی لمبا سا استعفی لکھ کر دیا جو اس نے دستخط کر کے پاکستان کے حوالے کر دیا۔ وہ استعفی تاریخ کا حصہ بن گیا اور ہمارے لیے ایک مستقل بدنامی کا باعث ہے۔ ظاہر ہے اتنا بڑا ظلم ان کے علاوہ کون کر سکتا ہے۔

صرف یہی نہیں انہوں نے پاکستان کو آگے بڑھنے کا کبھی موقع ہی نہیں دیا۔ پہلے تو پاکستان کا پہلا آئین ہی بہت لیٹ کروا دیا اور پھر جونہی آئیں بنا گیا اور پاس ہوا تو ان احمدیوں کو جنرل ایوب کو تیار کر لیا کہ آگے بڑھو اور جمہوریت اور آئین کی بساط لپیٹ دو۔ ایوب خان بے چارہ شریف آدمی تھا ان کی باتوں میں آ گیا اور وہی کیا۔ پھر جب ایک دفعہ آ گیا تو پھر واپس جانا تو اسے بھی یاد نہیں رہا اور کوئی دس سال انہی کی سازشوں پر چلتا رہا۔ اسی دوران میں جب جنرل ایوب ان کی سازشوں کے چنگل میں تھا تو دوسری جانب وہ مادرملت محترمہ فاطمہ جناح کو غداری پر اکسا رہے تھے۔ مادر ملکت بھی بہت سادہ تھیں ان کے بہکاوے میں آ گئیں اور افغانستان کے ساتھ مل کر غداری شروع کر دی۔ وہ تو بھلا ہو جنرل ایوب کا کہ اس نے جنرل الیکشن نہیں کروایا اور محدود ووٹنگ کی وجہ سے مادر ملت فاطمہ جناح کو عبرت ناک شکست سے دو چار ہونا پڑا۔

اس کے بعد احمدیوں نے دو بڑی سازشیں کیں۔ ایک میں چند کروڑ بنگالیوں کو اپنے ساتھ ملا لیا اور سارے ووٹ مجیب الرحمن کو ڈلوا دیے۔ مجیب الرحمن بھی احمدیوں اور بنگالیوں کے مل گیا۔ سب نے مل کر غداری پر کمر کس لی اور پاکستان کے دو ٹکڑے کر کے اب پچھتا رہے ہیں۔ لیکن اب کیا ہو سکتا ہے۔ اب ہم بھی دوبارہ انہیں ساتھ ملانے کو تیار نہیں ہیں۔ دوسری سازش میں انہوں نے پاکستان کی قومی اسمبلی پر ایسا جادو کیا کہ اپنے آپ کو دائرہ اسلام سے باہر کروا لیا۔ اب یہ ان کی ایک بڑی چالاکی تھی جو کسی کو سمجھ نہیں آئی اور کئی لاکھ لوگ دائرہ اسلام سے باہر ہو گئے۔ یہ سہولت تو کسی ایک شخص کے لیے بھی ناممکن ہے اور پھر لاکھوں لوگوں کو یک دم اس کا حاصل ہو جانا تو بہت ہی غیر معمولی بات تھی۔

اس کے بعد تو خیر احمدیوں نے حد ہی کر دی۔ انہوں نے پاکستان اور اسلام کے خلاف عالمی سطح پر سازشیں شروع کر دیں۔ سوویت یونین کو افغانستان لے آئے اور امریکہ، یورپ اور سعودی عرب کو کہا کہ رکھو پاکستان کے کندھے پر بندوق اور چلا دو۔ وہی ہوا۔ وہ بندوق ابھی تک ہمارے کندھے اور دماغ پر سوار ہے اور ہم فائر کیے جا رہے ہیں۔ سوویت یونین تو چلا گیا، اب ہم اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارے جا رہے ہیں۔ عجیب سازشی لوگ ہیں یہ احمدی۔

چین ہمارا جگری دوست ہے۔ اب یہ چین کے خلاف بھی ہو گئے ہیں۔ احمدیوں کو سنکیانگ کے مسلمانوں سے خاص دشمنی ہے کیونکہ انہوں نے احمدی عقائد قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس پر انتقامی جذبے سے بھرے ہوئے احمدیوں نے چین کی حکومت کو بھڑکا کر سنکیانگ کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ دیے ہیں۔ اس کے بعد احمدیوں ہی نے وہاں پر کورونا وائرس چھوڑا ہے۔ پھر اسے پوری دنیا میں پھیلنے کا موقع دیا ہے اور ٹرمپ کو بتایا ہے کہ یہ صرف چینی وائرس ہے اور یہ سب چین کی غلطی ہے۔ اب ٹرمپ بھی پھنس گیا ہے کیونکہ امریکہ میں کورونا قابو میں نہیں آ رہا۔ ٹرمپ ایک دن جو کہتا ہے وہ دوسرے دن غلط ہو جاتا ہے۔ دیکھیں احمدیوں کی کورونا سازش کا کیا نتیجہ نکلتا ہے۔

احمدی وائرس اور ویکسین کی سازشوں کے تو خاص طور پر ماہر ہیں۔ پہلے ہی پولیو کی ویکسین کے ذریعے پاکستان میں فیملی پلاننگ کو پھیلانا چاہتے تھے۔ لیکن اس معاملے میں ہم چوکنے ہو گئے۔ ہم نے فیملی پلاننگ کو روکا ہوا ہے اور پولیو کو پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ امید ہے کہ اس میں کامیابی ہمارے قدم چومے گی اور احمدیوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔

یہ لوگ پاکستان کے درپے ہیں اور اس میں انہیں کافی کامیابی بھی ہو رہی ہے۔ آئے دن اپنے کسی ڈاکٹر یا بزنس مین کو قتل کروا لیتے ہیں اور آگے سے کوئی احتجاج بھی نہیں کرتے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اس سے وہ ہماری شہرت خراب کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ لیکن یہ ان کی بھول ہے۔ جتنا ہو چکا کافی ہے، اب ہم انہیں پاکستان میں غیر مسلم اقلیتوں والی مراعات نہیں لینے دیں گے۔

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

سلیم ملک

سلیم ملک پاکستان میں شخصی آزادی کے راج کا خواب دیکھتا ہے۔ انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاند۔

salim-malik has 228 posts and counting.See all posts by salim-malik

One thought on “احمدیوں کی ایک اور سازشں

  • 05/05/2020 at 12:44 am
    Permalink

    GHATYA PROPAGANDA NA KRO, HIMMAT HA TU INKE SAZSHON SE PARDA UTHAONHE TU CHUP RHO===QADYANI TATTU

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *