وکی لیکس: ٹرمپ کو ریپبلکن امیدوار بنانے میں ہلیری کا ہاتھ تھا


\"adnan-khan-kakar-mukalima-3\"

امریکہ کی ڈیموکریٹک پارٹی کی حکمران ’ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی‘ ہے۔ یہ مقامی، ریاستی اور قومی انتخابات میں پارٹی کے امیدواروں کو جتانے کے لئے کام کرتی ہے اور انتخابی حکمت عملی طے کرتی ہے۔ ہر چار سال بعد یہ ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن منعقد کرتی ہے جس میں صدارتی امیدوار کی منظوری دی جاتی ہے۔ وکی لیکس نے اس ہیک شدہ کی ایمیلیں لیک کی ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی اور ہیلری کلنٹن نے پس پردہ رہ کر ڈانلڈ ٹرمپ کو ریپبلکن پارٹی کا صدارتی امیدوار نامزد کرانے کی کوشش کی تھی کیونکہ ان کی رائے تھی کہ ہیلری کے مقابلے میں ڈانلڈ ٹرمپ سب سے کمزور ریپبلکن امیدوار ثابت ہو گا اور اسے ہرانا نہایت آسان ہو گا۔

یہ خیال کیا جاتا تھا کہ کوئی بھی مضبوط ری پبلکن امیدوار جیسا کہ سینیٹر روبیو، گورنر کاسچ یا اس قبیل کا کوئی دوسرا شخص ہیلری کو ہرا سکتا ہے۔ جبکہ انتہا پسند اور ہلکے سمجھے جانے والے امیدواروں جیسا کہ ڈانلڈ ٹرمپ، ٹیڈ کروز یا بین کارسن وغیرہ کو ایسا سمجھا جا رہا تھا جو کہ شور مچا کر لوگ تو اکٹھے کر لیں گے مگر امریکی عوام انہیں مسترد کر دیں گے۔ خاص طور پر ہیلری کلنٹن کے لئے ڈانلڈ ٹرمپ کو ہرانا آسان سمجھا جا رہا تھا۔

\"donald-trump\"

ڈی این سی کی رائے میں ہیلری کلنٹن کی ایمیلوں پر ہونے والی ایف بی آئی کی تحقیقات ان کا سب سے زیادہ نازک پہلو تھیں۔ کلنٹن کی کمپین ٹیم کو صرف یہ کرنا تھا کہ میڈیا سے ٹرمپ کی ایسے کوریج کرانی تھی اور اس پر ایسے حملے کروانے تھے کہ عوام کی نظروں میں وہ ریپبلکن صدارتی امیدواروں میں سب سے نمایاں ہو کر سامنے آتا۔

سو ہیلری نے ٹرمپ کو نشانہ بنانا شروع کر دیا اور ٹرمپ نے جواب دینا شروع کیا۔ ریپبلکن صدارتی امیدواروں کی دوڑ میں سب سے آگے سمجھا جانے والا جیب بش کہیں پیچھے دھول میں گم ہو گیا۔ ریپبلکن امیدواروں کی صدارتی نامزدگی کی دوڑ ڈانلڈ ٹرمپ نے جیت لی۔

\"hillary-clinton\"

اس پر ہیلری کلنٹن اور ڈی این سی نے خود کو خوب مبارک باد دی ہو گی کہ ہمارا منصوبہ سو فیصد کامیاب ہوا، ہم نے ریپبلکن پارٹی کا سب سے نکما حریف منتخب کروا دیا جس کے بیانات اور حرکات ایسی ہیں کہ امریکی کسی صورت بھی اسے صدر منتخب نہیں کریں گے۔

امریکیوں نے بڑے مارجن سے ٹرمپ کو صدر منتخب کر لیا۔ ایسی ڈیموکریٹ ریاستیں جہاں کئی دہائیوں سے کوئی ریپبلکن جیت بھی نہ پایا تھا، وہ بھی ٹرمپ کی جھولی میں آن گریں۔ ہیلری کلنٹن کو ایسا صدمہ لگا کہ انہوں نے اپنے حامیوں سے روایتی خطاب کرنے سے ہی انکار کر دیا۔

ٹھیک ہی محاورہ بنا ہے سیانے کوے کے بارے میں۔ کئی بندے دوسروں کے لئے گڑھا کھودتے کھودتے خود اس میں گر جاتے ہیں۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments