خبریں ان کی۔ جملے ہمارے


دوستوں کی محفل میں گپ شپ چل رہی ہوتو ایسا بھی ہوتا ہے کہ کسی نے کوئی بات کی تو دوسرے نے اس بات پر ایسا جملہ پھینکا کہ بات بہت دور تلک نکل گئی اور محفل جملہ سازی کے کارخانے میں تبدیل ہوگئی۔ جملے پھینکنے والی دوستوں کی اس روایت کو ذیل میں چند تازہ خبروں کے ساتھ بھی آزماتے ہیں۔ ایک خبر: یوٹیوب پر کورونا سے متعلق ہر چار میں سے ایک ویڈیو گمراہ کن ہے، تحقیق۔ جملہ: مخالفین سے متعلق حکومتی پراپیگنڈے کی ویڈیو اس سے بالکل الٹ ہیں کیونکہ ہر چار میں سے تین ویڈیو گمراہ کن ہوتی ہیں، سچائی۔

ایک خبر: آئندہ تین سے چار ہفتے معاشی مشکلات کا سامنا کرنا ہوگا، عبدالحفیظ شیخ۔ جملہ: لو کر لو گل۔ دو سے تین ہفتے کی کیا بات ہے، پاکستانی تو 73 برسوں سے معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، عوام۔ ایک خبر: دنیا کورونا پر وزیراعظم عمران خان کے موقف کی طرف دیکھنے لگی ہے، اسد عمر۔ جملہ: اللہ خیر کرے۔ دنیا شاہ فیصل، ذوالفقار علی بھٹو، ایدی امین، مارٹن لوتھر کنگ، چی گویرا، فیڈرل کاسترو، معمر قذافی اور صدام حسین وغیرہ کے موقف کی طرف دیکھنا شروع ہوئی تو ان کا کیا ہوا، ہسٹری۔

ایک خبر: وائٹ ہاؤس میں استعمال ہونے والی کورونا وائرس ٹیسٹ کٹ مشکوک قرار۔ جملہ: کیا وائٹ ہاؤس میں ہماری ٹیسٹ کٹ سپلائی ہوئی تھی؟ ڈھٹائی۔ ایک خبر: پاکستان ترجیحی ملک ہے، کورونا سے نمٹنے کے لیے ڈیڑھ کروڑ ڈالر دیں گے، امریکہ۔ جملہ: کیا کورونا سے ڈرنا نہیں کے نعرے کی اصل وجہ یہی تھی؟ لمبے ڈالروں کی امید، ہماری نفسیات۔ ایک خبر: نیویارک کے گورنر نے اعلان کیا ہے کہ نیویارک سٹی میں ایک ماہ کے لیے مزید لاک ڈاؤن بڑھایا جا رہا ہے۔

جملہ: امریکہ کی مرکزی حکومت اگر ہماری بات مانے تو اس دیدہ دلیری پر سزا کے طور پر گورنر راج لگانے کی دھمکی دے دے، ہماری روایت۔ ایک خبر: عہدے سے ہاتھ دھونے کے بعد رہنما پی ٹی آئی فردوس عاشق اعوان کے سیاسی رابطے تیز، بلاول نے ملاقات سے انکار کر دیا، نجی ٹی وی کا دعویٰ۔ جملہ: دودھ دہی کی دکان کھول لیں۔ لاک ڈاؤن میں بھی یہ دکانیں کھلی رہتی ہیں، مفت مشورہ۔ ایک خبر: کرپشن کے وائرس کا تریاق عمران خان ہیں، شبلی فراز۔

جملہ: فلاح انسانیت کے لیے ایسے تریاق کا تو پوری دنیا پر چھڑکاؤ کرنا چاہیے، انصافی ٹوٹکا۔ ایک خبر: رویت ہلال کمیٹی نے محکمہ موسمیات کو شوال کے چاند کی پیش گوئی سے روک دیا۔ جملہ: کس کی نوکری خطرے میں تھی؟ استفسار۔ ایک خبر: ماؤتھ واش کا استعمال کر کے کورونا سے بچا جاسکتا ہے، برطانوی ماہرین۔ جملہ: ماؤتھ سافٹ کر کے فساد پھیلانے سے بھی بچا جاسکتا ہے، اینٹی فساد میڈیسن۔ ایک خبر: بھارت کورونا کیسز میں چین سے آگے نکل گیا۔

جملہ: انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بعد بھارت کورونا میں بھی بازی لے گیا، شیم شیم انڈیا۔ ایک خبر: کورونا کی ویکسین رواں برس کے آخر تک تیار کرلی جائے گی، ٹرمپ کا دعویٰ۔ جملہ:ویکسین کی تیاری کی تاریخیں آگے سے آگے بڑھائی جارہی ہیں۔ آخر رواں برس کتنے مہینوں کا ہوگا؟ جھنجھلاہٹ۔ ایک خبر: اسرائیل مغربی کنارے کے علاقے میں یہودی آباد کاروں کی توسیع سے باز رہے، اردن۔ جملہ: ورنہ کیا آپ پہلے کی طرح اسی تنخواہ پر کام نہیں کرتے رہیں گے؟

ظلم کے تماشائی۔ ایک خبر: اپوزیشن میں دم نہیں اور 31 جولائی سے پہلے جھاڑو پھر جائے گا، شیخ رشید۔ جملہ:اپوزیشن میں دم نہیں، حکومت کی دم نہیں، ہاہاہا۔ ایک خبر: تنقید کرنے والے جان لیں ہم جھوٹ اور یوٹرن کا سہارا نہیں لیتے، ترجمان سندھ حکومت۔ جملہ: تو کیا پھر کمیشن کا سہارا لیتے ہیں؟ غیرسیاسی سوال۔ ایک خبر: فیس بک کے پلیٹ فارم نے نفرت بڑھانے میں مدد کی، کمپنی کا اعتراف۔ جملہ: نوجوانوں کی بے پناہ ڈیٹنگ بڑھانے میں بھی مدد کی، معاشرتی یلغار۔

ایک خبر:بظاہر کورونا وائرس کا عنقریب کوئی علاج نہیں، ہمیں اس وبا کے ساتھ ہی رہنا سیکھنا ہوگا، وزیراعظم عمران خان۔ جملہ: جی ہاں نیا پاکستان بن گیا ہے، مجبوراً رہنا بھی سیکھ لیں گے، اعتراف۔ ایک خبر: پی ٹی وی کے پرانے پروگرام کے نام، عید منائیں فنکاروں کے سنگ۔ جملہ: عید منائیں کورونا کے سنگ، اللہ معافی۔ ایک خبر: مقامی سطح پر تیار ہونے والی گاڑیوں کی فروخت میں کمی۔ جملہ:گاڑیوں کی چوری میں اضافہ، طلب اور رسد کا اصول۔

ایک خبر: 8 سال میں پہلی بار پی آئی اے مجموعی طور پر منافع میں آ گئی۔ جملہ: تو کیا اب پی آئی اے منافع میں فروخت ہوگی؟ دکھاوے کے سولہ سنگھار۔ ایک خبر: دبئی سے واپسی کے خواہاں پاکستانی قونصل خانے کا گیٹ پھلانگ کر عمارت میں داخل ہو گئے۔ جملہ: غیر ملک میں جاکر بھی آخر پاکستانی ہی رہے، ہماری عادتیں۔ ایک خبر:ملتے ہیں ایک وقفے کے بعد۔ جملہ: وقفہ طعام کا ہے، قیام کا یا پیدائش کا؟ معصومانہ سوال۔ ایک خبر: کیا خلیج بنگال میں موجود طوفان سے پاکستان کو کوئی خطرہ ہے؟

جملہ: فی الحال سمندری اور سیاسی دونوں طوفانوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے، تجزیہ۔ ایک خبر:رویت ہلال ریسرچ کونسل نے عیدالفطر 25 مئی کو ہونے کی پیش گوئی کردی۔ جملہ: مفتی شہاب الدین پوپلزئی صاحب کو بتائیں، میں نہ مانوں۔ ایک خبر: حکومت کا ملک کے تمام بڑے ائرپورٹ ٹھیکے پر دینے کا فیصلہ۔ جملہ: ٹھیکے داروں میں مزید اضافہ، ٹھیکے داروں کا ملک، حکمران یا بیوپاری۔ ایک خبر: پنجاب میں تازے دودھ کی کھپت میں 40 فیصد تک کمی۔ جملہ: شیخ رشید کے لیے تشویش، میں نے تو کچھ نہیں کہا۔ ایک خبر: آپ کا یہ ہفتہ کیسا رہے گا؟ جملہ: جیسا پہلا ہفتہ رہا ہے۔ پہلا ہفتہ کیسا رہا؟ جیسا یہ ہفتہ رہے گا، نجومی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments