ریڈیو پاکستان کے دو ملازمین کرونا سے جاں بحق


انتہائی افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ ریڈیو پاکستان کے دو ملازمین آج کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہو گئے۔ سینئر براڈ کاسٹ انجینئر محمد اشفاق اور اردو زبان کی نیوز ریڈر ہما ظفر وائرس سے انتقال کر گئے۔ محمد اشفاق ریڈیو پاکستان کے مستقل ملازم تھے اور قابلیت اور فنی مہارت میں بے مثال تھے۔ وہ نہایت منکسر المزاج شخصیت کے مالک تھے۔ ہما ظفر کنٹریکٹ بنیاد پر کام کرنے والے نیوز ریڈر تھیں اور گزشتہ 20 سال سے پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن میں قومی خبریں پڑھ رہی تھیں۔

وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ خاتون تھیں جنہوں نے بیرون ملک سے نفسیات کے مضمون میں پی ایچ ڈی کی۔ وہ وقار النساء گرلز کالج راولپنڈی میں بھی سینئر پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر شبلی فراز، سیکرٹری اطلاعات اکبر حسین درانی، ریڈیو پاکستان کی ڈائریکٹر جنرل عنبرین جان، قومی نشریاتی ادارے کے تمام ڈائریکٹرز اور عملے نے ادارے کے دونوں ملازمین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ادھر پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کی ڈائریکٹر جنرل نے پی بی سی ہیڈکوارٹرز میں ایک اجلاس کے دوران متعلقہ عملے کو تمام شعبوں میں احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی تاکہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments