ریڈیو پاکستان کا ماہنامہ آہنگ: اکتوبر 2016


\"najma-hanif\"یزید یت کسی بھی شکل میں ہو، باطل ہے، وہ نظام باطل ہے، وہ معشیت باطل ہے، وہ فلسفہ باطل ہے ۔۔۔ غرض زندگی کا ہر جزو باطل ہے، جبکہ حسینیت کی ہر جہت حق کا نشان ہے۔ آہنگ کے زیرِ تبصرہ شمارے میں محرمُ الحرام کی خصوصیت سے خصوصی مضامین شامل کئے گئے ہیں۔

ماہ اکتوبر کے آہنگ کا آغاز وزیراعظم محمد نواز شریف کے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے متن سے ہوتا ہے جو انہوں نے 21 ستمبر کو نیو یارک میں کیا۔جس میں انہوں نے مسئلہ کشمیر سمیت دیگر عالمی تنازعات کے خاتمے، دہشت گردی کے خلاف جنگ، انسانی حقوق کے فروغ اور ماحولیاتی انحطاط کے چیلنجز پر قابو پانے کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو اُجاگر کیا۔

”خلیفئہ دوم حضرت عمر فاروقؓ احادیث مبارکہ کی روشنی میں“ کے موضوع پر پاکتان نیوی ایجوکیشنل ٹرسٹ کے سلمان محمود کا مقالہ خصوصی بھی اس شمارے کی زینت ہے ۔ جس میں وہ لکھتے ہیں کہ حضرت عمر فاروقؓ کی دینی و دنیاوی فراست کے مسلم و غیر مسلم دونوں ہی قائل ہیں ۔آپ نے بہت سے ایسے محکمے قائم کئے جو آپ سے پہلے قائم نہیں ہوئے تھے اور ان کی اہمیت و افادیت کے پیش نظر وہ محکمے آج بھی جدید دنیا میں قائم ہیں۔

میر انیس اُردو کے ایک ایسے شاعر ہیں جنہوں نے زمینِ سُخن کو آسمان کر دیا ہے۔ جس طرح سودا قصیدہ گوئی میں اور میر حسن مثنوی نگاری میں بے مثل ہیں اسی طرح میر انیس مرثیہ نگاری میں یکتا ہیں۔ وہاب اعجاز خان نے اپنے مضمون” میر انیس کی مرثیہ گوئی“ میں اُن کے فنِ مرثیہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

معروف سوز خواں ناصر جہاں کا نام سوز خوانی اور سلام خوانی کے حوالے سے کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ وہ جب تک حیات رہے ریڈیو پاکستان سے یومِ عاشور کو نشر ہونے والی مجلسِ شامِ غریباں میں ان کی آواز میں ”سلام آخر“ لازمی جزو تھا ۔” اس جہاں میں ایک تھا ناصر جہاں “ کے عنوان سے سید حیدر عباس زیدی کا تحقیقی مضمون بھی اس شمارے میں شامل ہے۔

فن مرثیہ کے فروغ میں ریڈیو پاکستان کا بڑا اہم کردار رہا ہے۔ ریڈیو پاکستان کے آواز خزانہ میں محفوظ یاور عباس، نازش رضوی، ناظر نقوی اور دیگر شعراء کے تخلیق کردہ مرثیے بھی اکتوبر کے” آہنگ“ میں شامل کئے گئے ہیں۔

پاکستان کے پہلے وزیر اعظم اور قائدِ ملت لیاقت علی خان کی شہادت بھی اکتوبر میں ہی ہوئی تھی۔17 اکتوبر 1951 ءکو خواجہ ناظمُ الدین نے ریڈیو پاکستان کے ذریعے اپنی تقریر میں قوم سے خطاب کے دوران قائدِ ملت کو زبردست خراجِ عقیدت اور اپنے وزیرِ اعظم کا عہدہ سنبھالنے کا اعلان کیا۔ان کی یہ تاریخی تقریر بھی زیر تبصرہ شمارے کا حصہ ہے۔

حکیم محمد سعید تاریخ کا ایک درخشاں باب ہیں۔ایک ایسا باب جس کے مطالعے سے ہماری اجتماعی زندگی کو صحیح رُخ مل سکتا ہے اور اگر ہم اس رُخ پر قدم بڑھائیں \"ahang-october\"تو ہمارے بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔اکتوبر میں ہی ہم اس عظیم ہستی سے محروم ہو گئے تھے۔حکیم صاحب کے دیرینہ رفیق اور معروف ادیب مسعود احمد برکاتی کی یادداشتیں ” حکیم محمد سعید ۔۔۔۔۔ ادارہ ساز شخصیت“ کے عنوان سے ان کی یادیں تازہ کرتی ہیں۔

15 اکتوبر کو سفید چھڑی کے تحفظ کا دن سے موسوم کیا گیا ہے اس حوالے سے گورنمنٹ کالج فار مین ناظم آباد کراچی سے منسلک پروفیسر جاوید جعفری کا تحقیقی مضمون بھی ” آہنگ “ کا حصہ ہے۔جو خود بھی نابینا ہیں لیکن ان کی جدوجہد دوسرے نابینا اور بینا افراد کے لئے مشعلِ راہ ہے۔

ڈاکٹر مہرین خانزادہ خورشید گورنمنٹ گرلز کالج کراچی میں پروفیسر ہونے کے ساتھ ساتھ کلینکل سائیکلوجسٹ ہیں۔ آپ نے بینُ الاقوامی کانفرنسوں میں اپنے تحقیقی مقالے بھی پیش کئے ہیں ۔اس کے علاوہ کلینکل سائیکالوجی میں پی ایچ ڈی اسکالر ہیں۔ 2014 ء سے کئی نجی ٹی وی چینلز سے بطور ماہرِ نفسیات شرکت کر رہی ہیں۔ ذہنی صحت کے عالمی دن کے حوالے سے ” ذہنی صحت، نفسیاتی امراض اور ان کا علاج “ کے موضوع پر ”آہنگ “کے لئے اُن کی خصوصی تحریر بھی قارئین کی نذر کی گئی ہے۔

سیما رضا ردا ماہنامہ ” آہنگ “ کے معاونین میں شامل ہیں ۔انہوں نے ” بزرگ شہری محبتوں کے گلاب ہیں “کے خوبصورت موضوع پر بزرگوں کی ایک بیٹھک کا احوال بھی ” آہنگ “ میں شامل کیا ہے۔جس میں ادب، اخلاق، احترام اور تربیت کی انسانی زندگی میں اہمیت کو اُجاگر کیا گیا ہے۔

یوم فضائیہ کے موقع پر پاکستان کی پہلی خاتون فائٹر اور Sword Of Honor اعزاز کی حامل پاک فضائیہ کی پائلٹ سائرہ امین کا خصوصی انٹرویو ریڈیو پاکستان سے قومی نشریاتی رابطے پر نشر ہونے والے پروگرام ” سُکھی گھر “ میں نشر کیا گیا تھا ۔ شریکِ گفتگو تھیں فرح کیانی ۔اس انٹرویو کا احوال بھی شمارے میں شامل ہے۔

اکتوبر میں فنونِ لطیفہ سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات ہم سے جدا ہو گئی تھیں ۔” دائم آباد رہے گی دنیا “ کے عنوان سے شازیہ ناز کا ایک تحقیقی مضمون بھی ” آہنگ ‘ کا حصہ ہے جس میں مسعود رانا، صوفی شاعر بیدل فقیر، بہزاد لکھنوی اور موسیقار خواجہ خورشید انور کے فن و شخصیت پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

اردو ادب میں سفر نامہ کی صنف نمایاں حیثیت کی حامل ہے لیکن نشریات کی دنیا میں معروف براڈ کاسٹر رضا علی عابدی کے ریڈیائی سفر نامے سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔اسی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے ریڈیو پاکستان بہاولپور کے نیوز ایڈیٹر سجاد پرویز نے بہاول پور سے کوئٹہ تک آزادی ٹرین پر سفر کی رُوداد ” روہی سے وادی بولان تک “ کے عنوان سے قلم بند کی ہے جس کی پہلی قسط اکتوبر کے شمارے میں شامل کی گئی ہے۔

میلہ ہماری ثقافت اور روایات کا بنیادی جزو ہیں۔ ان میلوں نے نہ صرف ہماری ثقافت کو پروان چڑھایا ہے بلکہ باہمی میل جول میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان میلوں نے جہاں ہمارے مقامی کھیلوں کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کیا ہے وہیں ثقافتی رنگوں کو بھی لوگوں کے سامنے پیش کیا ہے۔اسی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے ریڈیو پاکستان ملتان نے دھوری اڈہ، ضلع لیّہ میں ایک خصوصی ریڈیو عید میلہ کا اہتمام کیا جس کے مہمانِ اعزازپنجاب کے پارلیمانی سیکرٹری برائے امور داخلہ مہر اعجاز احمد اچلانہ تھے جبکہ ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر پروگرامز خورشید احمد ملک نے خصوصی شرکت کی۔اس میلے کا احوال بھی اس شمارے کا حصہ ہے۔

”درہ گومل“ جنوبی وزیرستان ایجنسی میں واقع ہے یہ ایجنسی اپنے مخصوص جغرافیائی محل وقوع، بلندو بالا پہاڑی سلسلوں، سنگلاخ چٹانوں، گھنے جنگلوں، چشموں، آبی گزر گاہوں اور قدیم تجارتی راستوں کی وجہ سے منفرد اہمیت کا حامل علاقہ ہے ۔اس علاقے پر عطاءالاکبر بلوچ کا معلوماتی مضمون بھی آہنگ میں شامل ہے۔

آہنگ کے اس خصوصی شمارے کی نگران اعلٰی صبا محسن رضا، نگراں خورشید احمد ملک ہیں جبکہ محبوب سرور اور افشاں نگار مدیران ہیں۔ اس شمارے کی گرافکس اور ڈیزائننگ کے اُمور محمد حسین، افضال احمد اور محمد شفیق نے بڑی خوبصورتی سے انجام دئیے ہیں۔

شمارہ اکتوبر:۔ قیمت 200 روپے

ملنے کا پتہ :۔پاکستان براڈکاسٹنگ ہاﺅس، ایم اے جناح روڈ، کراچی

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

نجمہ حنیف

ہ حنیف براڈ کاسٹ جرنلسٹ ہیں اور ریڈیو پاکستان بہاولپور سے وابستہ ہیں۔

najma-hanif has 10 posts and counting.See all posts by najma-hanif

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments